سونے کی قیمت نے قائم کیا نیا ریکارڈ، ایک ہی دن میں قیمت میں 1650 روپے کا اضافہ، 10 گرام کی قیمت 98000 سے متجاوز
کوٹک سیکیورٹیز میں کموڈٹی ریسرچ کی اے وی پی کائنات چین والا نے ’ٹائمز آف انڈیا‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت کی جانب سے چین کی برآمدات کے لیے قوانین کو سخت کرنے کے بعد قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

سونے کی قیمت / آئی اے این ایس
راجدھانی دہلی میں بدھ (16 اپریل) کو سونے کی قیمت ایک ہی روز میں 1650 روپے سے بڑھ کر 98100 روپے فی گرام تک پہنچ گئی ہے۔ امریکہ اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی تجارتی جنگ کی وجہ سے ہی سونے کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ ہوا ہے۔ آل انڈیا صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق منگل کو 99.9 فیصد خالص سونے کی قیمت 96450 روپے پر بند ہوئی تھی۔ اسی درمیان 99.5 فیصد خالص سونے کی قیمت 96000 روپے سے بڑھ کر 97650 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
اس دوران چاندی کی قیمت بھی میں بھی اضافہ ہوا جو منگل کو 97500 روپے کے مقابلے 1900 روپے بڑھ کر 99400 فی کلوگرام پر پہنچ گئی۔ بین الاقوامی بازار میں سپاٹ گولڈ 3318 ڈالر فی اونس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ایشیائی بازاروں میں بھی تجارتی سیشن کے دوران سپاٹ سلور کی قیمت تقریباً 2 فیصد بڑھ کر 32.86 ڈالر فی اونس ہو گئی۔ نیویارک میں سونے کی فیوچر 3289.07 ڈالر فی اونس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
گھریلو بازار میں ملٹی کموڈٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) پر جون کی ڈیلیوری کے لیے سونے کی فیوچر کی قیمت 94781 فی گرام کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، اس کی اختتامی قیمت 94768 روپے تھی۔ اس میں 21211 لاٹ کے اوپن انٹرسٹ کے ساتھ اس کی قیمت 1317 روپے بڑھ گئی۔ اس اضافے کا سہرا امریکہ کو جاتا ہے جس نے چینی اشیاء کی درآمد پر ٹیرف بڑھا کر 245 فیصد کر دیا۔
کوٹک سیکیورٹیز میں کموڈٹی ریسرچ کی اے وی پی کائنات چین والا نے ’ٹائمز آف انڈیا‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت کی جانب سے چین کی برآمدات کے لیے قوانین کو سخت کرنے کے بعد قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ساتھ ہی ابانس فنانشل سروسز کے سی ای او چنتن مہتا اس اضافے کی وجہ امریکی ڈالر کی کمزوری قرار دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔