بی جے پی حامیوں نے کانگریس لیڈر کو اجتماعی عصمت دری کی دی دھمکی

گوا بی جے پی کے لیڈر سبھاش شروڈکر پر ریاستی مہیلا کانگریس کی سکریٹری دیا شیتکر نے سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے غنڈے فون کر اجتماعی عصمت دری کی دھمکی دے رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

گوا کی کانگریس لیڈر دیا شیتکر نے بی جے پی لیڈر سبھاش شروڈکر اور ان کے حامیوں پر سنگین الزام عائد کیا ہے۔ دیا شیتکر کا الزام ہے کہ بی جے پی لیڈر کے حامی نے انھیں دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے سبھاش شروڈکر کے خلاف مہم چلائی تو اس کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کا واقعہ انجام دیا جائے گا۔

دیا شیتکر نے کہا کہ ’’مجھے ایک نامعلوم نمبر سے فون آیا۔ فون پر مجھے شروڈکر کے انتخابی حلقہ میں نہ جانے اور ان کے خلاف تشہیر نہ کرنے کی دھمکی دی گئی۔ شروڈکر کے حامی اس قدر نیچے گر گئے ہیں کہ ایک خاتون کو ڈرانے کے لیے وہ اجتماعی عصمت دری کی دھمکی دے رہے ہیں۔‘‘

ریاستی مہیلا کانگریس کی سکریٹری دیا شیتکر مزید کہتی ہیں کہ ’’میں نے اس بارے میں پنیج پولس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔ میں پولس سے گزارش کرتی ہوں کہ وہ معاملے کو سنجیدگی سے لے اور اس کی جانچ کرے۔ اس جمہوری نظام میں خاتون کی عزت کی حفاظت ہونی چاہیے۔‘‘

دیا شیتکر کے بیان کی بنیاد پر پولس نے نامعلوم افراد کے خلاف معاملہ درج کر لیا ہے۔ دیا نے یہ بھی بتایا کہ انھوں نے اس سے پہلے بھی شروڈکر کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔ حالانکہ شروڈکر کی طرف سے اس معاملے پر ابھی تک کوئی بھی بیان نہیں آیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سبھاش شروڈکر سروڈا سے رکن اسمبلی ہیں اور گوا حکومت نے ھال ہی میں انھیں اکونومک ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کا سربراہ اور ڈائریکٹر بنایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Nov 2018, 5:09 PM