ہماچل میں جنگل کی آگ نے خوفناک شکل اختیار کی، اب تک 7 افراد ہلاک

ہماچل پردیش کے جنگلوں میں لگی زبردست آگ بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ اس آگ کی زد میں آ کر ایک ڈپٹی رینجر سمیت 7 لوگوں کی موت ہو گئی۔ اس کے علاوہ سینکڑوں ایکڑ جنگل خاکستر ہو گئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش کے جنگلوں میں لگی آگ لگاتار بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ ہماچل کی آگ اتنی خوفناک شکل اختیار کر چکی ہے کہ اس سے اب تک سات لوگوں کی جان چلی گئی۔ منگل کو چمبا میں آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ایک ڈپٹی رینجر کی بھی موت ہو گئی۔

ہندی اخبار ’امر اجالا‘ میں شائع خبر کے مطابق منگل کو چمبا، کانگڑا، کُلّو اور منڈی میں آگ بجھاتے ڈپٹی رینجر سمیت چار لوگوں کی جلنے سے موت ہو گئی۔ اس سے پہلے پیر کے روز بھی دو لوگوں کی جان چلی گئی تھی۔ اسی کے ساتھ اس موسم میں جنگل کی آگ سے مرنے والوں کی تعداد 7 پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ کروڑوں کی جنگلاتی املاک خاک میں مل گئی اور سینکڑوں جانوروں و پرندوں کی بھی موت واقع ہو گئی۔ اس کے باوجود آگ پر قابو پانے کے لیے ابھی تک کوئی کارگر اور سائنسی طریقے استعمال نہیں کیے جا رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق منگل کی شام چمبا علاقے میں آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف پکھری باشندہ ڈپٹی رینجر اشوک کمار کا پیر پھسل گیا اور وہ دہدہکتی آگ میں جا گرے۔ انھیں بچایا جاتا اس سے پہلے ہی وہ بری طرح جھلس چکے تھے، انھوں نے موقع پر ہی دَم توڑ دیا۔ ڈلہوزی کے ڈپٹی فوریسٹ افسر راکیش کٹوچ نے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔

اِدھر ہماچل پردیش کی بی جے پی حکومت نے آگ پر قابو پانے کے لیے ہیلی کاپٹر کی خدمات لینے کے بارے میں فی الحال کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔ اس کے علاوہ ضلع کانگڑا کے سنسار پور ٹیریس کی گورال دھار پنچایت کے گاؤں پٹی کے جنگل میں لگی آگ میں ستیندر سنگھ نام کا 24 سالہ نوجوان زندہ جل گیا جب کہ ایک دیگر نوجوان سریندر کمار بری طرح سے جھلس گیا۔ دوہرا کے ڈی ایس پی لالمن شرما نے اس حادثے کی تصدیق کی ہے۔ علاوہ ازیں جوگیندر نگر سب ڈویژن کی کھڑیہار پنچایت میں بھی منگل کی دوپہر جھاڑیوں میں لگی آگ کی لپٹوں میں جھلسنے سے ضعیف خاتون روشنی دیوی کی موت ہو گئی۔ اس کے علاوہ ایک دیگر خاتون نے اسپتال میں دَم توڑ دیا۔

اُدھر کینٹ علاقے سے ملحق جنگلوں میں بھی منگل کو آگ لگ گئی۔ خبر ہے کہ شری نینا علاقہ کے کنپھارا گاؤں میں آگ لگنے سے آم کا ایک باغیچہ اس کی زد میں آ گیا اور کم از کم 600 درخت راکھ ہو گئے۔ یہیں تعمیر شدہ ایک گئوشالہ بھی آگ کی نذر ہو گئی۔

جھارکھنڈ کے گڑھوال حلقہ میں بھی زبردست گرمی کے سبب جنگلوں میں لگ رہی آگ نے خوفناک شکل اختیار کر لی ہے۔ منگل کی شام اُتر کاشی کے موری بلاک میں آگ میں جل کر تین بچوں کی موت ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق موری بلاک کے دور دراز گاؤں بھنکواڑ کے جنگل میں لگی آگ سے گرے درخت کی زد میں آنے سے تینوں بچوں کی موت ہوئی اور ایک بچہ سنگین طور پر زخمی ہو گیا۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ منگل کی شام گاؤں سے تقریباً تین کلو میٹر دور تیز ہوا کے درمیان جنگل کی آگ سے جلتا چیڑ کا درخت گوجروں کے ڈیرے پر جا گرا۔ ڈیرے میں موجود بڑے لوگوں نے تو کسی طرح بھاگ کر جان بچائی لیکن بچے ڈیرے میں ہی پھنس گئے۔ جلتے درخت سے ڈیرے نے بھی آگ پکڑ لی۔ گاؤں والوں نے کافی مشقت کے بعد ڈیرے میں دَبے بچوں کو باہر نکالا، لیکن تب تک تین بچوں کی موت ہو چکی تھی جب کہ ایک سنگین طور پر جھلس گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔