کشمیری عازمین حج کی مدینہ منورہ کے لئے روانگی شروع

دہلی سمیت ملک کی دیگر ریاستوں کے ساتھ فریضہ حج کے لئے کشمیری عازمین کی مدینہ منورہ کے لئے روانگی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ آج (ہفتہ) مدینہ منورہ روانہ ہونے والے پہلے قافلے میں 820 عازمین شامل ہیں۔

(یو ا ین آئی)
(یو ا ین آئی)
user

یو این آئی

جموں وکشمیر سے امسال 10 ہزار 183 عازمین سفرحج پر روانہ ہو رہے ہیں جن میں کشمیر سے 8 ہزار 419 ، جموں کے 1 ہزار 639 اور صوبہ لداخ سے 125عازمین شامل ہیں۔ عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ 25جولائی 2018تک جاری رہے گا۔عازمین کی تمام پروازیں سری نگر سے مدینہ منورہ جائیں گی۔

ضلع مجسٹریٹ سری نگر سید عابد رشید شاہ نے کہا کہ عازمین حج کی مدینہ منورہ روانگی کے لئے ہر روز ایئر انڈیا کی چار پروازیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا ’’ ہم نے حج ہاوس سری نگر سے عازمین کے پہلے قافلے کو روانہ کیا ہے۔ قریب 800 عازمین حج آج روانہ ہوجائیں گے۔ عازمین کی سہولیت کے لئے ہر ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔‘‘ حج ہاؤس سری نگر سے ایرپورٹ کی طرف روانہ ہونے والے عازمین حج کو ان کے عزیز واقارب کی ایک بڑی تعداد رخصت کرنے آئی تھی۔

مدینہ منورہ کی روانگی کے موقع پر بیشتر عازمین جذباتی اور آبدیدہ نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اللہ کے گھر ’خانہ کعبہ‘ میں وادی میں امن وامان کی بحالی، خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کریں گے۔

عازمین نے حج ہاؤس سری نگر میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’’ہم بے حد خوش ہیں کہ ہم حج کی سعادت حاصل کرنے کے لئے مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہورہے ہیں۔ ‘‘

حج بیت اللہ کے سفر پر جانے والے ایک شخص نے کہا ’’مجھ میں گھبراہٹ بھی ہے اور خوشی بھی ہے۔ گھبراہٹ اس وقت پیدا ہوتی ہے جب یہ سوچتا ہوں کہ میں کہاں جارہا ہوں۔ میں خوش اس لئے ہوں کہ ایک طویل عرصے کے بعد میرا یہ خواب پورا ہوا ہے۔ طویل انتظار کے بعد اللہ تعالیٰ نے مجھے یہ موقع فراہم کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ میرا اور میرے ساتھیوں کا حج قبول فرمائے۔‘‘

عازمین کے ایک گروپ نے کہا ’’ہم وہاں اللہ تعالیٰ سے دعا کریں گے کہ وہ کشمیری قوم کو اپنی رحمتوں سے نوازیں کیونکہ کشمیریوں کا واحد سہارا اللہ تعالیٰ ہی ہے۔ ہم بے حد خوش ہیں کہ ہم پاک سرزمین پر قدم رکھنے جارہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا ’یہ ایک عظیم سفر ہے، وادی میں گذشتہ کئی دہائیوں سے حالات خراب ہیں۔ ہم اللہ کے گھر میں کشمیر کے لئے خصوصی دعائیں کریں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔