ائیر اسٹرائیک: پائلٹوں کے خلاف پاکستان میں ایف آئی آر درج، وجہ جان کر ہو جائیں گے حیران

پاکستانی چینل ’ایکسپریس نیوز‘ کے مطابق محکمہ جنگلات نے اپنے ایف آئی آر میں بتایا ہے کہ ہندوستانی فضائیہ کے ذریعہ کی گئی کارروائی میں 19 درختوں کو نقصان پہنچا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پاکستان نے ہندوستانی فضائیہ کے نامعلوم پائلٹوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ پاکستان کے محکمہ جنگلات نے بالاکوٹ میں جنگل کو نقصان پہنچانے کے معاملے میں پائلٹوں کے خلاف یہ ایف آئی آر جمعہ کو درج کرائی۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی فضائیہ نے ائیر اسٹرائیک کا قدم اٹھا کر وہاں کے ماحولیات کو نقصان پہنچایا ہے۔

پاکستانی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ جنگلات نے اپنی ایف آئی آر میں بتایا ہے کہ ہندوستانی فضائیہ کے ذریعہ کی گئی کارروائی میں 19 درختوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اس سے قبل یہ بھی خبریں آئی تھیں کہ پاکستان جنگل کو نقصان پہنچانے کے الزام میں ہندوستان کے خلاف اقوام متحدہ میں شکایت کرنے والا ہے۔ پاکستان نے ہندوستان کی کارروائی کو ’ایکو-ٹیررزم‘ بتایا۔ پاکستان حکومت میں وزیر ملک امین اسلم نے کہا کہ ہندوستانی پائلٹوں نے فاریسٹ ریزرو پر بمباری کی۔ ہندوستان نے ائیر اسٹرائیک کر کےپاکستان کے جنگل کو نقصان پہنچایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے قرارداد 37/47 کے مطابق کسی فوجی کارروائی میں ماحولیات کی تباہی ہوتی ہے تو یہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ایسے میں اس کی شکایت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ہندوستانی فضائیہ نے 26 فروری کو پاکستان کے بالاکوٹ واقع دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے ٹھکانوں پر ائیر اسٹرائیک کی تھی۔ یہ کارروائی جموں و کشمیر میں سی آر پی ایف کے قافلے پر ہوئے خود کش حملے کے جواب میں کیا گیا تھا۔ جموں و کشمیر کے پلوامہ میں جیش محمد کے دہشت گردوں نے خودکش حملہ کیا تھا جس میں سی آر پی ایف کے 40 جوان شہید ہو گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔