بالآخر یوگی سرکار نے ٹھاکر صاحب کو مہلت دے ہی دی

سوشل میڈیا پر یوگی حکومت کی سخت تنقید ہو رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ آقا سے لے کر غلام اور مجرم تک سب ہی ٹھاکر ہیں اس لیے انصاف کو درکنار کیا جا رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے کلدیپ سینگر اور ان کے ساتھیوں پر عصمت دری کا الزام عائد کیا گیا ہے اور اس شکایت پر یوگی سرکار نے اقدام کے نام پر فی الحال یہ کیا ہے کہ رکن اسمبلی کے بھائی اتل کمار سینگر اور کچھ دیگر افراد کو گرفتار کیا ہے۔ بی جے پی ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر نے وزیر اعلی یوگی کو اپنے بے قصور ہونے کی صفائی دی اور پھر سرکار نے سردست ایس آئی ٹی یعنی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل دے کر معاملہ کو ٹھنڈے بستے میں ڈال دیا ہے۔

ادھر سوشل میڈیا پر یوگی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیا جا رہا ہے اور متعدد وٹس اپ گروپس میں کہا جا رہا ہے کہ چونکہ آقا سے لے کر غلام اور مجرم تک سب ہی ٹھاکر ہیں اس لئے انصاف کو درکنار کیا جا رہا ہے۔

خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی طرف سےمعاملے کی تحقیقات کی جائے گی۔ اے ڈی جی قانونی نظام آنند کمار نے عصمت دری متاثرہ کے والد کی جیل میں ہوئی مشتبہ موت سمیت پورے معاملے کی جانچ ایس آئی ٹی سے کرانے کا بھروسہ دلایا ہے۔اس دوران، مقتول کی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی آئی ہے۔ جس میں موت کی وجہ آنت میں سوراخ ہونے اور اس کی وجہ سے اضافی خون بہہ جانے کے سبب بتائی جا رہی ہے۔

اناؤ عصمت دری کیس میں کارروائی کرتے ہوئے، پولس نے بی جے پی کے ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر کے بھائی سمیت چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔ لیکن متاثرہ کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں بی جے پی ایم ایل اے کی گرفتاری بلا تاخیر ہو اور سخت سے سخت سزا دی جائے ۔کیونکہ انہوں نے والد کا قتل بھی کیا ہے اور سرکار و پولس لیپا پوتی میں مصروف ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ متاثرہ کے گھر والے سی بی آئی سے تحقیقات سے کم کسی جانچ پر راضی نہیں ہیں۔حالانکہ سیاسی و سماجی حرارت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے لیکن بقول اپوزیشن لیڈر ’’یوگی سرکار بے حس اور بے غیرتی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔پولس اپنے کردار کو چھپانے کے لئے ایس آئی ٹی کی جانچ کا اعلان کر رہی ہے۔‘‘

عصمت دری متاثرہ کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے ایم ایل اے کلدپ سینگر اور اس کے ساتھی گروپ میں آئے تھے۔ انہوں نے بی جے پی ایم ایل اے کی مخالفت کی تو خاندان کے ارکان کو قتل کرنے کی دھمکی دی گئی اور جب وہ پولس اسٹیشن شکایت لے کر گئی تو ایف آر نہیں لکھی گئی، الٹے والد کو گرفتار کیا گیا اور جن کی جیل میں موت بھی ہو گئی۔

ادھر پولس نے اپنے روایتی جملوں کا سہارا لیتے ہوئے کہا کہ ایس آئی ٹی کی ٹیم پورے معاملے کی گہرائی سے تحقیقات کرے گی اور جو بھی قصوروار ہوگا اس کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔پولس کے اعلی حاکم آنند کمار نے بتایا کہ پولس نے متاثرہ کے والد کی گرفتاری کے بعد طبی جانچ کرائی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ پولس اسٹیشن میں وہ نہیں مارا گیا تھا۔یوگی کی پولس پر عام شہری انگلیاں اٹھا رہے ہیں مگر خود سرکار میں اس واقعہ کے تعلق سے لیپا پوتی اور گمراہی کا ماحول ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔