پنجاب: ناراض کسانوں نے وزیر اعظم کو دکھایا کالا جھنڈا

پنجاب کے ملوٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کو اس وقت مخالفت کا سامنا کرنا پڑا جب کسانوں نے انھیں کالا جھنڈا دکھانا شروع کر دیا۔ احتجاج کرنے والے کچھ کسانوں کو پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پنجاب کے ملوٹ میں شرومنی اکالی دل کے ذریعہ منعقد ’دھنیہ واد ریلی‘ میں شامل ہونے گئے وزیر اعظم نریندر مودی کا مختلف تنظیموں سے جڑے کسانوں کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیر اعظم مودی کے دورے کی مخالفت کرتے ہوئے کسانوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور کالے جھنڈے بھی لہرائے۔ حالانکہ پنجاب پولس نے وزیر اعظم کی تقریب کے مقام سے کچھ دوری پر ہی مظاہرین کسانوں کو روک دیا اور کچھ کو حراست میں بھی لے لیا، لیکن کالا جھنڈا دکھائے جانے سے کسانوں کی ناراضگی کھل کر سامنے آ گئی۔

’دھنیہ واد ریلی‘ کو خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی حکومت کے ذریعہ کیے گئے کاموں کا گن گان کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہماری حکومت نے فصلوں کی قیمت لاگت سے ڈیڑھ گنا ایم ایس پی کرنے کا تاریخی فیصلہ لیا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ یہ ریلی مودی حکومت کے ذریعہ ’دھان کے ایم ایس پی میں اب تک کی سب سے بڑے اضافہ‘ کے بعد منعقد کیا گیا تھا۔

پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے مرکزی حکومت کے ذریعہ ایم ایس پی میں اضافہ کو سرے سے خارج کر دیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ یہ حکومت کا چہرہ صاف کرنے کے لیے کاسمیٹک سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔ امرندر سنگھ نے اس کے ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ یہ کسان طبقہ کے اہم مسائل کا حل نہیں نکالتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔