کسان تحریک: مودی حکومت سے ناراض دو کسان بھوک ہڑتال پر بیٹھے، منھ پر باندھ لی پٹی

غازی پور بارڈر پر مظاہرہ کرتے کسان/ تصویر آئی اے این ایس
غازی پور بارڈر پر مظاہرہ کرتے کسان/ تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

09 Dec 2020, 9:54 PM

مودی حکومت سے ناراض دو کسان بھوک ہڑتال پر بیٹھے، منھ پر باندھ لی پٹی

زرعی قوانین کو رد کرنے کے لیے کسانوں کی تحریک نے زور پکڑ لیا ہے۔ مودی حکومت قوانین واپس لینے کے لیے تیار نہیں ہے، اور کسانوں نے بھی کہہ دیا ہے کہ وہ اپنی تحریک تبھی ختم کریں گے جب حکومت ان کے مطالبات مان لے گی۔ اس درمیان غازی پور بارڈر پر بدھ کے روز کسانوں نے حکوتم کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور خورجہ سے آئے ایک بزرگ کسان نے تو بھوک ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ حالانکہ مظاہرین نے انھیں سمجھایا کہ بھوک ہڑتال کرنے کی ضرورت نہیں ہے، لیکن خورجہ سے ہی آئے ایک دیگر کسان نے بھی بھوک ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہہ دیا کہ جب تک مودی حکومت زرعی قوانین واپس نہیں لیتی، اس وقت تک بھوک ہڑتال جاری رہے گا۔

09 Dec 2020, 9:07 PM

کسانوں نے 14 دسمبر کو پورے ملک میں مظاہرہ کا کیا اعلان

زرعی قوانین کے خلاف کسانوں نے اپنی تحریک کو تیز کر دیا ہے۔ آج شام کسان لیڈروں نے میٹنگ کے بعد ایک طرف تو مودی حکومت کے ڈرافٹ کو مسترد کر دیا، اور دوسری طرف 14 دسمبر کو زرعی قوانین کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا بھی اعلان کر دیا۔ کسانوں نے دہلی کی سرحدوں پر جاری مظاہرہ کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ سڑکوں کو رخنہ انداز کرنے کے عزم کا بھی اظہار میڈیا کے سامنے کیا ہے۔

09 Dec 2020, 7:49 PM

مودی حکومت کی تجویز ٹھکرانے کے بعد کسانوں نے ’جیو‘ کے بائیکاٹ کا کیا اعلان

ایک طرف تو کسان لیڈروں نے میٹنگ کر کے مودی حکومت کے ذریعہ پیش کردہ تجویز کو ٹھکرا دیا ہے، اور ساتھ ہی ’جیو‘ کے بائیکاٹ کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق کسانوں نے ’جیو‘ مصنوعات، بشمول فون اور سِم کارڈ، استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ سرکاری مصنوعات کو فروغ دینے کی طرف قدم بڑھایا جائے گا۔


09 Dec 2020, 7:05 PM

زرعی قوانین کی واپسی تک نہ کسان ہٹے گا، نہ ڈرے گا: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کسانوں کی جاری تحریک کو حمایت جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’جب تک مودی حکومت سیاہ زرعی قوانین کو واپس نہیں لیتی، ہم سب کسانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘ انھوں نے ساتھ ہی کہا کہ ’’جب تک قانون واپس نہیں ہو جاتے تب تک کسان نہ ہٹے گا، نہ ڈرے گا۔‘‘ راہل گاندھی نے مودی حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’حکومت کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے۔ کسان سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ میں کسانوں سے کہہ رہا ہوں کہ اگر آپ آج نہیں کھڑے ہوئے تو پھر آپ کبھی نہیں کھڑے ہو پاؤ گے اور ہم سب آپ کے ساتھ ہیں، آپ بالکل گھبرائیے مت۔ آپ کو کوئی پیچھے نہیں ہلا سکتا۔‘‘

09 Dec 2020, 5:52 PM

صدر جمہوریہ سے ملاقات کے بعد راہل گاندھی نے کہا ’سیاہ قانون واپس لینا ضروری‘

پانچ اپوزیشن لیڈروں پر مشتمل نمائندہ وفد نے آج صدر جمہوریہ سے ملاقات کی اور متنازعہ زرعی قوانین سے متعلق اپنی بات ان کے سامنے رکھی۔ صدر جمہوریہ سے ملاقات کے بعد اس وفد میں شامل کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے میڈیا کو بتایا کہ زرعی قوانین نقصان دہ ہے اس لیے اس سیاہ قانون کو واپس لینا ضروری ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ کسانوں کو حکومت پر بھروسہ نہیں ہے اور اسی لیے وہ مظاہرہ کر رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ اس نمائندہ وفد میں راہل گاندھی کے علاوہ سیتا رام یچوری، شرد پوار، ڈی راجہ اور ایلنگوان شامل تھے۔


09 Dec 2020, 5:03 PM

صدر سے ملاقات کے لئے راشٹرپتی بھون پہنچا اپوزیشن لیڈران کا وفد

زرعی قوانین کی مخالفت میں چل رہی کسان تحریک کے درمیان اپوزیشن لیڈران کا ایک وفد صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کے لئے راشٹرپتی بھون پہنچا ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی، این سی پی سربراہ شرد پوار سمیت حزب اختلاف کے پانچ لیڈران صدر سے ملاقات کرنے جا رہے ہیں۔

وفد میں شامل سیتارام یچوری کا کہنا ہے کہ وفد صدر کووند کو آگاہ کرے گا کہ کسان مخالف بلوں کو منظور کر کے جمہوری اقدار کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ نیز وفد صدر کو اس بات سے بھی آگاہ کرے گا کہ 14 دنوں سے کسان سردی کے موسم میں احتجاج کر رہے ہیں اور حکومت ان کے مطالبات پر غور نہیں کر رہی۔

09 Dec 2020, 4:24 PM

حکومت قوانین میں ترمیم کی بات کرے گی تو ہم مذاکرات نہیں کریں گے، کسان لیڈر

زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک اور حکومت سے ان کی مذاکرات تعطل کا شکار ہوتی نظر آ رہی ہے۔ کیونکہ حکومت ان قوانین میں ترمیم کا تو عندیہ دے رہی ہے لیکن منسوخی پر کسی قیمت تیار نظر نہیں آر ہی ہے۔ ادھر کسان بھی اپنے مطالبات پر ڈٹے ہوئے اور ان کا کہنا ہے کہ انہیں قوانین کی منسوخی کے علاوہ اور کچھ بھی منظور نہیں ہے۔

سنگھو بارڈر پر موجود کسان سنگھرش سمیتی کے عہدیدار کنول جیت سنگھ پنو نے کہا، ’’تمام تینوں قوانین کی منسوخی ناگزیر ہے۔ یہی ہمارا مطالبہ ہے۔ اگر حکومت صرف ترمیم کی بات کرے گی تو ہم مذاکرت کو مسترد کر دیں گے۔‘‘


09 Dec 2020, 1:52 PM

کسان رہنما ٹکیٹ نے کہا، زرعی قانون کے منسوخ ہونے تک کسان واپس نہیں جائیں گے

بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان راکیش ٹکیت نے کہا کہ "کسان واپس نہیں جائیں گے، اب کسان کی عزت نفس کا سوال ہے۔ اگر حکومت اس قانون کو واپس نہیں لیتی ہے تو یہ تانا شاہی ہوگی۔ اگر حکومت بضد ہے تو کسان بھی اپنی ڈٹے ہوئے ہیں۔ کیونکہ یہ پورے ملک کے کسانوں کا سوال ہے۔ "

09 Dec 2020, 12:54 PM

حکومت نے پیش کیں تحریری تجاویز، زرعی قوانین میں ترمیم کا وعدہ، کسان منسوخی پر بضد

زرعی قوانین کے خلاف تحریک چلا رہے کسانوں اور حکومت کے مابین چل رہے تعطل کے درمیان حکومت نے کسانوں کو تحریری طور پر تجاویش پیش کر کے زرعی قوانین میں ترمیم کا وعدہ کیا تاہم کسان ان قوانین کی منسوخی کے مطالبہ پر قائم ہیں۔

کسانوں نے حکومت سے چھٹے دور کی میٹنگ سے قبل تحریری تجاویز طلب کی تھیں۔ حکومت کی طرف سے تجاویز پیش کئے جانے کے بعد اب سنگھو بارڈر پر کسانوں کی میٹنگ ہوگی۔ اس میٹنگ میں آگے کی حکمت عملی پر فیصلہ لیا جائے گا۔


09 Dec 2020, 11:43 AM

وزیر اعظم کی قیادت میں کابینہ کا اجلاس، کسانوں پر بات چیت متوقع

کسان تحریک کے درمیان وزیر اعظم مودی کی قیادت میں کابینہ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ کسانوں کی شدید ہوتی تحریک کے سبب اس اجلاس کو کافی اہم مانا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں زرعی قوانین پر تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔

ادھر، حکومت سے بات چیت سے قبل کسان آج اپنے مطالبات پر ایک تحریریری مسودہ پیش کرنے والے ہیں۔ حکومت نے تجویزات پیش کرنے کے لئے کسانوں کو 11 بجے تک کا وقت دیا تھا۔

09 Dec 2020, 10:56 AM

حزب اختلاف کی جماعتوں کا وفد آج صدر سے ملاقات کرے گا

کسان تحریک کے حوالہ سے راہل گاندھی سمیت حزب اختلاف کی پانچ جماعتوں کے لیڈران آج شام صدر ہند رام ناتھ کووند سے ملاقات کریں گے۔ صدر سے ملنے کے لئے جانے والے لیڈران میں این سی پی کے سربراہ شرد پوار، کانگریس لیڈر راہل گاندھی، سی پی ایم لیڈر سیتارام یچوری، سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ڈی راجا اور ڈی ایم کے لیڈر ٹی آر بالو شامل ہیں۔


09 Dec 2020, 10:07 AM

پنجاب اور ہریانہ کے کسانوں کی صبح 11 بجے میٹنگ

آج صبح 11 بجے ٹیکری بارڈر پر ہریانہ اور پنجاب کے کسان تنظیموں کے لیڈران اہم میٹنگ کرنے جا رہےہیں۔ اطلاع ہے کہ میٹنگ میں ہریانہ کی ان کسان تنظیموں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جنہوں نے حکومت سے ملاقات کر کے زرعی قوانین کے لئے اظہار تشکر کیا تھا۔ اس کے بعد یہ کسان لیڈران دوپہر ایک بجے پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

09 Dec 2020, 8:06 AM

حکومت قانون واپس لینے کو تیار نہیں، آج بھیجے گی سجھاؤ

بھارت بند کی زبردست کامیابی کے بعد وزیر داخلہ امت شاہ نے احتجاج کر رہے کسان رہنماؤں کو بات چیت کے لئے بلایا تھا اور اس ملاقات کے نتائج سے صاف ظاہر ہے کہ حکومت قانون واپس لینے کوتیار نہیں ہے۔ بات چیت کےبعد یہ بتایا گیاکہ آج ہونے والی مجوزہ بات چیت اب نہیں ہوگی اور حکومت کسانوں کو ایک تحریری قرارداد پیش کرے گی جس پر کسان تنظیمیں غور کر نے کے بعد حکومت کو اپنی مرضی سے آگاہ کر سکتی ہیں۔ ادھر کسان تنظیمیں مستقل کہتی آ رہی ہیں کہ ان کو ان قوانین کو ختم کرنے سے کم کچھ قبول نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔