مشہور طبلہ نواز استاد ذاکر حسین کی طبیعت ناساز، سان فرانسسکو کے اسپتال میں آئی سی یو میں داخل
استاد ذاکر حسین کی طبیعت خراب ہونے پر سان فرانسسکو کے اسپتال میں داخل کرایا گیا، وہ آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ بانسری نواز راکیش چورسیا نے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی

استاد ذاکر حسین / Getty Images
معروف طبلہ نواز استاد ذاکر حسین کو دل کی تکلیف کے باعث سان فرانسسکو کے ایک اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان کی طبیعت کے بارے میں ان کے دوست اور بانسری نواز راکیش چورسیا نے بتایا کہ ’’وہ بیمار ہیں اور فی الحال آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ ہم سب ان کی صحت کے لیے دعاگو ہیں۔‘‘
استاد ذاکر حسین کے قریبی ذرائع کے مطابق، 73 سالہ ذاکر حسین کو بلڈ پریشر کا مسئلہ لاحق تھا، اور ایک ہفتہ قبل انہیں دل کی تکلیف کی وجہ سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ ذاکر حسین کے والد استاد اللہ رکھا بھی ایک مشہور طبلہ نواز تھے۔
استاد ذاکر حسین 1951 میں مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں پیدا ہوئے۔ ان کا شمار دنیا کے عظیم طبلہ نوازوں میں ہوتا ہے۔ حکومت ہند نے انہیں پدم شری، پدم بھوشن اور پدم وِبھوشن جیسے اعلیٰ اعزازات سے نوازا۔ 1999 میں انہیں ’یو ایس نیشنل انڈومنٹ فار دی آرٹس‘ کی جانب سے نیشنل ہیریٹیج فیلوشپ سے بھی نوازا گیا، جس کے بعد انہیں ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کا عالمی سفیر تسلیم کیا گیا۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ استاد ذاکر حسین پہلے ہندوستانی موسیقار تھے جنہیں سابق امریکی صدر براک اوباما نے وائٹ ہاؤس میں ’آل-اسٹار گلوبل کنسرٹ‘ میں شرکت کے لیے مدعو کیا۔ اگر ان کے ابتدائی کیریئر کی بات کی جائے تو ذاکر حسین نے صرف 3 سال کی عمر میں موسیقی کی تربیت لینا شروع کی اور 7 سال کی عمر میں پہلی بار پرفارم کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔