نوبل انعام لیتے وقت ’ہندوستانی لباس‘ میں نظر آئے ماہر معیشت ابھجیت بنرجی

ہند نژاد ابھجیت بنرجی نے 10 دسمبر کو نوبل انعام ایک تقریب کے دوران جب لیا تو وہ ہندوستانی لباس زیب تن کیے ہوئے تھے۔ ان کے ساتھ بیوی ایسٹر ڈفلو اور ان کے معاون مائیکل کریمر کو بھی اس اعزاز سے نوازا گیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی نژاد ماہر معیشت ابھجیت بنرجی نے سویڈن کے اسٹاک ہوم کنسرٹل ہال میں نوبل انعام ایک پروقار تقریب میں حاصل کیا۔ ابھجیت بنرجی کو سال 2019 کے لیے معیشت کا نوبل انعام دیا گیا ہے۔ انھیں یہ انعام فرانس کی ایستھر ڈفلو (ابھجیت بنرجی کی بیوی) اور امریکہ کے مائیکل کریمر کے ساتھ مشترکہ طور پر دیا گیا۔ اس انعام کے لیے تین فاتحین کے درمیان 9 ملوین سویڈش کرونا (تقریباً 6.5 کروڑ روپے) کا پرس دیا گیا ہے۔ قابل غور ہے کہ ابھجیت بنرجی نے ’عالمی غریبی کو کم کرنے کے لیے ایک تجرباتی نظریہ‘ کی دریافت کی تھی۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ تقریب میں ابھجیت بنرجی بند گلے والا کوٹ اور دھوتی پہنے نظر آئے جو کہ ایک ہندوستانی لباس ہے۔ اس لباس میں وہ بہت پرکشش نظر آ رہے تھے۔ دلچسپ یہ بھی ہے کہ ان کی بیوی ایسٹر ڈفلو نے انعام لیتے ہوئے نیلے رنگ کی ساڑی پہن رکھی تھی۔ شوہر-بیوی اس ہندوستانی لباس میں پوری تقریب کے دوران بالکل الگ نظر آ رہے تھے اور ان کا یہ انداز لوگوں کو بھی کافی پسند آیا۔

واضح رہے کہ ابھجیت بنرجی کی پیدائش 21 فروری 1961 کوممبئی میں ہوئی تھی۔ ان کی ماں کا نام نرملا بنرجی اور والد کا نام دیپک بنرجی ہے۔ ان کی ماں سنٹر فار اسٹڈیز ان سوشل سائنسز میں اقتصادیات کی پروفیسر رہ چکی ہیں۔ ابھجیت بنرجی نے کلکتہ یونیورسٹی اور جواہر لال نہرو یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ۔ کلکتہ یونیورسٹی سے 1981میں بی ایس سی کی ڈگری لینے کے بعد بنرجی نے 1983میں دہلی کی جواہر لعل نہرویونیورسٹی سے ایم اے کی تعلیم مکمل کی ۔ 1988 میں انھوں نے ہارورڈ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔


ابھجیت بنرجی کی ایم آئی ٹی کی لکچرار ڈاکٹر اروندھتی تلی بنرجی سے شادی ہوئی تھی۔ حالانکہ بعد میں ان کا طلاق ہو گیا۔ اس کے بعد انھوں نے 2015 میں ماہر اقتصادیات ایستھر ڈُفلو کے ساتھ شادی کی۔ ابھجیت نے 2003 میں ایستھر اور سیندھل ملائناتھن کے ساتھ مل کر عبداللطیف جمیل پاورٹی ایکشن لیب قائم کیا۔

ابھجیت بیورو فار دی ریسرچ ان دی اکونومک اینالیسس آف ڈیولپمنٹ کے سابق صدر، امریکی اکیڈمی آف آرٹس اینڈ سائنسز اور دی اکونومک سوسائٹی کے ریسرچ ایسو سی ایٹ رہ چکے ہیں۔ بنرجی انفوسس پرائز بھی جیت چکے ہیں اور ’پوور اکونومکس‘ سمیت چار کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔ انھوں نے دو ڈاکیومنٹری فلموں کی ہدایت بھی کی ہے۔ ابھجیت یو این او کے ذریعہ 2015 کے بعد کے ترقیاتی ایجنڈا کے لیے بنائے گئے سرفہرست لوگوں کے اعلیٰ سطحی پینل کے سکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔