ڈاکٹر کفیل بیمار بچوں سے ملنے اسپتال پہنچے تو پولس نے نکال باہر کیا

بہرائچ ضلع اسپتال میں گذشتہ کئی دنوں سے کافی تعداد میں بچے وبائی بیماری کی وجہ سے موت کے منھ میں جا چکے ہیں۔ ڈاکٹر کفیل یہاں اسی معاملے کو لے کر شام چار بجے پریس کانفرنس کرنے جا رہے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بہرائچ: اتر پردیش کے ضلع بہرائچ کے ضلع اسپتال میں بیمار بچوں کو دیکھنے اسپتال پہنچے گورکھپور میڈیکل کالج سے برخواست ڈاکٹر کفیل کو پولس نے بچوں سے نہیں ملنے دیا اور ان کو باہر نکال دیا۔ گورکھپور میں بابا راگھو داس میڈیکل کالج میں گذشتہ سال آکسیجن کی کمی کی وجہ سے بچوں کی موت کے معاملے میں سرخیوں میں آئے ڈاکٹر کفیل ہفتہ کے روز بہرائچ میں وائرل بیماریوں کے شکار بچوں کو دیکھنے ضلع اسپتال پہنچے تھے۔ لیکن اسپتال انتظامیہ نے انہیں بیمار بچوں سے ملاقات کی اجازت نہیں دی۔

اس درمیان پولس کو ڈاکٹر کفیل کے اسپتال پہنچنے کی اطلاع ملی اور وہ فوراً اسپتال پہنچ گئے۔ سیکورٹی فورسیز کے اہلکار ڈاکٹر کفیل کو اپنے ساتھ لے کر اسپتال سے باہر چلے گئے اور انھیں بچوں سے ملنے سے منع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ضلع اسپتال میں گذشتہ کئی دنوں سے کافی تعداد میں بچے وبائی بیماری کی وجہ سے موت کے منھ میں جا چکے ہیں۔ ڈاکٹر کفیل یہاں اسی معاملے کو لے کر شام چار بجے پریس کانفرنس کرنے جا رہے تھے، لیکن اس سے پہلے ہی پولس نے انہیں اپنی حراست میں لے لیا۔ جب پولس انتظامیہ سے اس سلسلے میں ان کا رد عمل جاننے کی کوشش کی گئی تو کوئی بھی کچھ بھی بولنے کے لیے تیار نظر نہیں آیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 22 Sep 2018, 5:27 PM