ڈاکٹرعزادار حسین ’فخرہند‘ ایوارڈ سے سرفراز

فارما سیوٹیکل شعبے میں منفرد مقام رکھنے والی سن فارما کے اعلیٰ عہدے پر فائز ہونے کے باوجود ڈاکٹرعزادار حسین ہمہ وقت کمپنی کی ذمہ داریوں کے ساتھ فلاح عامہ کے لئے بھی سرگرم رہتے ہیں۔

جھارکھنڈکے سابق گورنرسیدسبط رضی سن فارماکے سینئرنائب صدر ڈاکٹرعزادارحسین خان (دائیں) کو ’فخرہند‘ ایوارڈ سے نوازتے ہوئے: تصویر نواب اختر
جھارکھنڈکے سابق گورنرسیدسبط رضی سن فارماکے سینئرنائب صدر ڈاکٹرعزادارحسین خان (دائیں) کو ’فخرہند‘ ایوارڈ سے نوازتے ہوئے: تصویر نواب اختر
user

نواب علی اختر

نئی دہلی: دنیا کی مشہور ہندوستانی دوا ساز کمپنی ’سن فارما‘ کے سینئر نائب صدر ڈاکٹرعزادارحسین خان کے جذبہ خدمت انسانی کو سلام کرتے ہوئے یہاں سماج کی عظیم شخصیات نے ایک بار پھر انہیں اعزاز سے نوازا ہے۔

ملک کے 70ویں یوم جمہوریہ کے مبارک موقع پر انڈین ہیریٹیج اینڈ ہیلتھ کیئرسینٹر کی جانب سے انڈیا انٹرنیشنل سینٹر کے آڈیٹوریم میں منعقدہ ’جشن بھارت‘ میں مہمان خصوصی جھارکھنڈ کے سابق گورنر سید سبط رضی نے ڈاکٹرعزادار حسین خان کو ’فخرہند‘ ایوارڈ سے سرفراز کیا۔ پروگرام کی صدارت وسیم بریلوی نے کی، عزادار حسین خان کو ان کی نگرانی میں سن فارما کمپنی کے سی ایس آر پروگرام کے تحت ملک کے مختلف حصوں میں فلاح عامہ کے سلسلے میں کیے جا رہے کام اور ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ دیا گیا۔

اس موقع پر مشہور فلمساز مظفر علی، پیلی بھیت کے ڈی ایم اکھلیش کمار مشرا، آئی اے ایس افسر پون کمارسمیت متعدد ادبی، سماجی اور دانشور شخصیات موجود تھیں۔ ایوارڈ تقریب کے حاشئے پر ’قومی آواز‘ سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹرعزادار حسین نے کہا کہ یہ میرے لئے فخر کا مقام ہے کہ جس ایوارڈ سے مجھے نوازا گیا ہے، اس سے پہلے مدر ڈریسا، ڈاکٹرنریش تریہن، ڈاکٹر منموہن سنگھ، جاوید اختر اور استاد بسم اللہ خان کو دیا جا چکا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ میری نگرانی میں کمپنی کی طرف سے فلاح عامہ کے لئے کیے گئے کاموں کے لئے مجھے’فخرہند‘ ایوارڈ دیا گیا ہے۔ غورطلب ہے کہ دنیا کے فارما سیوٹیکل شعبے میں منفرد مقام رکھنے والی سن فارما کمپنی کے اعلیٰ عہدے پرفائز ہونے کے باوجود ڈاکٹرعزادار ہمہ وقت کمپنی کی ذمہ داریوں کے ساتھ فلاح عامہ کے لئے بھی سرگرم رہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارے مفاد عامہ پروگراموں کی خاصیت رہی ہے کہ یہ سبھی پروگرام سماج کے سہولیات سے محروم طبقات،غریب اور دیہی علاقوں کے لئے لوگوں پر مرکوز رہے۔

انہوں نے بتایا کہ کمپنی کے ذریعہ گزشتہ تین سالوں میں مفادعامہ کے کئی کام کیے گئے جن میں خاص طور پر مدھیہ پردیش کے منڈلا ضلع میں ملیریا کی روک تھام کے لئے منصوبے کی شروعات، 14موبائل میڈیکل کیئروین کے ذریعہ تقریباً ساڑھے تین لاکھ سے زائد غریب لوگوں کے دروازے پرمیڈیکل سہولیات کی فراہمی اور ان کا مفت علاج کرنا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پریاگ راج ضلع کے کملا نہرو اسپتال میں کینسرعلاج کے لئے 4 کروڑ روپئے کی لاگت سے کینسر بلاک کی تعمیر کرنا، آچاریہ ونوبا بھاوے اسپتال سلواسا کے ذریعہ تقریباً 500غریب قبائلی مریضوں کامفت ڈائلیسس کرنا، سکم کے ایس ٹی این ایم سرکاری اسپتال میں جدید ترین ڈیجیٹل ایکسرے مشین کو فراہم کرانا اور اسے مینٹین رکھنا نیزمختلف دیہی علاقوں کے اسکولوں میں لڑکے اور لڑکیوں کے لئے الگ الگ ٹوائلٹ کی تعمیر اور ان کے لئے شفاف پینے کے پانی کی سہولیات دستیاب کرانا وغیرہ ایسی سماجی خدمات ہیں جو انہوں نے کمپنی اور دیگر رضاکاروں کے ساتھ انجام دی ہیں۔

ایوارڈ تقریب سے قبل مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں کامنا پرشاد، اکھلیش کمارمشرا(آئی اے ایس)، پون کمار(آئی اے ایس)، شرف نانپاروی، سلیم امروہوی و دیگر نے حب الوطنی پرمشتمل اشعار پیش کرکے خوب داد وتحسین حاصل کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔