فوجی وردی میں دھونی نے کیا ’سیلیوٹ‘، ویڈیو ہوا وائرل

مہندر سنگھ دھونی کا ایک ویڈیو خوب وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ فوجی وردی میں گاڑی سے اترتے ہیں اور ’جے ہند‘ کہتے ہوئے سیلیوٹ کر رہے ہیں۔

ویڈیو گریب
ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کے مایہ ناز کرکٹر مہندر سنگھ دھونی کو کرکٹ کے میدان پر رَنگ جماتے ہوئے خوب دیکھا گیا ہے، لیکن ان کا ایک ایسا ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں وہ فوجی وردی میں رَنگ جماتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ عالمی کپ میں ہندوستان کا سفر ختم ہونے کے بعد سے مہندر سنگھ دھونی کے ریٹائرمنٹ کی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں، لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔ ہاں، یہ ضروری ہے کہ دھونی نے ویسٹ انڈیز دورہ پر ٹیم کے ساتھ نہ جا کر دو مہینے کے لیے فوج کے ساتھ ٹریننگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اب وہ ٹریننگ کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔


ہندوستانی فوج میں اعزازی لیفٹیننٹ کرنل اور پیراشوٹ ریجمنٹ کی 106ویں بٹالین میں تعینات مہندر سنگھ دھونی کا جو ویڈیو وائرل ہوا ہے اس میں وہ فوجی وردی میں گاڑی سے اتر رہے ہیں اور ’جے ہند‘ کہتے ہوئے سیلیوٹ کر رہے ہیں۔ اس ویڈیو کو آنند مہندرا نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کیا ہے۔ لیکن اگر آپ یہ سوچ رہے ہیں کہ یہ تازہ ویڈیو ہے، تو آپ غلط سوچ رہے ہیں۔ دراصل یہ ویڈیو تین سال پرانا ہے۔ لیکن چونکہ دھونی کے ذریعہ فوجی ٹریننگ لینے کی بات میڈیا میں پھیلی ہوئی ہے، اس لیے پرانا ویڈیو شیئر کیے جانے کے باوجود یہ پوری طرح وائرل ہو گیا۔

بہر حال، وائرل ویڈیو بھلے ہی پرانا ہو لیکن لوگ اس کو خوب پسند کر رہے ہیں۔ لوگوں کو امید ہے کہ اگلے مہینے جب وہ ٹریننگ کے لیے ہندوستانی فوج سے جڑ جائیں گے تو تازہ ویڈیو بھی سامنے آئے گا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دھونی کی ٹریننگ جموں و کشمیر میں ہوگی۔ حالانکہ فوج نے دھونی کو ایکٹیو آپریشن میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔