امریکی پابندیوں کے باوجود کاروبار میں تیزی، ہواوے کی آمدنی 123 بلین ڈالر

چین کی بہت بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کی آمدنی میں امریکی پابندیوں کے باوجود گزشتہ برس تقریباﹰ بیس فیصد اضافہ ہوا۔ پچھلے سال ہواوے کی آمدنی 123 بلین ڈالر رہی، جس میں منافع کی مالیت نو بلین ڈالر تھی۔

امریکی پابندیوں کے باوجود کاروبار میں تیزی، ہواوے کی آمدنی 123 بلین ڈالر
امریکی پابندیوں کے باوجود کاروبار میں تیزی، ہواوے کی آمدنی 123 بلین ڈالر
user

ڈی. ڈبلیو

ہواوے ٹیکنالوجیز لمیٹڈ پر امریکا کی طرف سے اپنی ٹیکنالوجی اور تکنیکی ساز و سامان کے ساتھ چینی حکومت کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام لگایا جاتا ہے اور اسی وجہ سے ٹرمپ انتظامیہ نے اس کمپنی پر کئی طرح کی کاروباری پابندیاں بھی لگا رکھی ہیں۔

ہواوے تاہم اپنے خلاف ان الزامات کی سرے سے تردید کرتی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے اس کے خلاف پابندیاں اس لیے لگائی ہیں کہ امریکی ٹیلیکوم اداروں کو بالواسطہ کاروباری تحفظ دیا جا سکے۔


ہواوے کی طرف سے آج منگل اکتیس مارچ کے روز بتایا گیا کہ امریکی پابندیوں کے باوجود گزشتہ برس اس کے کاروبار میں 2018ء کے مقابلے میں 19.1 فیصد کا اضافہ ہوا۔

اس کمپنی کے بارے میں یہ بات بھی اہم ہے کہ ہواوے چین کی ٹیکنالوجی کے شعبے میں انتہائی کامیاب رہنے والی پہلی عالمگیر کمپنی ہے، جو سام سنگ کے بعد دنیا کا سمارٹ فون تیار کرنے والا دوسرا سب سے بڑا نجی کاروباری ادارہ بھی ہے۔ ہواوے کے مطابق دو ہزار انیس میں اسے تقریباﹰ بیس فیصد اضافے کے ساتھ کُل 858.8 بلین یوآن یا 123 بلین امریکی ڈالر کے برابر آمدنی ہوئی، جس میں خالص منافع کی مالیت 5.6 فیصد اضافے کے ساتھ 62.7 بلین یوآن یا نو بلین امریکی ڈالر کے برابر رہی۔


اس دوران ہواوے کی مصنوعات کی دنیا بھر میں فروخت میں دو ہزار اٹھارہ کے مقابلے میں 19.5 فیصد کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔ ہواوے کے بانی رَین ژَینگ فائی نے بتایا کہ 2019ء میں ان کے ادارے نے 240 ملین سمارٹ فون فروخت کیے اور یہ تعداد اس سے ایک سال پہلے کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ تھی۔

چین کی یہ عظیم الجثہ ٹیلیکوم کمپنی انٹرنیٹ سروسز اور فائیو جی ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی دنیا کے سرکردہ ترین اداروں میں شمار ہوتی ہے۔ اس ادارے نے امریکی کمپنی گوگل کے مقابلے میں اپنی سروسز تیار اور پیش کرنے کا سسلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے۔ ہواوے سروسز کے دنیا کے 170 ممالک میں موجود صارفین کی تعداد گزشتہ برس کے اختتام پر 400 ملین سے زیادہ بنتی تھی۔


صرف چین میں ہی اس کمپنی کے کارکنوں کی تعداد ایک لاکھ 94 ہزار کے قریب ہے اور ان میں سے شیئر ہولڈرز کی صورت میں اس ادارے کے ملکیتی حقوق کے حامل چینی شہریوں کی تعداد تقریباﹰ ایک لاکھ پانچ ہزار بنتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔