دلت کو گیہوں کاٹنے سے منع کرنا پڑا مہنگا، ٹھاکروں نےمونچھ  کاٹی، پیشاب پلایا 

اتر پردیش کی یوگی حکومت میں دلتوں پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ نیا معاملہ بدایوں کا ہے جہاں ایک دلت مزدور کی پٹائی، اس کی مونچھ اکھاڑنے اور پیشاب پلانے کا شرمناک معاملہ سامنے آیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

یوگی حکومت میں دلتوں پر مظالم کم ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ نیا معاملہ اتر پردیش کے بدایوں کا ہے جہاں گیہوں نہ کاٹنے پر درخت سے باندھ کر ایک دلت کی بے رحمی سے پٹائی کی ۔ اس سے بھی اعلیٰ ذات کے بے رحم افراد کو سکون نہیں ملا تو اس کی مونچھ اکھاڑ دی اور جوتے میں پیشاب بھر کر جبراً پلایا۔ حیرانی کی بات ہے کہ یہ واقعہ پیش آئے 7 دن ہو گئے ہیں اور کافی تگ و دو کے بعد اتوار کو چار ملزمین کے خلاف معاملہ درج ہوا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اعظم پور بسوریا گاؤں کے دلت باشندہ سیتا رام کھیتی اور مزدوری کا کام کرتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ کچھ دن قبل گاؤں کے ٹھاکر وجے، شیلندر، وکرم سنگھ اور پنکو نے اسے کھیت پر گیہوں کاٹنے کی ہدایت دی۔ اس پر سیتا رام نے دو دن بعد گیہوں کاٹنے کی بات کہی جس سے وہ لوگ ناراض ہو گئے۔ دراصل سیتا رام کا کہنا تھا کہ ابھی وہ اپنے کھیت میں گیہوں کی کٹائی کر رہے ہیں اس لیے دو دن بعد جب کام ختم ہو جائے گا تو ان کے کھیت کا گیہوں کاٹ دیں گے۔ لیکن ٹھاکروں کو یہ برداشت نہیں ہوا کہ کوئی دلت ان کی بات کو کاٹ دے۔

سیتا رام کے انکار کو اپنی انا کا مسئلہ بنا کر سبھی نے اس کی خوب پٹائی کی، چوپال پر لے جا کر وہاں درخت سے باندھ کر زد و کوب کیا اور پھر اس کی مونچھوں کو اکھاڑ دیا۔ اتنا ہی نہیں، اس پر بھی انھیں صبر نہیں ہوا تو جوتے میں پیشاب بھر کر سیتا رام کو جبراً پلا یا۔ کسی طرح ظالموں کے چنگل سے نکلنے کے بعد جب خود پر ہوئے ظلم کی روداد سیتا رام نے حضرت پور تھانہ میں جا کر سنائی تو کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔ یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ یوگی حکومت میں پولس بھی اعلیٰ ذات والوں کی ہی سنتی ہے اس لیے کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ آخر کار پریشان حال سیتا رام اپنی فیملی کے ساتھ اتوار کے روز ایس ایس پی کے دفتر پہنچ گئے اور پورا واقعہ سنایا۔ سٹی ایس پی جتندر کمار شریواستو نے پورا معاملہ سمجھنے کے بعد ملزمین کے خلاف معاملہ درج کرنے کا حکم دیا تب جا کر جانچ شروع ہو سکی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Apr 2018, 5:37 PM