’دلائی لامہ کو ملے بھارت رتن‘، اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو مرکزی حکومت کو لکھیں گے خط

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے جب کسی غیر ملکی شخصیت کو بھارت رتن دینے کی بات کہی جا رہی ہے۔ اس سے قبل مدر ٹریسا، عبد الغفار خان اور نیلسن منڈیلا کو بھی بھارت رتن دیا جا چکا ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو نے تبتی روحانی پیشوا دلائی لامہ کو ’بھارت رتن‘ دینے کی وکالت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی مرکزی حکومت کو خط لکھ کر اس کی سفارش کریں گے۔ انہوں نے دلائی لامہ کے تعاون کو تاریخی اور ثقافتی نقطہ نظر سے ہندوستان کے لیے انمول بتایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’پی ٹی آئی‘ کو دیے ایک انٹرویو میں کیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دلائی لامہ نے نالندہ بودھ روایت کو زندہ رکھنے اور اسے عالمی سطح پر لے جانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8ویں صدی میں ہندوستان سے گئے روحانی پیشواؤں نے تبت میں بودھ مذہب کی اشاعت کی تھی اور بعد میں دلائی لامہ نے اس روایت کو ہندوستان میں پھر سے زندہ کیا۔ ان کی کوششوں سے جنوبی ہندوستان میں کئی بودھ ادارے قائم ہوئے، جن کا فائدہ ہمالیائی علاقوں کے بھکشو آج بھی اٹھا رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ تبت میں جب بودھ مذہب کو خطرہ لاحق ہوا تب دلائی لامہ ہندوستان آئے اور اپنے ساتھ تبتی بودھ روایات بھی لے کر آئے۔ انہوں نے ہندوستان میں اہم بودھ فرقوں جیسے ساکیہ، کگیو اور گدین کی روایات کو دوبارہ قائم کیا۔ آج ہندوستان کے لداخ سے لے کر اروناچل تک کے بھکشو ان اداروں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں۔


پیما کھانڈو نے چین کے اعتراضات کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ تبتی بودھ مذہب بنیادی طور پر ہندوستان کے ہمالیائی علاقوں اور تبت میں مقبول ہے نہ کہ چین میں۔ اس لیے دلائی لامہ کے جانشین کی تقرری میں چین کی جانب سے کوئی مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ دلائی لامہ ادارہ گزشتہ 600 سالوں سے چلا آ رہا ہے اور اسے برقرار رکھنے کا فیصلہ بودھ مذہبی رہنماؤں کے ذریعہ لیا جا چکا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ دلائی لامہ کی 90ویں سالگرہ کے موقع پر دھرمشالہ میں منعقد تقریب میں وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ تقریب میرے لیے بیحد خاص تھی۔ اس تقریب میں ملک و بیرون ملک سے آئے نمائندوں نے حصہ لیا اور جو نہیں آ سکے انہوں بذریعہ ویڈیو پیغامات بھیجے۔ اس تاریخی تقریب میں دلائی لامہ کی ذہنی بیداری دیکھ کر تمام لوگ کافی متاثر ہوئے۔


اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے جب کسی غیر ملکی شخصیت کو بھارت رتن دینے کی بات کہی جا رہی ہے۔ اس سے قبل مدر ٹریسا، عبد الغفار خان اور نیلسن منڈیلا کو بھی بھارت رتن دیا جا چکا ہے۔ ایسے میں دلائی لامہ کو یہ اعزاز  دینا مکمل طور پر منصفانہ عمل ہوگا، کیونکہ انہوں نے ہندوستان کی روحانی اور ثقافتی روایات کو نہ صرف محفوظ رکھا بلکہ انہیں عالمی سطح پر بھی پہچان دلائی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔