کورونا Updates: ملک میں 24 گھٹنے کے دوران 227 نئے معاملے، 3 مریضوں کی موت

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

31 Mar 2020, 7:44 PM

ملک میں 24 گھٹنے کے دوران 227 نئے معاملے، 3 مریضوں کی موت

نئی دہلی: ملک میں پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس انفیکشن کے 227 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد انفیکشن کے کل مریضوں کی تعداد بڑھکر 1251 ہوگئی ہے اور تین مریضوں کی موت ہوجانے سے اس وائرس کی زد میں آکر مرنےوالوں کی تعداد 32ہوگئی ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان لو اگروال نے منگل کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ جن تین مریضوں کی موت ہوئی ہے وہ گجرات،مغربی بنگال اور مدھیہ پردیش کے ہیں۔ان معاملوں میں اضافے کی وجہ سے کچھ مقامات پر لوگوں کی بے احتیاطی اور وقت پر اس کے بارے میں معلومات نہ دیا جانا شامل ہے۔ انہوں نے کہا،’’ہم اس لڑائی میں اتنے ہی کامیاب ہوسکیں گے جتنا ہمیں لوگوں کا ساتھ ملے گا۔‘‘

اگروال نے بتایا کہ اس وقت حکومت کی توجہ کورونا وائرسے زیادہ انفیکشن والے علاقون پر ہے اور سبھی ریاستوں کے ساتھ مل کر کمیونٹی سرویلانس ،زیادہ رابطے کی ٹریسنگ جیسی کوششوں پر ہے اور لاک ڈاؤن اور سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل ہونے پر مرکوز کی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارے ملک میں سماجی دوری اور لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کی وجہ سے انفیکشن کے معاملوں میں کمی لائی جاسکتی ہے اور ایک شخص کی لاپرواہی بھی حکومت کی پچھلے ڈیڑھ ماہ کی محنت کو بےکار کرسکتی ہے۔لیکن اس کےلئے عوام کو محتاط رہنا ہوگا۔اس کے علاوہ یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ ہمیں ایک ایسی وبا کا سامنا کربا پڑ رہا ہے جس کے پھیلنے کی شرح بہت زیادہ ہے اور ایک چھوٹی سی لاپرواہی بھی کافی بھاری پڑسکتی ہے۔ یہ ایک اجتماعی لڑائی ہے اور مرکزی حکومت سبھی ریاستی حکومتوں اور مرکزی کے زیر انتظام ریاستوں اور علاقوں کےساتھ پورا تعاون کررہی ہے اور معاملے پر باریکی سے نظر رکھی جارہی ہے۔

اگروال نے بتایا کہ حکومت ملک میں ضروری اشیا کی فراہمی اور لاک ڈاؤن پر پوری طرح عمل کرنے کو یقینی بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔

31 Mar 2020, 5:10 PM

گزشتہ 24 گھٹنے میں ملک میں کورونا وائرس کے 227 نئے معاملے

ملک میں کورونا انفیکشن کا پھیلاؤ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 227 نئے معاملوں کی تصدیق کی گئی ہے۔۔ ہندوستان میں اب تک مجموعی طور پر 1251 مثبت معاملے رپورٹ ہوئے ہیں۔ دریں اثنا، 102 افراد صحتمند بھی ہو گئے ہیں۔

مہاراشٹر اور کیرالہ سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں میں شامل ہیں۔ دہلی میں بھی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ ایک دن میں نظام الدین مرکز سے 24 کوویڈ 19 مثبت معاملے رپورٹ ہوئے ہیں۔

31 Mar 2020, 4:12 PM

بریلی میں ایک ہی کنبے کے 6افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

بریلی: اترپردیش کے ضلع بریلی میں نوئیڈا کی ایک فیکٹری میں کام کرنے والے ایک شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد اس کے کنبہ کے دیگر پانچ افراد میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

منگل کی صبح رپورٹ آنے کے بعد بریلی شہر کے سبھاش نگر علاقے میں متأثرہ کنبے کے گھر سے ایک کلو میٹر دائرے کے رقبے کو سیل کردیا گیا ہے۔اور اس کے اندر رہنے والے سبھی افراد کی اسکریننگ محکمہ صحت نے شروع کردی ہے۔پانچ کلو میٹر کے دائر ے میں بفر زون بنایا گیا ہے۔


31 Mar 2020, 2:50 PM

مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 225 معاملے

ملک میں کورونا وائرس (کووڈ۔19)کے سب سے زیادہ معاملے مہاراشٹر سے سامنے آئے ہیں جہاں متاثروں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 225 ہوگئی ہے جبکہ اب تک آٹھ لوگوں کی اس وبا سے موت ہوچکی ہے۔

ریاست میں منگل کو کرونا وبا کے پانچ نئے معاملوں کی تصدیق ہونے کے ساتھ ہی پورے ملک میں یہ ریاست کرونا وائرس سے متاثروں کی تعداد کی لحاظ سے سب سے زیادہ ہے۔

ادھر، ملک کی معاشی راجدھانی ممبئی میں کورونا وائرسوں کے سب سے زیادہ معاملے سامنے آئے ہیں جہاں اس سے متاثروں کی تعداد بڑھ کر 89 ہوگئی ہے۔

31 Mar 2020, 1:44 PM

یوپی میں کووڈ۔19 متأثرین کی تعداد 101 پہنچی

لکھنؤ: اترپردیش کے ضلع بریلی میں منگل کو ایک ہی کنبے کے پانچ اراکین میں کورونا کی تصدیق کے بعد ریاست میں کووڈ۔19 متاثرین کی تعداد بڑھ کر 101 ہوگئی ہے۔

بریلی کے ضلع سرویلانس افسر ڈاکٹر رنجن گوتم نے بتایا کہ اتوار کو نوئیڈا کی ایک کمپنی میں کام کرنے والے ایک ملازم میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی۔ وہ 21 مارچ کو یہاں اپنے گھرآیا تھا۔ پیر کی رات متأثرکی بیوی، ماں، والد اور بھائی بہن کے خون کے لئے گئے نمونوں کی جانچ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔


31 Mar 2020, 1:35 PM

ثانیہ مرزا نے ضرورت مندوں کے لئے جمع کی 1.25 کروڑر کی رقم

ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ گذشتہ ہفتہ ہزاروں خاندانوں کو غذافراہم کی گئی۔حیدرآبادی ٹینس اسٹار نے اس سلسلہ میں کئے گئے ٹوئیٹ میں کہا کہ ضرورت مند خاندانوں کی مدد کے ساتھ ساتھ 1.25کروڑروپئے کی رقم ایک ہفتہ میں جمع کی گئی جس کے ذریعہ تقریبا ایک لاکھ افراد کی مدد کی جائے گی۔ثانیہ مرزا نے یوتھ فیڈ انڈیا اور صفاانڈیا نامی تنظیموں کے تعاون سے یہ کام کیا جس پر انہوں نے ان تنظیموں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ثانیہ مرزا کی اس مساعی کی مختلف گوشوں سے ستائش کی جارہی ہے۔لاک ڈاون کی صورتحال کے نتیجہ میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے لاکھوں افراد متاثرہیں جن کی روٹی روزی کا انتظام کرنے کے لئے ثانیہ مرزا آگے آئی ہیں۔

31 Mar 2020, 1:37 PM

لاک ڈاون کے نتیجہ میں حیدرآباد میں ناریل کی کمی

لاک ڈاون کے نتیجہ میں شہر حیدرآباد میں ناریل کی کمی ہوگئی ہے کیونکہ ساحلی علاقوں سے ناریل لانے والی گاڑیاں لاک ڈاون کے نتیجہ میں ریاست میں داخل نہیں ہورہی ہیں۔شہرحیدرآباد کے گاندھی اسپتال جہاں کورونا وائرس کے کئی مثبت علامات والے مریض اور کئی مشتبہ مریض زیرعلاج ہیں کے باہر ناریل فروخت کرنے والے ایک شخص نے کہا کہ اس کے اسٹال سے کئی افراد روزانہ ناریل خریدا کرتے تھے تاہم ایک ہفتہ سے مارکٹ میں ناریل نہیں ہیں۔


31 Mar 2020, 1:27 PM

دہلی میں 20 ہزار گھر قرنطینہ کے لئے شناخت: بیجل

نئی دہلی: نظام الدین میں واقع تبلیغی جماعت کے مرکز سے منسلک 24 افراد کے کورونا وائرس (کووڈ 19) سے متاثر پائے جانے کے بعد دہلی میں تقریبا 20 ہزار گھروں کی شناخت کر کے سختی سے گھریلو قرنطینہ کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل نے وزیر اعلی اروند کجریوال اور دیگر وزرا اور اعلی افسران کے ساتھ میٹنگ کے بعد یہ اطلاع دی۔

بیجل نے کہا کہ تبلیغی مرکز کے واقعہ کے بعد 20 ہزار گھروں کی نشاندہی کر کے گھریلو قرنطینہ کیا جائے گا۔ اس میں سب سے زیادہ تعداد جنوب مشرقی دہلی کی ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ لاک ڈاؤن پر سب کو سختی سے عمل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کھانا فراہم کرنے کے لئے 500 مقامات سے بڑھاکر ڈھائی ہزار کیا جا رہا ہے جس سے سوشل ڈسٹنسنگ (سماجی فاصلہ) کا سختی سے عمل کرایا جا سکے۔ بیجل نے کہا سوشل ڈسٹنسنگ کے لئے ہر سطح پر لوگوں کوبیدار کرنے کی ضرورت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔