کورونا وائرس: سعودی شہروں مکہ اور مدینہ میں 24 گھنٹوں کا کرفیو نافذ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

02 Apr 2020, 8:49 PM

مکہ اور مدینہ میں کرفیو نافذ

سعودی عرب نے جمعرات کے روز کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لئے اقدامات میں توسیع کرتے ہوئے مسلم مقدس شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 24 گھنٹوں کا کرفیو نافذ کر دیا۔ سعودی عرب میں 1،700 سے زیادہ افراد متاثر ہیں جبکہ 16 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ضروری خدمات انجام دینے والے کارکنان، کھانا کھانے کے لئے جانے والے شہری اور میڈیکل کیئر کو کرفیو سے استثنیٰ رکھا گیا ہے۔ تاہم، شہروں کے رہائشی اضلاع میں کاریں صرف ایک مسافر کو لے جاسکتی ہیں تاکہ وائرس کو منتقل ہونے سے روکا جا سکے۔

02 Apr 2020, 5:42 PM

کشمیر کی پہلی وائرس متاثرہ خاتون روبہ صحت ہوکر ہسپتال سے رخصت

وادی کشمیر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں اضافے کے بیچ سری نگر کے خانیار علاقے سے تعلق رکھنے والی وادی کی پہلی وائرس متاثرہ خاتون مکمل طور پر صحت یاب ہوئی ہے اور اس کو شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سے ڈسچارج بھی کیا گیا ہے۔

متاثرہ خاتون کے صحت یاب ہونے کی خبروں سے اہلیان وادی میں خوشی اور شادمانی کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ وادی میں جاری لاک ڈاؤن کے دوران پہلی بار لوگوں کو خوشگوار خبر ملی ہے۔ ادھر سری نگر کے ڈل گیٹ میں واقع ہسپتال برائے امراض سینہ میں داخل پہلے وائرس متاثرہ مریض کا بھی ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

جموں وکشمیر حکومت کے ترجمان روہت کنسل نے کہا کہ کشمیر کی پہلی کورونا وائرس متاثرہ خاتون صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتال سے اپنے گھر منتقل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کو آٹھ نمونوں کی رپورٹ مثبت آئی اور اس طرح سے اب تک سامنے آنے والے کیسز کی تعداد بڑھ کر 70 ہوگئی ہے۔

(یو این آئی)

02 Apr 2020, 4:01 PM

شاملی: کورونا وائرس سے متاثر مشتبہ شخص نے خودکشی کی

شاملی: اترپردیش کے ضلع شاملی میں کورونا وائرس سے متاثر ایک مشتبہ شخص نے جمعرات کو پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سجیت کور نے بتایا کہ کورونا وائرس کے علامات ملنے پر 40 سالہ شخص کو گذشتہ 31 مارچ کو استپال میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال آنے کے بعد سے ہی کندھالا علاقہ باشندہ کافی دلبرداشتہ تھا۔کورونا وائرس کی وجہ سے آئیسولیشن وارڈ میں داخل کرایا گیا تھا۔


02 Apr 2020, 3:12 PM

ایران میں پھنسے شیعہ زائرین کی واپسی معاملہ کا سپریم کورٹ میں تصفیہ

سپریم کورٹ نے ایران کے شہر قم میں پھنسے ہندوستانی شیعہ زائرین کی واپسی کے لئے مرکزی حکومت اور تہران میں واقع ہندوستانی سفارت خانے کی جانب سے کی جا رہی کوششوں پراظہار اطمینان کرتے ہوئے متعلقہ پٹیشن کو نمٹا دیا ہے۔ جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس ایم آر شاہ کی بنچ نے بدھ کو ہونے والی اس سماعت کے دوران کہا تھا کہ وہ اس درخواست کو جلد ہی نمٹا دے گی اور درخواست گزار کو اس بات کی چھوٹ دے گی کہ وہ اپنے مطالبہ پوری نہ ہونے کی صورت میں پھر سے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا سکتے ہیں۔

02 Apr 2020, 2:54 PM

دہلی میں کورونا وائرس کے 32 نئے کیسز

دہلی میں کورونا وائرس (كووڈ 19) کے 32 نئے کیسز میں سے 29 نظام الدین مركز کے ہیں۔ دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے جمعرات کو میڈیا سے کہا کہ دارالحکومت میں 32 نئے کیسز میں سے 29 مركز کے ہیں۔ جین کہا دہلی میں کورونا وائرس کے 152 کیس سامنے آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کورونا وائرس جانچ کی بڑی تعداد میں رپورٹیں آنی ہیں۔ ان رپورٹوں میں زیادہ تعداد مركز سے نکالے گئے مشتبہ متاثرین کے ساتھ جڑے افراد کی ہے۔


02 Apr 2020, 1:13 PM

ہندوستان میں 50 افراد کی موت، 1965 متاثر

ملک کی مختلف ریاستوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (كووڈ 19) کے 328 کیسز کے ساتھ ہی اس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1965 ہو گئی ہے اور12 افراد کی موت کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 50 ہو گئی ہے۔کورونا وائرس سے اب تک کل 151 افراد شفا یاب ہوئے ہیں جن میں سےایک شخص بیرون ملک جاچکا ہے۔

وزارت صحت کی بدھ کے روز جاری رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس ملک کی 29 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے اور اب تک اس کے 1965 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ان میں 49 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔

کورونا وائرس کے انفیکشن سے ملک بھر میں اب تک 50 افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ 151 لوگ صحت مند ہو چکے ہیں۔مہاراشٹر، کیرالہ، کرناٹک، تلنگانہ، گجرات، راجستھان، اترپردیش اور دہلی میں انفیکشن کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں. دہلی میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 152 ہو گئی ہے۔ کوروناوائرس سے مہاراشٹر میں 13، گجرات اور مدھیہ پردیش میں چھ چھ، پنجاب میں چار، کرناٹک، تلنگانہ، اور مغربی بنگال میں تین تین، دہلی، کیرالہ، جموں و کشمیر اور اترپردیش میں دو دو، بہار، ہماچل پردیش، تمل ناڈو اور آندھرا پردیش میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔

02 Apr 2020, 1:11 PM

کوروناوائرس :پاکستان میں 50 ہلاک، متاثرین کی تعداد 2279

پاکستان میں جمعرات کو کورونا وائرس كووڈ -19 کے 239 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی مجموعی تعداد 2279 تک پہنچ گئی اور اس سے اب تک 30 افراد کی موت ہو چکی ہے۔

پاکستان کا صوبہ پنجاب کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ یہاں متاثرین کی تعداد 845 اور 10 کی موت ہو چکی ہے۔ سندھ میں 743 متاثر اور نو کی موت ، خیبر پختونخوا میں 276 افراد متاثراور آٹھ کی موت اور بلوچستان میں 164 متاثراور ایک کی موت ہو چکی ہے۔ گلگت بلتستان میں 184 متاثرین اور دو کی موت ہوئی ہے۔ دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 58 متاثرین ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں نو متاثرلوگوں کی اطلاعات ہیں۔


02 Apr 2020, 1:09 PM

’اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ‘

اٹلی میں کورونا وائرس 'كووڈ -19' سے مرنے والوں کی تعداد رپورٹ کئے جا رہے اعداد و شمار سے کافی زیادہ ہیں۔ ’وال اسٹریٹ جرنل (ڈبلیو ایس جے) نے اٹلی کے كوكاگلاؤ کے ڈپٹی میئر يوگینی فوساٹی کے حوالے سے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا ’’اٹلی میں کورونا وائرس سے حقیقی موت کی تعداد سرکاری طور پر اعلان تعداد سے بہت زیادہ ہے۔ صحیح وقت پر مناسب علاج نہ ملنے کی وجہ سے بہت سے لوگوں کی موت ہو ئی ہے۔‘‘

ڈبليو ایس جے نے کہا کہ کورونا وائرس کا ٹسٹ صرف ان ہی لوگوں کا ہو سکا ہے جس میں اس کے علامات دکھائی دیئے۔ اخبار کہتا ہے کہ حقیقت میں اس وائرس سے کئی ملین لوگ متاثر ہوئے ہوں گے۔

02 Apr 2020, 1:08 PM

اے پی میں کورونا وائرس کے 132معاملات

آندھراپردیش میں کورونا وائرس کے 132 مثبت معاملات درج کئے گئے ہیں۔ریاستی محکمہ صحت وطبابت کی جانب سے اس خصوص میں بلیٹن جاری کیاگیا ہے۔ایک دن میں 21 مثبت معاملات درج کئے گئے ہیں۔

گنٹور، نیلور اضلاع میں 20، پرکاشم ضلع میں 17، کڑپہ، کرشنا اضلاع میں 15، مغربی گوداوری میں 14، وشاکھاپٹنم ضلع میں 11، چتور میں 8، مشرقی گوداوری میں 9، اننت پور ضلع میں دو مثبت معاملات درج کئے گئے ہیں۔ گنٹورضلع کے منگل گری ٹاون میں کورونا کے مثبت معاملہ کے بعد عہدیدار چوکس ہوگئے ہیں جس کے بعد اس علاقہ کے تین کیلو میٹرکوریڈ زون قرار دیاگیا ہے۔کمشنر بلدیہ نے یہ بات بتائی۔


02 Apr 2020, 1:06 PM

امریکہ میں کورونا وائرس سے 5116 ہلاکتیں ، 215417 متاثرین

دنیا کے سب سے طاقتورملک امریکہ میں کورونا وائرس (كووڈ 19) سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 5116 ہو گئی ہے اوراس سے اب تک 215417 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کی تازہ رپورٹ کے مطابق امریکہ میں نیویارک کوروناوائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں کوروناوائرس سے اب تک 1374 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

قابل غور ہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے چین سے اس وبا کا آغاز ہونے کے بعد 11 مارچ کو اسے عالمی وبا قرار دیا تھا۔ ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق پوری دنیا میں اس سے اب تک 9،35،000 سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 47،000 سے زائد افراد کی موت ہو چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔