کورونا نے بنایا عالمی ریکارڈ، ایک دن میں سب سے زیادہ نئے معاملے درج

امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے ذریعہ جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 10667217 ہوگئی ہے جبکہ 515646 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا انفیکشن کے اثرات مجموعی طور پر پوری دنیا میں کم ہونے کی جگہ بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ آج کورونا انفیکشن کے نئے معاملوں نے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ دراصل پوری دنیا میں گزشتہ 24 گھنٹے میں ایک لاکھ 95 ہزار 848 معاملے سامنے آئے ہیں اور یہ اعداد و شمار ورلڈومیٹر نے دیے ہیں۔ اس سے ظاہر ہے کہ بھلے ہی دنیا کے کچھ ممالک میں کورونا کا اثر کم ہونے لگا ہے اور کچھ ممالک نے خود کو کورونا سے پاک قرار دے دیا ہے، لیکن بیشتر ممالک میں اس کا قہر بڑھتا ہی جا رہا ہے۔

اس درمیان خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل اضافہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اس انفیکشن سے اموات کی تعداد 5.15 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 1.06 کروڑ ہوگئی ہے۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق، دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 10667217 ہوگئی ہے جبکہ 515646 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ کووڈ ۔19 کے معاملے میں امریکہ دنیا بھر میں پہلے، برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے۔ دوسری طرف اس وبا کی وجہ سے اموات کے اعتبار سے امریکہ پہلے، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے۔


ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 19148 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور اب تک متاثرین کی کل تعداد 604641 ہوگئی ہے۔ اسی مدت کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 17834 ہوگئی ہے۔ ملک میں اس وقت کورونا کے 226947 فعال معاملے ہیں اور اب تک 359860 افراد اس وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔ انفیکشن کے معاملے میں ہندوستان دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں چوتھے مقام پر ہے۔

خلیجی ملک ایران میں، جو کورونا وائرس سے شدید طور پر متاثر ہے، متاثرہ افراد کی تعداد 230211 اور 10958 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ کورونا انفیکشن کے معاملے میں میکسیکو فرانس سے آگے نکل گیا ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد 231771 تک جا پہنچی ہے اور اب تک اس وائرس کی وجہ سے 28510 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ یوروپی ملک فرانس میں کورونا وائرس کی وجہ سے صورتحال کافی خراب ہے۔


پڑوسی ملک پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ اب تک یہاں 213470 افراد انفیکٹیڈ ہوچکے ہیں اور 4395 افراد فوت ہوگئے ہیں۔ فرانس میں اب تک 202981 افراد اس سے متاثر اور 29864 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ترکی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 201098 ہوگئی ہے اور 5150 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ جرمنی میں 195893 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 8995 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

دنیا میں کورونا کے پھیلاؤ کا مرکز چین میں اب تک 84816 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 4641 افراد فوت ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس نے بلجیم میں 9754، کناڈا میں 8678، نیدرلینڈ میں 6132، سویڈن میں 5370، ایکواڈور میں 4576، سوئٹزرلینڈ میں 1965، آئرلینڈ میں 1738 اور پرتگال میں 1579 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔