گجرات: کتاب میلہ میں زناکار ’آسا رام‘ کا بُک اسٹال لگنے پر تنازعہ

کتاب میلہ میں نابالغ کی عصمت دری معاملہ میں عمر قید کی سزا پا چکے آسا رام کے نام پر اسٹال لگائے جانے سے لوگ ناراض ہیں اور کتاب میلہ منعقد کرنے والے احمد آباد میونسپل کارپوریشن کی تنقید کر رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

گجرات کے شہر احمد آباد میں گزشتہ 24 نومبر کو وزیر اعلیٰ وجے روپانی نے کتاب میلہ کا افتتاح کیا تھا جو اب تنازعہ کا شکار ہو گیا ہے۔ اس کتاب میلہ میں متنازعہ ہندو خطیب آسا رام باپو پر مبنی کتابوں کا اسٹال لگایا گیا ہے جس پر کئی لوگوں نے اعتراض ظاہر کیا ہے۔ اس کتاب میلہ کا انعقاد احمد آباد میونسپل کارپوریشن کی طرف سے کیا گیا ہے اس لیے لوگوں کی انگلیاں بھی میونسپل کارپوریشن پر اٹھ رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق نابالغ کی عصمت دری کے معاملے میں عمر قید کی سزا پا چکے آسا رام کے نام سے اس کتاب میلہ میں ایک اسٹال لگایا گیا ہے جس کا نام رکھا گیا ہے ’سَنت شری آسا رام جی ستیہ ساہتیہ مندر‘۔ کتاب میلہ میں پہنچے کئی لوگوں نے اس اسٹال کو دیکھ کر ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ زناکار شخص کے نام سے بُک اسٹال لگائے جانے کی اجازت دینا مناسب نہیں ہے۔ لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس بک اسٹال میں مذہب، روحانیت، انسانی اقدار اور خواتین کی خودمختاری سے متعلق کئی طرح کی کتابیں ہیں لیکن یہ سبھی آسارام کے نظریات پر مبنی ہیں جو کہ معصوم نابالغ کی عصمت دری کا قصوروار قرار دیا جا چکا ہے۔ اس لیے اس طرح کے بک اسٹال لگانے کی اجازت کتاب میلہ میں نہیں ہونی چاہیے تھی۔

ادب کے شعبہ سے منسلک مشہور شخصیت سنجے بھاوے بھی اس کتاب میلہ میں جب پہنچے تو اس بک اسٹال کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران انھوں نے کہا کہ ’’جیسے ہی میں نے آسا رام کا اسٹال دیکھا، میں کتاب میلہ سے نکل گیا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’احمد آباد میونسپل کارپوریشن کو پتہ ہونا چاہیے کہ آسا رام ایک نابالغ کی عصمت دری کا قصوروار ہے اور اسے تاحیات جیل کی سزا ملی ہے۔‘‘

ذرائع کے مطابق آسا رام کو احمد آباد میونسپل کارپوریشن نے پہلے بھی اسٹال دیا ہے لیکن اس وقت ان کی دلیل تھی کہ آسا رام کا معاملہ فی الحال عدالت میں زیر غور ہے اس لیے انھیں اسٹال لگانے کی اجازت دی گئی ہے۔ لیکن اب جب کہ وہ قصوروار ثابت ہو گئے ہیں تو میونسپل کارپوریشن کا اجازت نامہ سوال کھڑے کرتا ہے۔ اس تعلق سے جب میڈیا کے لوگوں نے میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میونسپل کمشنر مکیش گڑھوی سے پوچھا تو انھوں نے کہا کہ ’’کتاب میلہ کے لیے اسٹال کی بکنگ آن لائن کی گئی ہے اور یہ بکنگ پبلشر کے نام سے کی گئی ہے۔ اس لیے ہمیں یہ معلوم نہیں چلا کہ بکنگ کون کر رہا ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ اسی سال اپریل مہینے میں آسا رام باپو کو نابالغ سے عصمت دری کے معاملے میں قصوروار ٹھہرایا گیا تھا۔ جودھپور کی عدالت نے آسا رام کو 1 لاکھ روپے جرمانے کے ساتھ ہی عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ عصمت دری کے اس معاملے میں عدالت نے باقی دو قصورواروں کو بھی 20-20 سال کی سزا سنائی تھی۔ سال 2013 میں شاہجہاں پور کی رہنے والی 16 سال کی لڑکی نے آسارام پر اس کے جودھپور واقع آشرم میں عصمت دری کا الزام عائد کیا تھا۔ ابتدائی جانچ کے بعد پولس نے آسا رام باپو کو گرفتار کر لیا تھا۔ آسارام باپو گزشتہ 5 سال سے زیادہ وقت سے جیل میں بند ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Nov 2018, 9:09 AM