’اب تو وزیر خزانہ ارون جیٹلی مستعفی ہو جایئں‘

کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم سے کہا ہے کہ وہ مالیا کے الزامات کی آزادانہ جانچ کرائیں اور جانچ پوری ہونے تک جیٹلی کو وزارت سے مستعفی ہو جانا چاہئے۔

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لندن کی عدالت کے باہر وجے مالیا نے جو سنگین الزامات لگائے ہیں کہ ہندوستان چھوڑنے سے پہلے انہوں نے وزیر خزانہ ارون جیٹلی سے ملاقات کی تھی اور کمپنی کی دین داری کے معاملات نمٹانے کی بات بھی کی تھی۔ مالیا کی وزیر خزانہ سے ملا قات کی تصدیق کے بعد کانگریس نے مودی حکومت پر زبردست حملہ بولا ہے۔ کانگریس صدر راہل گاندھی نے مطالبہ کیا ہے کہ ان الزامات کی آزادانہ جانچ ہونی چاہئے۔ انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’’لندن میں وجے مالیا کے ذریعہ لگائے گئے سنگین الزامات کے پیش نظر وزیر اعظم کو فوراً اس معاملہ کی آزادانہ جانچ کے احکام دینے چاہیے، ساتھ ہی جانچ پوری ہونے تک ارون جیٹلی کو وزارت خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہئے‘‘۔

اس سے پہلے مالیا۔جیٹلی کی ملاقت پر کانگریس نے کہا تھا ’’ملک چھوڑکر بھاگنے سے پہلے وجے مالیا نے وزیر خزانہ ارون جیٹلی سے کئی مرتبہ ملاقات کی اور دین داری کے سلسے میں بات کی۔ اس کے باوجود مودی حکومت نے اسے ہزاروں کروڑ کے قرض کے ساتھ بھاگ جانے دیا۔ کیا اب بھی کوئی ثبوت چاہیے کہ یہ حکومت کا پسندیدہ سرمایہ دار تھا ‘‘۔

اتنا ہی نہیں کانگریس نے ایک تصویر بھی شیئر کی ہے جس میں مشہور ٹی وی شو ’کون بنے گا کوڑ پتی‘ میں میزبان امیتابھ بچن سوال پوچھتے دکھائے گئے ہیں۔ سوال ہے ’’وجے مالیا کو ملک سے بھاگنے میں کس نے مدد کی ؟‘‘ شو میں اس سوال کے جواب میں جو چارآپشن دیئے جاتے ہیں ان میں 1۔ ارون 2۔ ارون جیٹلی 3۔ وزیر خزانہ 4۔ فائننس منسٹر۔

غور طلب ہے کہ وجے مالیا نے بدھ کو اپنے خلاف (ہندوستان واپسی) لندن کی ایک عدالت میں چل رہی سنوائی کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ اس نے ہندوستان چھوڑنے سے پہلے وزیر خزانہ سے ملاقات کی تھی اور اپنی دینداری کے معاملہ کو حل کرنے کی پیش کش کی تھی۔

’اب تو وزیر خزانہ ارون جیٹلی مستعفی ہو جایئں‘

مالیا کے اس الزام کے بعد ارون جیٹلی نے فوراً اپنی صفائی دی جس میں انہوں نے کہا کہ سال 2014 کے بعد سے انہوں نے کبھی بھی وجے مالیا کو ملنے کا وقت نہیں دیا لیکن اگلے ہی جملے میں یہ بھی قبول کیا کہ پارلیمنٹ میں ان کی وجے مالیا سے ملاقات ہوئی تھی اور اس نے دین داری نمٹانے کی پیش کش کی تھی۔

وجے مالیا نے صرف وزیر خزانہ سے ہی ملاقات کرنے کا دھماکہ نہیں کیا۔ بلکہ جب مالیا سے پوچھا گیا کہ کیا اس نے دوسرے بی جے پی رہنماؤں سے بھی ملاقات کی تو اس نے کہا کہ ہاں اور کہا ’’پارلیمنٹ میں الگ الگ وقت میں بہت سے پارلیمانی ساتھیوں سے ملا ہوں اور میں نے بینکوں کی دین داری نمٹانے کی اپنی خواہش ان کے سامنے رکھی ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ میرے پاس آپ کو اس سے زیادہ بتانے کے لئے کچھ ہے‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Sep 2018, 8:16 AM