ممبئی: چارٹرڈ طیارہ حادثہ میں کو-پائلٹ ماریہ زبیری ہلاک

گھاٹ کوپر میں ہوئے اس طیارہ حادثہ میں پائلٹ پردیپ راجپوت، کو-پائلٹ ماریہ زبیری، اسسٹنٹ انجینئر سُربھی اور ائیر کرافٹ ٹیکنیشین منیش پانڈے کی بھی موت ہو گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی کے گھاٹ کوپر علاقے میں ایک چارٹرٹ طیارہ حادثہ زدہ ہو گیا ہے۔ یہ طیارہ ایک زیر تعمیر بلڈنگ سے ٹکرایا جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی۔ یہ حادثہ گھاٹ کوپر کے سروودے نگر علاقہ کے مشہور جاگرتی بلڈنگ کے قریب ہوا ہے۔ حادثہ کے بعد پورے علاقے میں افرا تفری کا ماحول ہے۔ حادثہ کی جانکاری ملتے ہی موقع پر فائر بریگیڈ کی ٹیم پہنچ چکی ہے اور آگ بجھانے کا کام شروع ہو چکا ہے۔

طیارہ حادثہ کی وجہ کا پتہ ابھی تک نہیں چل سکا ہے، حالانکہ طیارہ کا بلیک باکس مل گیا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس بلیک باکس سے جلد ہی حادثہ کی وجہ کا پتہ چل جائے گا۔ جب یہ حادثہ ہوا اس وقت ایک راہ گیر وہاں سے گزر رہا تھا جس کی موت ہو گئی۔ حادثہ میں طیارہ میں سوار کیپٹن پرادیپ راجپوت، کو-پائلٹ ماریہ زبیری، اسسٹنٹ انجینئر سُربھی اور ائیر کرافٹ ٹیکنیشین منیش پانڈے کی بھی موت واقع ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق چارٹرڈ طیارہ اترپردیش حکومت نے خریدا تھا لیکن 2014 میں اسے فروخت کر دیا گیا تھا۔ حادثہ کی خبر ملنے کے بعد مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس بھی جائے حادثہ پر معائنہ کرنے پہنچے۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ’’یہ ایک افسوسناک حادثہ ہے۔ اس حادثہ کے پیچھے کیا وجوہات ہیں اور اس کے لیے کون ذمہ دار ہے، اس کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔