اَب نتیش نے ’نمامی گنگے‘ پروجیکٹ کو بنایا نشانہ، کہا ’نہ گنگا صاف ہے نہ شفاف‘

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ایک بار پھر مودی حکومت کے منصوبوں کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ انھوں نے ’نمامی گنگے‘ پروجیکٹ کو لاحاصل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں نہ شفافیت بچی نہ ہی روانی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بہار میں جنتا دل یو اور بی جے پی کے درمیان آئندہ لوک سبھا انتخابات کے مدنظر سیٹ کی تقسیم کے لیے ابھی تک کوئی میٹنگ نہیں ہوئی ہے لیکن دونوں ہی پارٹیوں کے درمیان تلخیاں عروج پر ہیں۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور ان کی ٹیم لگاتار اپنے بیانات سے بی جے پی کو اس بات کا احساس کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ بہار میں مودی سیکنڈری حیثیت رکھتے ہیں۔ نتیش کمار لگاتار مرکزی حکومت کی پالیسیوں اور اس کے فیصلوں میں موجود خامیوں کو اجاگر کر کے نریندر مودی پر دباؤ بنانے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔ اسی کے تحت انھوں نے اپنے تازہ بیان میں ’نمامی گنگے‘ پروجیکٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے مرکزی وزیر ہرش وردھن کی موجودگی میں کہا کہ گنگا میں نہ تو صفائی و شفافیت بچی ہے اور نہ ہی روانی۔ نتیش کمار نے ساتھ ہی مرکزی حکومت کے آبی راہ پروجیکٹ کو بھی فلاپ قرار دیا۔

نتیش کمار کے اس حملے کو مرکزی وزیر نتن گڈکری کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر جوابی حملہ کی شکل میں دیکھا جا رہا ہے۔ دراصل گڈکری نے بہار میں دو لاکھ کروڑ روپے کے سڑک منصوبوں کے پھنسے ہونے کا ٹھیکرا بہار حکومت کے سر پھوڑا تھا۔

بہر حال، ماحولیاتی تبدیلی پر مرکزی وزارت ماحولیات کے ایسٹ انڈیا کنکلیو تقریب میں نتیش کمار جب مرکزی حکومت کے منصوبوں کی بخیا ادھیڑ رہے تھے اس وقت اسٹیج پر مرکزی وزیر ہرش وردھن بھی موجود تھے۔ انھوں نے ہرش وردھن کو صلاح دیتے ہوئے کہا کہ دہلی واپس جا کر انڈر گراؤنڈ ٹرانسپورٹیشن کے مرکزی وزیر نتن گڈکری کو بتائیں کہ گنگا میں گاد کا مسئلہ حل کیے بغیر آبی راستے سے کارگو جہاز نہیں چلا سکتے۔

نتیش کمار نے اپنی تقریر میں اس کی مثال بھی پیش کی کہ گاد یعنی گندگی کا مسئلہ کتنا خطرناک شکل اختیار کرتا جا رہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس سال جنوری میں بنارس سے پٹنہ جا رہا ایک جہاز بکسر کے پاس گنگا ندی میں پھنس گیا۔ دو مہینے پہلے اس جہاز کو نکالنے کے لیے دوسرا جہاز بھیجا گیا، وہ جہاز بھی اس سے کچھ دور پہلے ہی ندی میں پھنس گیا کیونکہ بکسر میں گنگا ندی کی گہرائی ایک میٹر بچی ہے، اس میں جہاز کیسے چلے گا۔

انھوں نے گنگا کی شفافیت اور روانی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ گنگا ندی میں کائی دکھائی دینے لگی ہے جیسا کہ جمے ہوئے پانی میں دکھائی دیتی ہے۔ کئی مقامات پر گنگا کا پانی نالے کے پانی جیسا ہو گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کا نیشنل واٹر وے-1 پروجیکٹ اس وقت تک کامیاب نہیں ہوگا جب تک گنگا میں گاد کے مسئلہ کا حل نہیں نکالا جاتا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔