چین نے ہندوستان کو دی دھمکی، کہا ’چین-امریکہ تنازعہ میں مداخلت برداشت نہیں‘

چین کا کہنا ہے کہ دنیا میں ایک نیا کولڈ وار شروع ہوتا ہے اور ہندوستان امریکہ کی حمایت میں جانے کا طے کرتا ہے تو یہ چین اور اس کے تجارتی رشتوں کے لیے کافی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس انفیکشن کو لے کر چین اور امریکہ کے درمیان تنازعہ بڑھتا ہی جا رہا ہے اور ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے یہ مسئلہ دھیرے دھیرے پوری دنیا کو 'کولڈ وار' کی طرف لے جائے گا۔ یہ امکان اس لیے ظاہر کیا جا رہا ہے کیونکہ چین اور امریکہ دونوں ہی اپنی باتوں کو لے کر بضد ہیں اور کوئی بھی نرمی دکھانے کو تیار نہیں ہے۔ اس درمیان چین نے ہندوستان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے چین اور امریکہ کے دوران پیدا تنازعہ سے دور رہنا چاہیے۔ چین کا کہنا ہے کہ اگر ہندوستان چین-امریکہ تنازعہ میں مداخلت کرتا ہے تو اس کا بڑا نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

یہ دھمکی چینی سرکاری میڈیا 'گلوبل ٹائمز' میں شائع ایک مضمون کے ذریعہ سامنے آئی ہے۔ اس مضمون کے مطابق چین نے کہا ہے کہ کچھ ایسی طاقتیں ہیں جو حکومت ہند کو اس 'کولڈ وار' میں ایک فریق کی حمایت میں کھڑا ہونے کے لیے کہہ رہی ہیں، تاکہ اس حالات کا وہ لوگ بھی فائدہ اٹھا سکیں۔ ایسی طاقتیں ہندوستانی حکومت کے آفیشیل اسٹینڈ سے تعلق نہیں رکھتی ہیں اور چین کے بارے میں غلط باتیں اور افواہ پھیلا رہی ہیں۔ اگر واضح طور پر کہا جائے تو چین-امریکہ تنازعہ میں ہندوستان کا فائدہ بے حد کم ہے، لیکن نقصان کافی بڑا ہو سکتا ہے۔


چونکہ ہندوستان اور چین کے درمیان سرحدی تنازعہ چل رہا ہے، اس لیے ہندوستان کسی بھی معاملے پر بہت سوچ سمجھ کر قدم اٹھانے کی پوزیشن میں ہے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان-چین تنازعہ میں ثالث کا کردار نبھانے کی بات سامنے رکھ چکے ہیں، لیکن دونوں ہی ممالک (ہندوستان اور چین) نے اس آفر کو ٹھکرا دیا اور کہا کہ آپس میں بات چیت چل رہی ہے اور اس تنازعہ کا حل خود نکال لیں گے۔

بہر حال، ہندوستان کے تعلق سے چین کا کہنا ہے کہ دنیا میں ایک نیا کولڈ وار شروع ہو رہا ہے اور ہندوستان امریکہ کی حمایت میں جانے کا طے کرتا ہے تو یہ چین اور اس کے تجارتی رشتوں کے لیے کافی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ اگر ہندوستان کسی بھی طرح سے امریکہ کا مہرہ بننے کو تیار ہوتا ہے تو ان دونوں پڑوسی ممالک (چین اور ہندوستان) کے تجارتی رشتے ختم ہو جائیں گے جس سے ہندوستان کی معیشت، جو ابھی کافی جھٹکے برداشت کر رہی ہے، پر کافی برا اثر پڑ سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔