چھتیس گڑھ: کانگریس کارکنان کو پولس نے بے رحمی سے پیٹا، 19ستمبرکو احتجاج کا اعلان

کانگریس کارکنان کو چھتیس گڑھ پولس نے اس وقت لاٹھی ڈنڈوں سے پیٹا جب وہ بی جے پی وزیر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والے تھے۔ اس ظلم کے خلاف کل پوری ریاست میں رمن سنگھ کا پُتلا نذرِ آتش کیا جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی حکومت میں اظہارِ رائے کی آزادی پر کس طرح پابندی لگ رہی ہے اور غنڈہ راج میں کس قدر اضافہ ہو رہا ہے اس کی تازہ مثال 18 ستمبر کو چھتیس گڑھ کے بلاس پور میں دیکھنے کو ملی۔ یہاں رمن سنگھ حکومت میں پولس نے کانگریس کارکنان پر جو ظلم اور قہر آج ڈھایا وہ چھتیس گڑھ کی تاریخ میں اب تک دیکھنے کو نہیں ملا تھا۔ دراصل جب کانگریس لیڈران بلاس پور میں میونسپل کارپوریشن کے وزیر امر اگروال کے گھر احتجاجی مظاہرہ کرنے کے لیے جا رہے تھے تو پولس نے نہ صرف انھیں اس سے روکا بلکہ لاٹھی ڈنڈوں سے بے رحمی کے ساتھ ان کی پٹائی بھی کر دی۔

ذرائع کے مطابق آج بلاس پور میں کانگریس کارکنان اٹل شریواستو کی قیادت میں امر اگروال کے گھر مظاہرہ کرنے کے لیے جانے والے تھے، اسی درمیان پولس نے انھیں روک لیا۔ پولس کی اس کارروائی سے کانگریس کارکنان ناراض ہوئے اور اس ناراضگی کا انھوں نے اظہار بھی کیا، ساتھ ہی وہ امر اگروال کے گھر جانے کے لیے پرعزم نظر آئے۔ کانگریس کارکنان کے عزم کو دیکھ کر پولس نے ان پر طاقت کا استعمال کیا اور انھیں پیٹنے کے لیے کانگریس بھون کے اندر تک داخل ہو گئی۔ کانگریس بھون میں بھی پولس نے خوب توڑ پھوڑ مچائی۔ پولس کی لاٹھی چارج میں اٹل شریواستو سمیت کئی کارکنان سنگین طور پر زخمی بھی ہو گئے۔

اس پورے واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے جس میں پولس کی غنڈہ گردی صاف نظر آ رہی ہے۔ اٹل شریواستو کو تو پولس اس قدر بے رحمی سے پیٹتی ہوئی نظر آئی کہ وہ سڑک پر گر گئے اور کئی پولس اہلکار ان پر ڈنڈوں کی برسات کرتی رہی۔ اس پورے واقعہ کی جانکاری ملنے کے بعد کانگریس کے ریاستی صدر بھوپیش بگھیل زخمیوں سے ملاقات کے لیے بلاس پور روانہ ہو گئے ہیں اور اس پورے واقعہ سے انتہائی غمگین ہیں۔

آج شام راجدھانی رائے پور سے بلاس پور روانہ ہونے سے قبل کانگریس ریاستی صدر بگھیل نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلاس پور میں کانگریس کے کارکنان پرامنط ریقے سے مظاہرہ کر رہے تھے، لیکن پولس نے رمن سنگھ کے غنڈے کی طرح کانگریس کارکنان کی بے رحمی سے پٹائی کی۔ بھوپیش بگھیل نے مزید کہا کہ ’’پولس نے اٹل شریواستو اور دیگر کارکنان کو کانگریس بھون کے اندر گھس کر بھی پیٹا ہے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ پولس نے خواتین کو بھی گھسیٹ گھسیٹ کر پیٹا اور اس پورے معاملے کے خلاف وہ آواز اٹھائیں گے۔ بھوپیش بگھیل نے نامہ نگاروں سے کہا کہ چھتیس گڑھ کی تاریخ میں آج تک پولس نے کسی بھی سیاسی پارٹی کے دفتر یا کانگریس دفتر میں گھس کر مار پیٹ نہیں کی۔ ہم اس واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ بھوپیش بگھیل نے پورے واقعہ کی عدالتی جانچ کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔

رمن سنگھ حکومت میں کانگریس کارکنان پر پولس کی غنڈہ گردی سے ناراض بھوپیش بگھیل نے اس واقعہ کے خلاف 19 ستمبر کو پوری ریاست میں احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 19 ستمبر کو پوری ریاست میں رمن سنگھ حکومت کا پُتلا نذر آتش کیا جائے گا۔ اس احتجاجی مظاہرے میں کانگریس کے سبھی ریاستی افسران، ضلعی افسران، بلاک افسران، کانگریس خاتون سیل، یوتھ سیل، این ایس یو آئی سمیت سبھی اداروں اور سیل کے اراکین شامل ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔