ہولوکاسٹ متاثرین کے نام پر خیراتی تنظیم: حیثیت قانوناﹰ تبدیل

جرمنی کی ایک وفاقی ریاست نے ہولوکاسٹ متاثرین کے لیے قائم کردہ ایک خیراتی تنظیم کی قانونی حیثیت تبدیل کر دی ہے۔ اس تنظیم کا نام اب منافع کے لیے کام نہ کرنے والی تنظیموں کی فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے۔

ہولوکاسٹ متاثرین کے نام پر خیراتی تنظیم: حیثیت قانوناﹰ تبدیل
ہولوکاسٹ متاثرین کے نام پر خیراتی تنظیم: حیثیت قانوناﹰ تبدیل
user

ڈی. ڈبلیو

ہولوکاسٹ کے متاثرین کی غیر منافع بخش تنظیم (VVN-BdA) کو رواں مہینے وفاقی ریاست برلن کے محکمہ خزانہ کی جانب سے ایک خط موصول ہوا، جس میں واضح کر دیا گیا کہ اب یہ تنظیم سرکاری طور پر غیرمنافع بخش نہیں رہی۔ اس طرح اسٹیٹس کی تبدیلی کے بعد اس تنظیم کو حاصل ہونے والے عطیات کی رقوم پر اب ٹیکس کی ادائیگی لازمی ہو گئی ہے۔

اس تنظیم کی جانب سے یہ خط جرمن میڈیا کو بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ برلن حکام نے یہ فیصلہ وفاقی صوبے باویریا کے صوبائی انٹیلیجنس ادارے کی سن 2016 کی رپورٹوں کی روشنی میں کیا۔ ان رپورٹوں میں بتایا گیا تھا کہ یہ غیر منافع بخش تنظیم بائیں بازو کی انتہا پسند تنظیموں اور گروپوں کے ساتھ مبینہ روابط کی حامل تھی۔


وفاقی برلن ریاست کے اس فیصلے کی کئی غیر حکومتی اور غیر منافع بخش تنظیموں کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی جماعتوں کے فعال کارکنوں نے بھی مذمت کی ہے۔ بائیں بازو کی سیاسی جماعت دی لِنکے کے اہم اراکین ذاکلین ناستچ اور میشائل میُولر نے بھی اس فیصلے کی مذمت کی ہے۔ ان اراکین نے برلن کی مالیاتی اتھارٹی کے اس خط کو جمہوریت پسند سول سوسائٹی کے لیے 'خطرہ‘ قرار دیا ہے۔

وفاقی صوبے برلن میں گرین پارٹی کے سربراہ ویرنر گراف نے بھی اس صوبائی حکومتی اقدام کو 'مبہم اور حیران کن‘ قرار دیا۔ گراف کے مطابق باویریا کی انٹیلیجنس ایجنسی کی جانب سے اس تنظیم کے غیرمنافع بخش اسٹیٹس کو تبدیل کرنے کی سفارش پر بھی سوال اٹھائے جا سکتے ہیں۔


جرمنی میں غیرمنافغ بخش تنظیمیں ٹیکس معاملات میں استثنیٰ کی حامل ہوتی ہیں۔ ان تنظیموں کے حامی اپنے ذمے ٹیکس کی رقوم چاہیں تو ایسی تنظیموں کو بھی دے سکتے ہیں۔ ہولوکاسٹ کے متاثرین کی اس تنظیم کے مطابق اگر یہ فیصلہ برقرار رہتا ہے تو مجاز حکام سابقہ حساب کتاب کی مد میں اسے بیسیوں ہزار یورو کی رقوم کی واپسی کا حکم دے سکتے ہیں اور یہ بات اس تنظیم کے لیے نہایت پریشانی کا سبب ہو گی۔

یہ امر اہم ہے کہ ہولوکاسٹ کے متاثرین کی اس تنظیم کو کئی دوسرے جرمن صوبوں میں اب بھی ایک غیرمنافع بخش تنظیم کی حیثیت حاصل ہے۔ ان میں آبادی کے اعتبار سےسب سے بڑا جرمن صوبہ نارتھ رائن ویسٹ فیلیا بھی شامل ہے۔


ہولوکاسٹ کے متاثرین کی یہ تنظیم نازی دور حکومت کے متاثرین کی امداد و بحالی کی سرگرمیاں جاری رکھنے کا چارٹر رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ فسطائیت کی ہر شکل کے خلاف جدوجہد کرنے کا عزم بھی رکھتی ہے۔ اس تنظیم کا قیام سن 1947 میں عمل میں لایا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔