براڑی معاملہ: 11 افراد کی موت کا سبب محض اندھا عقیدہ!

گھر کے سامنے والے گھر کے باہر نصب کیمرے کی فوٹیج میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ خاندان کی بڑی بہو سویتا اور اس کی بیٹی نیتی 5 اسٹول لا رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

قومی راجدھانی دہلی کے ساتھ ملک بھر میں سنسنی پھیلا دینے والے براڑی کے 11 افراد کی اموات کا معمہ پولس نے تقریباً حل کر لیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے حوالہ سے خبر ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کے بعد پولس اس نتیجہ پر پہنچتی نظر آ رہی ہے کہ پھندے پر لٹکی ملیں 11 لاشوں کے پیچھے کوئی سازش نہیں ہے، بلکہ پورا خاندان اندھے عقیدے کا شکار تھا اور اس کے چکر میں خود ہی پھانسی پر لٹک گیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں خاندان کے کچھ ارکان کو اسٹول اور تاروں کو لاتے دیکھا جا سکتا ہے جن کا استعمال پھانسی لگانے میں کیا گیا۔ پولس نے کل 11 ڈائریاں برآمد کی ہیں جنہیں گزشتہ 11 سالوں میں لکھا گیا ہے۔ پولس کے مطابق ڈائریوں میں جو باتیں لکھی گئی ہیں وہ مبینہ طور پر خود کشی کے طریقہ کار سے میل کھاتی ہیں۔

گھر کے سامنے والے گھر کے باہر نصب کیمرے کی فوٹیج میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ خاندان کی بڑی بہو سویتا اور اس کی بیٹی نیتی 5 اسٹول لا رہی ہے۔ یہی اسٹول بعد میں پھانسی لگانے میں استعمال ہوئے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق 30 جون کی رات تقریباً 10 بجے پہلی مرتبہ خود کشی کے لئے اسٹول لائے گئے۔ پولس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آ رہیں دو خواتین میں سے ایک اجتماعی خود کشی کی ماسٹر مائنڈ للت بھاٹیہ کی بی وی ہے۔ دونوں خواتین کے ہاتھوں میں 6 اسٹول ہیں ۔

اسٹول لانے کے بعد رات تقریباً 10.20 بجے پھندے کے لئے تار لایا گیا۔ پولس کے مطابق اس ویڈیو میں للت اور اس کے بھائی بھونیش بھاٹیہ کے بچے فرنیچر کی دکان سے تار لے کر گھر جاتے نظر آ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ویڈیو میں جو تار بچے لاتے نظر آ رہے ہیں اسی تار کا پھندے بنانے میں استعمال کیا گیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق مکان میں نہ کوئی زبردستی داخل ہوا اور نہ ہی خاندان کے کسی رکن کے جسم پر مزحمت کے کوئی نشان موجود ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔