سی بی ایس ای ریزلٹ: میگھنا کے والدین نے تصور بھی نہیں کیا تھا کہ بیٹی ٹاپ کرے گی

سی بی ایس ای بارہویں کے نتیجوں میں ٹاپ کرنے والی میگھنا شریواستو کی فیملی کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے۔ میگھنا کی اس کامیابی پر صرف فیملی ہی نہیں ان کے اسکول کے سبھی اساتذہ اور طلبا بھی پرجوش ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

آصف سلیمان

سی بی ایس ای بارہویں کے امتحان کے نتائج کا اعلان ہو گیا ہے۔ ریزلٹ میں نوئیڈا کی میگھنا شریواستو نے پورے ملک میں ٹاپ کیا ہے۔ انھیں 500 میں سے 499 نمبر ملے ہیں۔ اس کامیابی سے جہاں میگھنا کافی پرجوش ہیں وہیں ان کے والدین بھی بے حد خوش ہیں۔ میگھنا کے والد گوتم شریواستو نے ’قومی آواز‘ سے خصوصی بات چیت میں بتایا کہ ابھی ہم لوگوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے اور یہ خوشی آئندہ کئی دنوں تک ہمارے ساتھ رہے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

’مانو رَچنا یونیورسٹی‘ کے مینجمنٹ سے منسلک گوتم شریواستو نے بتایا کہ میگھنا یا انھوں نے بھی کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ ٹاپ کر جائے گی۔ انھیں 97-96 فیصد کے اوپر نمبر آنے کی امید ضرور تھی۔ میگھنا کی کامیابی کا سہرا اس کے اسکول ’اسٹیپ بائی اسٹیپ‘ نوئیڈا اور وہاں کے اساتذہ کو دیتے ہوئے انھوں نے بتایا ’’میگھنا پڑھنے میں کافی تیز ہے، محنتی ہے، لیکن یہ کامیابی اس کے اسکول اور اساتذہ کی محنت کے بغیر ممکن نہیں ہو پاتی۔ میگھنا کے ریزلٹ ہمیشہ سے اچھے آتے رہے ہیں۔ وہ بہت زیادہ پڑھائی تو نہیں کرتی تھیں لیکن لگاتار اور دھیان سے پڑھائی کرتی تھی۔‘‘

میگھنا کے والد نے بتایا کہ ان کی بیٹی کو موسیقی سننا، فلمیں دیکھنا اور انگریزی سیریل کی سیریز دیکھنا کافی پسند ہے۔ انھوں نے بتایا کہ میگھنا کا پسندیدہ سبجیکٹ سائیکولوجی رہا ہے اور وہ اسی میں آگے کی پڑھائی کریں گی۔ اس کے لیے وہ ہندوستان کے ساتھ ہی بیرون ممالک کے بھی متبادل پر غور کر سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */