پی ایم مودی بدعنوان ہیں، ملک انھیں نہیں بخشنے والا: راہل گاندھی

کانگریس صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر حملہ تیز تر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی بی آئی ڈائریکٹر کو رات کے دو بجے ہٹانے کا مقصد رافیل سے جڑے دستاویزات کو بھی باہر آنے سے روکنا تھا۔

راہل گاندھی اور نریندر مودی کی فائل تصویر
راہل گاندھی اور نریندر مودی کی فائل تصویر
user

قومی آوازبیورو

سی بی آئی معاملے میں مودی حکومت کی کارروائی پر کانگریس صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر حملہ تیز تر کر دیا ہے۔ انھوں نے آج پریس کانفرنس کر کے کہا کہ سی بی آئی ڈائریکٹر کو ہٹانا ہندوستانی آئین کی بے عزتی ہے، سی جے آئی کی بے عزتی ہے اور ہندوستانی عوام کی بھی بے عزتی ہے۔

انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ سی بی آئی ڈائریکٹر کی تقرری اور ہٹانے میں پی ایم اپنی مرضی نہیں چلا سکتے۔ قانون کے مطابق سپریم کورٹ کے چیف جسٹس، اپوزیشن لیڈر اور وزیر اعظم کی کمیٹی یہ طے کرتی ہے۔ اس لیے سی بی آئی ڈائریکٹر کو ہٹانا غیر قانونی ہے۔ راہل گاندھی نے 23 اور 24 اکتوبر کی نصف شب کو سی بی آئی ڈائریکٹر کو ہٹائے جانے پر کہا کہ ایسا اس لیے کیا گیا کیونکہ وہ رافیل گھوٹالہ کی جانچ کرنے والے تھے۔

راہل گاندھی نے پریس کانفرنس کے دوران یہ بھی کہا کہ سی بی آئی ڈائریکٹر کو رات کو دو بجے ہٹانے کا مقصد رافیل سے جڑے دستاویزات کو بھی باہر آنے سے روکنا تھا۔ وزیر اعظم صرف سی بی آئی ڈائریکٹر کو ہٹا نہیں رہے ہیں بلکہ ثبوتوں کو مٹانے کا کام بھی کر رہے ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’اگر سی بی آئی جانچ شروع ہو جاتی تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جاتا۔ اس سے گھبرا کر، خوف کے سبب وزیر اعظم نے سی بی آئی ڈائریکٹر کو ہٹا دیا۔‘‘

کانگریس صدر نے وزیر اعظم نریندر مودی پر براہ راست الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم نے رافیل میں 30 ہزار کروڑ کی بدعنوانی کی ہے۔ حکومت نے 30 ہزار کروڑ روپے انل امبانی کے پاکیٹ میں ڈال دیے۔ کانگریس پارٹی اس کی سچائی کو عوام کے سامنے ضروری لائے گی۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ ’’پورا ملک جانتا ہے کہ وزیر اعظم نے بدعنوانی کی ہے۔ وزیر اعظم جانتے ہیں کہ اگر رافیل کی جانچ شروع ہو گئی تو وہ ختم ہو جائیں گے اور یہی ان کی گھبراہٹ ہے۔ لیکن یہ ملک وزیر اعظم کو ان کی بدعنوانی کو بھولنے نہیں دے گا۔ یہ ملک وزیر اعظم کو نہیں بخشنے والا۔‘‘

راہل گاندھی نے سی بی آئی کے نئے ڈائریکٹر ناگیشور راؤ سے متعلق کہا کہ وزیر اعظم نے ایک ایسے افسر کو سی بی آئی ڈائریکٹر کی ذمہ داری دے دی ہے جن پر پہلے سے ہی بدعنوانی کے الزامات ہیں۔ انھوں نے ایسا اس لیے کیا کیونکہ نئے ڈائریکٹر حکومت کے مفاد کے خلاف کام نہ کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Oct 2018, 9:09 PM