اناؤعصمت دری معاملہ: سی بی آئی کو سینگر کے خلاف ثبوت ملے

فارینسک رپورٹ اور واقعہ کی گہرائی سے جانچ کے بعد سی بی آئی اس نتیجہ پر پہنچی ہے کہ متاثرہ کی طرف سے عائد اجتماعی عصمت دری کے الزام صحیح ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اناؤ میں عصمت دری اور قتل واردات کی جانچ کر رہی سی بی آئی کو ملزم بی جے پی رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر کے خلاف اہم ثبوت ملے ہیں۔ سی بی آئی کا کہنا ہےکہ ان ثبوتوں سے یہ صاف ہو جاتا ہے کہ سینگر واردات میں ملوث تھا۔ علاوہ ازیں پولس کی طرف سے بھی معاملہ کی شروعات میں لاپروائی برتے جانے کے ثبوت ملے ہیں۔

فارینسک رپورٹ اور واقعہ کی گہرائی سے جانچ کے بعد سی بی آئی اس نتیجہ پر پہنچی ہے کہ متاثرہ کی طرف سے عائد اجتماعی عصمت دری کے الزام صحیح ہیں۔

سی بی آئی نے اب تک اس معاملہ میں ملزم رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر، متاثرہ کے والد کو پیٹ پیٹ کر قتل کرنے کے ملزم رکن اسمبلی کے بھائی اتل سینگر اور کلدیپ سینگر کی معاون رہیں ششی سنگھ سمیت کافی لوگوں سے پوچھ تاچھ کی ہے۔

علاوہ ازیں سی بی آئی نے پورے معاملہ کی گہرائی سے جانچ کی۔ متاثرہ نے 164 کے تحت درج بیان میں جو تفصیل بتائی ہیں وہ سی بی آئی کی طرف سے کی گئی جانچ کے عین مطابق پایا گیا۔

سی بی آئی کو اس معاملہ میں مقامی پولس کی لاپروائی کے بھی ثبوت ملے ہیں۔ سی بی آئی کی اب تک کی جان میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ پہلی بار درج ایف آئی آر میں پولس نے ملزم رکن اسمبلی کا نام شامل ہی نہیں کیا تھا، اتنا ہی نہیں ملزم رکن اسمبلی کو بچانے کے ارادے سے پولس نے متاثرہ کا میڈیکل کرانے میں بھی دیری کی تھی۔ واضح رہے کہ سی بی آئی کے پاس جانچ کے لئے جو معاملہ پہنچا وہ ملزم رکن اسمبلی کے خلاف درج چوتھی ایف آئی آر ہے۔

گزشتہ منگل کے روز ملزم رکن اسمبلی کلدیپ سینگر کو الہٰ آباد ہائی کورٹ کی ہدایت پر اناؤ سے سیتاپور جیل منتقل کر دیا گیا ۔ دراصل متاثرہ نے ہائی کورٹ سے اپیل کی تھی کہ ملزم بی جے پی رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر سے اس کو اور اس کے اہل خانہ کے افراد کو جان کا خطرہ لاحق ہے اور وہ اناؤ میں رہ کر اس معاملہ کو متاثر کر سکتا ہے، اس لئے اسے اتر پردیش سے باہر منتقل کر دیا جائے۔ الزام یہ بھی ہے کہ کچھ جیل افسران بھی کلدیپ سینگر کے رشتہ دار ہیں۔

متاثرہ کے والد کو پیٹ پیٹ کر قتل کرنے کے ملزم کلدیپ سینگر کے بھائی اتل سینگر سمیت 5 ملزمان پہلے ہی سے جیل میں بند ہیں۔ اس کے علاوہ واردات کے دن متاثرہ کو ملزم رکن اسمبلی کے پاس لے جانے والی سینگر کی معاون ششی سنگھ کو بھی جیل بھیج دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */