یومِ پیدائش پر مایاوتی نے کاٹا کیک، کہا ’اتحاد نے بی جے پی-آر ایس ایس کی نیند اڑائی‘

بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے اپنے یوم پیدائش پر کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس مذہب کی سیاست کر رہی ہیں اورانھوں نے بھگوانوں کو بھی ذات کی بنیاد پر تقسیم کر کے رکھ دیا ہے جو افسوسناک ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے اپنے یوم پیدائش پر کیک کاٹا اور پریس کانفرنس کر بی جے پی حکومت پر زبردست حملہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کے ساتھ اتحاد کر کے انھوں نے بی جے پی و آر ایس ایس کی نیند اڑا دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ میرے یوم پیدائش کا سب سے اچھا تحفہ لوک سبھا انتخاب میں اتحاد کی فتح ہوگی۔ اس دوران مایاوتی نے ’میرے سنگھرش مے جیون ایوم بی ایس پی موومنٹ کا سفرنامہ‘ پارٹ 14 کا اجراء بھی کیا۔ سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے اس موقع پر مایاوتی کو مبارکباد بھی پیش کی اور انھیں گلدستہ بطور تحفہ دیا۔ ساتھ ہی اکھلیش یادو نے شال پہنا کر مایاوتی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

مایاوتی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’یو پی ہے طے کرتا ہے کہ ملک میں کس کی حکومت بنے گی۔ اس اتحاد کو مفاد عامہ میں کامیاب بنانے کے لیے بی ایس پی اور ایس پی کے کارکنان سے اپیل کرتی ہوں کہ آپ سبھی پرانے گلے شکوے کو بھول کر اپنے اس اتحاد کے سبھی امیدواروں کو تاریخی فتح دلائیں۔‘‘ اس دوران انھوں نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’آج ملک میں کسان، دلت اور پسماندہ طبقہ کے لوگ سب سے زیادہ پریشان ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب عوام بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانے کا ذہن تیار کر چکی ہے۔ اس کا اشارہ مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان میں دیکھنے کو مل چکا ہے۔‘‘ مایاوتی نے بی جے پی کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بار کے انتخاب میں ان کی جملہ بازی نہیں چلے گی۔ ملک کے غریب، کسان، مزدور اور نوجوان بی جے پی کی ملک مخالف، کسان مخالف اور نوجوان مخالف پالیسیوں کا بھرپور جواب دیں گے۔

مودی حکومت کے ذریعہ اعلیٰ ذات کے غریب لوگوں کو 10 فیصد ریزرویشن دیے جانے پر اپنا رد عمل پیش کرتے ہوئے مایاوتی نے اچھا قدم قرار دیا لیکن ساتھ ہی کہا کہ مسلمانوں کے لیے بھی معاشی بنیاد پر الگ سے ریزرویشن دی جانی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ملک میں آزادی کے وقت سرکاری ملازمتوں میں مسلمانوں کی تعداد 33 فیصد تھی جو اب 2 سے 3 فیصد ہی رہ گئی ہے۔‘‘

میڈیا سے اپنے خطاب کے دوران مایاوتی نے نوئیڈا کے ایک پارک میں نماز پر لگائی گئی پابندی سے متعلق بھی اپنا نظریہ بیان کیا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس مذہب کی سیاست کر رہی ہیں۔ جمعہ کی نماز کو روکنے کے لیے جس طرح سے انھوں نے سرکاری مشینری کا استعمال کیا، اسے سبھی لوگوں نے دیکھا۔ بی جے پی اور آر ایس ایس نے بھگوانوں کو بھی ذات کی بنیاد پر بانٹ دیا ہے اور وہ تقسیم کی سیاست میں ہی یقین رکھتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Jan 2019, 2:07 PM