اہم خبریں: پاکستان میں افغانستانی سفیر کی بیٹی کا اغوا، بے انتہا اذیت کے بعد ملی آزادی

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

17 Jul 2021, 10:51 PM

پاکستان میں افغانستانی سفیر کی اغوا شدہ بیٹی آزاد

کابل: پاکستان میں افغانستان کے سفیر نجیب اللہ الخلیل کی بیٹی کا اغوا کر کے اسے اذیت دیئے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے حالانکہ بعد میں انہیں آزاد کردیا گیا۔ افغانی وزارت خارجہ نے ہفتہ کو ایک بیان میں کہا کہ افغانی سفیر کی بیٹی سلسلہ کو اسلام آباد میں کچھ نامعلوم افراد نے اس وقت اغوا کرلیا جب وہ اپنے گھر جارہی تھی۔ بعد میں محترمہ سلسلہ کو آزاد کر دیا گیا لیکن اس سے پہلے انہیں کئی گھنٹوں تک بری طرح اذیت دی گئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ قید سے رہا ہونے کے بعد محترمہ سلسلہ کا اسلام آباد کے ایک اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ وزارت نے واقعہ کی مذمت کی ہے اور سفارتکاروں، ان کے کنبوں اور پاکستان میں افغان سیاسی اور سفارتی مشن کے اسٹاف کے اراکین کی حفاظت پر تشویش کا اظہا رکیا ہے۔ وزارت نے پاکستانی حکومت سے مجرمین کی شناخت کرنے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔

17 Jul 2021, 9:19 PM

بی جے پی نے پیسے کا سہارا لے کر پنچایت الیکشن میں کامیابی حاصل کی: اکھلیش

سماجوادی پارٹی صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بی جے پی پر پنچایت الیکشن میں پیسے کا سہارا لے کر کامیابی حاصل کرنے کا الزام عائد کیا۔ اپنے بیان میں اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’بی جے پی نے کہا تھا کہ نوٹ بندی کے بعد بدعنوانی ختم ہو جائے گا لیکن بی جے پی نے جس طرح سے پیسہ اور انتظامیہ کی مدد لے کر ضلع پنچایت الیکشن میں نتائج حاصل کیے ہیں، اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔‘‘

17 Jul 2021, 8:07 PM

آرایس ایس نظریات والے لوگ پارٹی چھوڑ دیں تو ہی بہتر ہوگا: نسیم خان

ممبئی: کانگریس پارٹی کے کچھ لوگ اپنے مفاد کے لئے دوسری پارٹیوں میں جارہے ہیں۔ اس بارے میں راہل گاندھی کا موقف انتہائی درست ہے کہ جتنے بھی ڈرپوک لوگ ہیں وہ پارٹی چھوڑ دیں اور بے خوفی و دل جمعی کے ساتھ کام کرنے والے لوگوں کو موقع دیا جائے۔ یہ اس موقف کی بھرپورحمایت کرتے ہیں۔ یہ باتیں آج یہاں سابق وزیر ومہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے کارگزارصدر نسیم خان نے کہی ہیں۔ نسیم خان کا کہنا ہے کہ کانگریس پارٹی ملک کا سب سے قدیم وتجربہ کار پارٹی ہے۔ کانگریس کے نظریات کی ہی بنیاد پر ملک ترقی کرسکتا ہے۔ تمام طبقات، ذات برادری اور مذہب کے لوگوں کو کانگریس میں عزت اورموقع دونوں دیا جاتا ہے۔ راہل گاندھی کی لڑائی فاشسٹ نظریات کے حاملین سے ہے اور اس لڑائی میں ہم تمام کو راہل گاندھی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہنا چاہئے۔ نسیم خان نے کہا جو لوگ آر ایس ایس کے نظریات، ڈرپوک وپیچھے ہٹ جانے والے ہیں، ایسے لوگ راہل گاندھی وکانگریس کی لڑائی نہیں لڑسکتے۔ اس لئے راہل گاندھی نے جو موقف اختیار کیا ہے وہ انتہا ئی درست اور مناسب ہے۔ کانگریس کی نظریات کے ساتھ جن کی وابستگی ہے، ایسے تمام لوگوں کو ایک ساتھ آکر کانگریس پارٹی، محترمہ سونیا گاندھی وراہل گاندھی کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑے رہنا چاہئے۔


17 Jul 2021, 6:55 PM

اویسی اور بی جے پی ایک ہی سکہ کے دو پہلو ہیں: منور رانا

لکھنؤ: معروف شاعر منور رانا ایک بار پھر اپنے بیان سے سیاسی اتر پردیش کی سیاست میں گرمی پیدا کر دی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ آئندہ سال اتر پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں اگر یوگی آدتیہ ناتھ مجلس اتحادالمسلمین سربراہ اسد الدین اویسی کی وجہ سے وزیر اعلی بنتے ہیں تو وہ اس ریاست کو چھوڑ دیں گے۔ منور رانا نے ایک پرائیویٹ ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ہفتہ کے روز دعویٰ کیا کہ اویسی اور بی جے پی دراصل ایک ہی سکہ کے دو پہلو ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دنیا کو دکھانے کے لئے ایک دوسرے سے لڑتے ہیں لیکن حقیقت میں اویسی ووٹوں کو اس طرح پولرائز کرتے ہیں کہ اس کا فائدہ بی جے پی کو پہنچتا ہے۔

منور رانا نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ اگر یوپی کے مسلم اویسی کے جھانسے میں آکر ان کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلیمن کو ووٹ کریں گے تو ایسی صورت میں کوئی بھی یوگی آدتیہ ناتھ کو اترپردیش کا دوبارہ وزیر اعلی بننے سے نہیں روک سکے گا۔ اور اگر یوگی دوبارہ وزیر اعلی بنتے ہیں تو میں یہ سمجھوں گا کہ اب یہ ریاست مسلمانوں کے رہنے کے قابل نہیں ہے۔

17 Jul 2021, 6:07 PM

یو جی سی نے جاری کئے اکیڈمک کیلنڈر اور امتحانات کے لئے رہنما خطوط

نئی دہلی: یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے 2021-22 سیشن کے لئے اکیڈمک کیلنڈر اور امتحانات کے لئے رہنما خطوط جاری کر دیے ہیں، جس میں تمام یونیورسٹیوں کو 31 اگست 2021 سے پہلے آخری سال اور سمسٹر کے امتحانات منعقد کرانے کو کہا گیا ہے۔ یو جی سی کی طرف سے جمعہ کی دیررات جاری رہنما خطوط میں میں سنہ 2021 میں بیچلر ڈگری کے لئے داخلے میں سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل کرنے کو کہا گیا ہے۔ یو جی سی نے کہا کہ کالجوں میں داخلہ کا عمل سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای)، کونسل فار دی انڈین اسکول سرٹیفکیٹ ایگزیمینیشن (آئی سی ایس ای) اور ریاستی بورڈ کے 12 کے نتائج کے اعلان کے بعد شروع کیا جائے گا۔ یو جی سی نے رہنما خطوط میں کہا ہے کہ انڈرگریجویشن میں داخلے کا عمل یکم اگست 2021 سے شروع ہوگا، جبکہ نیا تعلیمی سیشن یکم اکتوبر 2021 سے شروع ہوگا۔ اس کے علاوہ یو جی سی نے تمام یونیورسٹیوں کو داخلے کا عمل 30 ستمبر 2021 تک ختم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ خالی نشستوں کو پر کرنے کے لئے 31 اکتوبر تک کا وقت دیا گیا ہے۔ یو جی سی نے کہا ہے کہ کسی بھی وجہ سے 12ویں کے کسی بھی بورڈ کے نتائج میں تاخیر ہوتی ہے تو نیا سیشن 18 اکتوبر سے شروع کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ نے 24 جون کو سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای کو 31 جولائی تک 12ویں کے نتائج جاری کرنے کی ہدایت دی تھی۔ ادھر ہماچل پردیش اور بہار سمیت کئی ریاستی بورڈوں نے 12ویں کے نتائج جاری کر دیئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔