اہم خبریں: 6 بڑے شہروں سے کوئی بھی جہاز اگلے تین ہفتے تک کلکتہ لینڈ نہیں کرے گا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

04 Jul 2020, 5:12 PM

چھ بڑے شہروں سے کوئی بھی جہاز اگلے تین ہفتے تک کلکتہ لینڈ نہیں کرے گا

کلکتہ: مغربی بنگال حکومت کے درخواست پر دہلی، ممبئی، پونے، ناگپور،چنئی اور احمد آباد سے آنے والی کوئی جہاں کلکتہ ائیر پورٹ پر اگلے تین ہفتے تک لینڈ نہیں کرے گا اور اس کی مدت سوموار سے شروع ہوگی۔ ائیر پورٹ اتھارٹی نے ٹوئٹ کرکے اطلاع دی ہے کہ مغربی بنگال حکومت کے درخواست کو قبول کرتے ہوئے ان چھ شہروں سے کوئی بھی فلائیٹ کلکتہ میں لینڈ نہیں کرے گی۔ اس سے قبل وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ جن ریاستوں اور شہروں میں تیزی سے کورونا وائرس پھیل رہا ہے وہاں سے ہوائی سروس بند کردی جائے۔ چیف سکریٹری نے باضابطہ تحریر طور پر بھی لکھا تھا۔ حکومت کے درخواست پر ہی ائیر پورٹ اتھارٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے۔

04 Jul 2020, 4:33 PM

ایک شخص کا لاٹھیوں سے پیٹ پیٹ کر قتل

جونپور:04جولائی(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع جونپور کے چندوک علاقے کے ہبو سنگھ گاؤں میں جمعہ کی دیر رات گھر سے بلا کر ایک شخص کو لاٹھیوں ڈنڈوں سے پیٹ پیٹ کر قتل کردیا گیا۔واردات کے پیچھے پرانی رنجش بتائی جارہی ہے۔پولیس نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ چندوک علاقے کے ہبو سنگھ گاؤں باشندہ سنوش یادو کو جمعہ کی رات کسی نے فون کر اطلاع دی کی کچھ لوگ اس کے ٹیوب ویل پر پہنچ کر توڑ پھوڑ کررہے ہیں۔اطلاع ملنے کے بعد سنتوش بائیک سے موقع کے لئے روانہ ہوگیا۔ گھر سے نکل کر جیسے ہی وہ نہر کے نزدیک پہنچا وہاں پہلے سے موجود کچھ لوگوں نے اس پر حملہ کردیا۔اور لاٹھی ڈنڈوں سے پیٹ پیٹ کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔اس ضمن میں پولیس نے رات میں دبش دے کر تین ملزمین کلپو رام، شیام رام ،سونو کو گرفتار کیا ہے۔مقامی افراد کے مطابق سنتو ش یادو کو کچھ دن قبل بچوں کےمعاملے میں ان لوگوں سے جھگڑا ہوا تھا۔کشیدگی کو دیکھتے ہوئے گاؤں میں پولیس فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔

04 Jul 2020, 4:14 PM

جونپور، 31 نئے افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

جونپور: اترپردیش کے ضلع جونپور میں ہفتہ کو ضلع رامپور تھانے کے 10 سپاہیوں و سی ایم او آفس کے ایک کلرک سمیت 31 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد ضلع میں مجموعی متاثرین کی تعداد بڑھ کر 590 ہوگئی ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ دنیش کمار سنگھ نے یہاں کہا کہ جانچ رپورٹ میں ضلع کے رامپور تھانے کے 10سپاہیوں کے ساتھ سی ایم او دفتر کے ایک کلر سمیت 31 لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ضلع میں متاثرین کی تعداد 590ہوگئی ہے جس میں سے 482 شفایاب ہوکر اپنے گھروں کو جاچکے ہیں جبکہ 09 افراد کی دوران علاج موت واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ضلع میں ایکٹیو مریضوں کی تعداد 99 ہے۔ جمعہ کو 344 نمونے جانچ کے لئے بھیج گئے تھے۔ ضلع میں اب تک کل 13292 نمونے جانچ کے لئے بھیجے جاچکے ہیں جن میں سے 11708 افراد کی رپورٹ موصول ہوچکی ہے۔ جبکہ 1584نمونوں کی رپورٹ آنی باقی ہے۔


04 Jul 2020, 3:42 PM

کانپور تصادم، وکاس دوبے کے گھر کو ضلع انتظامیہ نے کیا ملبے تبدیل

کانپور: کانپور تصادم کے مرکزی ملزم وکاس دوبے کا گھر ضلع انتظامیہ نے مسمار کردیا ہے، ساتھ ہی جے سی بی مشین سے مہیندرا سکارپیو، فورچونر، وہاں موجود دیگر گاڑیوں سمیت دو ٹریکٹروں کوبھی گھر کے ساتھ ملبے میں تبدیل کر دیا گیا۔

04 Jul 2020, 3:11 PM

پڈوچیری میں ایک دن میں 80 کورونا کے نئے معاملے، ایک ہلاک

پڈوچیری: مرکز کے زیر انتظام علاقہ پڈوچیری میں، ایک شخص کی کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے وبا کی وجہ سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موت ہوگئی ہے اور 80 نئے معاملات کی تصدیق کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 904 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق، یہاں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں جمعہ کی شام ایک شخص کی موت ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ نئے معاملات میں سے 76 پڈوچیری کے علاقے کیرائیکل اور یانم میں دو دو معاملے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہاں میڈیکل کالج میں 66، جیپمر میں 10، کرائیکل اور یانم کے سرکاری اسپتالوں میں دو، دو افراد داخل ہیں۔ اس مدت کے دوران، 21 مریضوں کو اسپتالوں سے فارغ کیا گیا ہے۔ اب تک 405 افراد کوصحت یابی کے بعد فارغ کردیا گیا ہے۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج سے 14، جیپمر کے دو، کووڈ کیئر سنٹر سے دو اور کرائیکل سے تین افراد کو فارغ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں اس وبا کی وجہ سے اب تک 14 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور مختلف اسپتالوں میں 485 فعال معاملات زیر علاج ہیں۔


04 Jul 2020, 2:40 PM

میونسپل کونسلر کی کورونا سے موت

ممبئی: مہاراشٹر کے پونے شہر میں واقع پمپری چنچوڑ کارپوریشن کے راشٹروادی کانگریس کے مونسپل کونسلر دتا سانے کی کورونا انفیکشن کے سبب آج یہاں ایک نجی اسپتال میں موت ہوگئی۔ پسماندگان میں ان کی اہلیہ اور دو بچے شامل ہیں۔ انھیں 25 جون کو بخار آنے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جس کے بعد ان کی کورونا رپورٹ مثبت آئی تھی۔ سانے گزشتہ تین مرتبہ سے مونسپل کونسلر کے عہدے پر فائز تھے۔ وہ میونسپل کارپوریشن میں اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داریاں بھی سنبھال چکے ہیں۔ راشٹروادی کانگریس کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے سانے کی موت کو پارٹی کا ایک بڑا نقصان قرار دیا۔

04 Jul 2020, 2:01 PM

کانپور تصادم، وکاس دوبے کے گھر کو کیا جارہا مسمار

کانپور: کانپور انکاؤنٹر کیس کے مرکزی ملزم وکاس دوبے کا گھر ضلع انتظامیہ مسمار کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز کانپور کے بیکارو واقع وکاس دوبے کو گرفتاری کرنے کے لئے اس کے گھر گئی تھی تو دونوں کے درمیان زبر دست فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا، جس میں 8 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔


04 Jul 2020, 1:46 PM

تاریخی چارمینار اور گولکنڈہ کا قلعہ سیاحوں کے لئے کھول دیا جائے گا

حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے تاریخی مقامات چارمینار اور گولکنڈہ کے قلعہ کو اس مہینہ کی 6 تاریخ سے دوبارہ سیاحوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔ کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظرپچھلے 3 ماہ سے ان سیاحتی مقامات پر سیاحوں پر روک لگادی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق محکمہ آثار قدیمہ نے ان مقامات کو دوبارہ سیاحوں کے لئے کھولنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ البتہ روزانہ صرف 2 ہزار سیاحوں کو داخلہ کی اجازت رہے گی ٹکٹس آن لائن فروخت کیے جائیں گے۔ ان تاریخی مقامات کا دورہ کرنے والے سیاحوں کے لئے لازمی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پرعمل کریں اور ماسک لگائیں۔

04 Jul 2020, 1:11 PM

چینی دراندازی پر لداخ کے لوگوں کے انتباہ کو نظر انداز کرنا بھاری پڑے گا... راہل گاندھی

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ لداخ کے محب وطن عوام چینی فوجیوں کی دراندازی کے بارے میں لگاتار چوکنا کر رہے ہیں، ان کے انتباہات کو نظرانداز کرنے سے ملک کو بہت نقصان ہوگا۔ راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا’’لداخ کے لوگ چینی دراندازیوں کے خلاف مستقل طور پر آواز اٹھا رہے ہیں۔ وہ چیخ چیخ کر اس کے بارے میں انتباہ کر رہے ہیں‘‘۔ راہل گاندھی نے کہا کہ حکومت کو ان کی آواز سننی چاہیے اور اسے دیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا’’ ان کی بات کو نظر انداز کرنا مہنگا پڑے گا۔ ہندوستان کی سلامتی کے لئے براہ کرم ان کی بات سن لیجئے‘‘۔


04 Jul 2020, 12:41 PM

فرانس نے جنگجوؤں کی کھوپڑیاں الجیریا کو واپس کر دیں

پیرس: انیسویں صدی میں الجیریا پر فرانسیسی قبضہ کے خلاف لڑنے والے 24 جنگجوؤں کی کھوپڑیاں فرانس نے الجیریا کو واپس کر دیں۔ الجیریا کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق صدرعبد المجید تبون نے فرانس کی جانب سے کھوپڑیاں بھیجنے کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ ان میں ایک اسلامی مبلغ امیر عبدالقادر کے اتحادی بھی شامل ہیں جو انیسویں صدی کے وسط میں فرانسیسی افواج کے خلاف جدوجہد میں قبائلیوں کے ایک گروہ کی قیادت کرتے رہے تھے۔ الجیریا کے صدر نےکہا کہ الجیریا دیگرشہیدوں کی باقیات بھی واپس لانے کے لئے پرعزم ہے۔ واضح رہے کہ 7 سال کی جنگ کے بعد فرانس نے 1830 میں الجیریا پر قبضہ کرلیا تھا اور 132 سال کی کوششوں کے بعد 1962 میں الجیریا نے فرانس سے آزادی حاصل کی۔

04 Jul 2020, 12:12 PM

بانڈی پورہ میں دریائے جہلم سے بغیر سر اور ٹانگوں کی ایک لاش برآمد

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سمبل علاقے میں دریائے جہلم سے ایک لاش برآمد کی گئی جس کا سر اور ٹانگیں کٹی ہوئی تھیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق سمبل علاقے میں کچھ لوگوں نے دریائے جہلم میں ایک بوسیدہ اور مسخ شدہ لاش کو تیرتے ہوئے دیکھا اور انہوں نے اس کے بارے میں متعلقہ پولیس اسٹیشن کو مطلع کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس لاش کا سر اور ٹانگیں کٹی ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ لاش کو طبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی کے لئے نزدیکی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔


04 Jul 2020, 11:40 AM

کانپور انکاؤنٹر میں بڑا خلاصہ، وکاس دوبے کی کال ڈیٹیل سے پولیس کے اڑے ہوش

اترپردیش کے کانپور میں گزشتہ جمعہ کو ہوئے ایک بڑے انکاؤنٹر میں آٹھ پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے، اس کے بعد سے پورا پولیس محکمہ حرکت میں ہے، یو پی پولیس گزشتہ 24 گھنٹوں سے لگتار موسٹ وانٹیڈ وکاس دوبے کی تلاش میں جگہ جگہ چھاپے ماری کر رہی ہے، ذرائع کے مطابق وکاس دوبے کی انکاؤنٹر کے دوران کچھ پولیس والوں سے بات چیت ہوئی ہے، اس کے ثبوت وکاس دوبے کی کال ڈیٹیل سے ملے ہیں۔

04 Jul 2020, 11:11 AM

جرمنی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1.96 لاکھ ہوئی

ماسکو: جرمنی میں عالمی وبا کورونا وائرس انفیکشن کے 422 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد بڑھ کر 196096 ہو گئی ہے۔ وزارت صحت سے وابستہ رابرٹ کوچ انسٹی ٹیوٹ نے ہفتے کے روز بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کی وجہ سے سات افراد ہلاک ہوئے ہیں، جس سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 9010 ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے ملک میں کورونا کی وبا پھیلی ہے، اب تک 181300 افراد کورونا انفیکشن سے نجات پانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

ملک میں ایک دن قبل کورونا انفیکشن کے 446 نئے کیس سامنے آئے تھے اور اس مہلک وائرس سے نو مریضوں کی موت ہوگئی تھی۔ عالمی ادارہ صحت نے 11 مارچ کو کووڈ 19 کو عالمی وبا قرار دیا۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق اس وقت سے اب تک دنیا میں ایک کروڑ 10 لاکھ افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور پانچ لاکھ 24 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔


04 Jul 2020, 10:12 AM

کورونا کے ریکارڈ 2.42 لاکھ سے زائد نمونوں کی ایک دن میں جانچ

نئی دہلی: ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ریکارڈ 242383 نمونوں کی جانچ کی گئی جس سے اب تک جانچ کئے جانے والے نمونوں کی کل تعداد بڑھ کر 9540132 ہوگئی ہے۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے ذریعہ سنیچر کو جاری اعداد و شمار کے مطابق اس دوران ملک میں کووڈ۔ 19 کی جانچ کرنے والی لیب کی تعداد بڑھ کر 1087 ہوگئی ہے۔ ان سبھی لیباریٹریز میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 242383 نمونوں کی جانچ کی گئی جس سے اب تک جانچ کئے گئے کل سیمپلوں کی تعداد بڑھ کر 9540132 ہوگئی ہے۔

04 Jul 2020, 9:41 AM

امریکہ میں طیارہ حادثہ میں چار افراد ہلاک

واشنگٹن: امریکہ میں یوٹاہ ریاست کے فورک کینیون پہاڑی علاقے میں ایک چھوٹا طیارہ حادثہ کا شکار ہوگیا جس میں چار افراد کی موت ہوگئی۔ نیوز ویب سائٹ اے بی سی 4 ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کی صبح مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے ایس جی ٹی اسپینسر کینن نامی طیارہ باکس ایڈر پارک علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ اس حادثے میں جہاز میں سوار سبھی چاروں افراد ہلاک ہوگئے۔ اس حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد راحتی اور امدادی کارکنوں کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ملبہ ہٹانے کے کام میں مصروف ہوگئی۔ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جارہی ہے۔


04 Jul 2020, 9:05 AM

پاکستان ٹرین حادثہ: ہلاکتوں کی تعداد 22 ہوگئی

اسلام آباد: پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شیخوپورہ کے قریب عقیدت مندوں سے بھری ایک وین اور ٹرین میں ٹکرکے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہوگئی۔ ریلوے کے ترجمان قرۃ العین نے جمعہ کی شب یہ اطلاع دی۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ علاج کے دوران اس حادثے میں زخمی ہونے والے تین افراد کی ہلاکت میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہلاکتوں میں متعدد بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ شاہ حسین ایکسپریس ٹرین جمعہ کے روز جنوبی بندرگاہی شہر کراچی سے لاہور کی طرف جارہی تھی۔ اسی دوران مشرقی صوبہ پنجاب کے شیخوپورہ میں فاروق آباد اور بحالی والا کے درمیان ریلوے کراسنگ پر وین ٹرین کی زد میں آگئی۔۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ وین ڈرائیور کی لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا۔ وہ جلدی میں ٹرین کو دیکھے بغیر ریلوے کراسنگ عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر سکھ یاتری تھے اور واقعہ کے وقت ننکانہ صاحب کی طرف لوٹ رہے تھے۔ پولیس افسر غازی صلاح الدین نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق شمال مغربی شہر پشاور کے رہائشی اور چار کنبوں سے ہے۔

04 Jul 2020, 6:48 AM

پاکستان کے وزیر خارجہ قریشی کورونا سے متاثر

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کورونا سے متاثر ہوگئے ہیں۔مسٹر قریشی نے جمعہ کو خود ٹوئٹ کرکے کورونا سے متاثرہونے کی اطلاع دی ہے۔ انہوں نے لکھا میں مجھے آج ہلکا بخار محسوس ہوا اور میں نے فوری طورپر خود کو گھر میں کورینٹائن کرلیا۔
مسٹر قریشی نے کہا کہ میں اب کورونا سے متاثر ہوں۔ اللہ کا شکر ہے کہ میں خود کو طاقتور اور توانائی سے بھرا محسوس کررہا ہوں۔ میں گھر سے اپنا کام کروں گا۔ برائے مہربانی تعاون کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */