اہم خبر: جموں و کشمیر میں 2 دہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ میں ٹرک ڈرائیور ہلاک

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

14 Oct 2019, 11:18 PM

جموں و کشمیر: دو دہشت گردوں نے ٹرک ڈرائیور پر کی اندھا دھند فائرنگ، ڈرائیور ہلاک

جموں و کشمیر کے شری مال میں دو دہشت گردوں نے ایک راجستھانی ٹرک پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے سبب ڈرائیور شریف خان کی موت ہو گئی۔ اس حملے میں ایک باغیچے کا مالک بھی زخمی ہو گیا ہے۔ پولس نے بتایا کہ حملہ آوروں میں ایک پاکستانی دہشت گرد ہے۔ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

14 Oct 2019, 8:22 PM

کسان خودکشی کر رہے ہیں اور وزیر اعلیٰ کہہ رہے ’سب ٹھیک ہے‘: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے یوگی حکومت پر حملہ بولا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’کتنا شرمناک ہے یہ۔ جب اتر پردیش میں کسان قرض کی وجہ سے خودکشی کر رہے ہیں، اسی وقت اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ وزیر دوسری ریاستوں میں جا کر بول رہے ہیں کہ اتر پردیش میں سب ٹھیک ٹھاک ہے۔‘‘

14 Oct 2019, 7:19 PM

پی ایم سی دھوکہ دہی معاملہ میں ایچ ڈی آئی ایل ڈائریکٹروں، پروموٹرس اور افسروں کی 3830 کروڑ کی ملکیت ضبط

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے پی ایم سی بینک دھوکہ دہی معاملہ میں ہاؤسنگ ڈیولپمنٹ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈ کے ڈائریکٹروں، پروموٹرس، پی ایم سی بینک کے افسروں اور دیگر متعلقہ اداروں کی ملکیت والی 3830 کروڑ روپے سے زیادہ کی ملکیت کو ضبط کر لیا ہے۔


14 Oct 2019, 6:17 PM

ایودھیا کیس: سپریم کورٹ نے سنی وقف بورڈ چیئرمین کو سیکورٹی مہیا کرانے کا دیا حکم

سپریم کورٹ نے اتر پردیش حکومت کو یو پی سنی وقف بورڈ کے چیئرمین ظفر احمد فاروقی کو سیکورٹی مہیا کرانے کا حکم دیا ہے۔ ایودھیا معاملہ میں ثالثوں میں سے ایک شری رام پنچو کے ذریعہ سے فاروقی نے عدالت کے پانچ ججوں کی آئینی بنچ کو مطلع کیا تھا کہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔

14 Oct 2019, 5:22 PM

بہار: جہیز کے مطالبہ سے تنگ اکر خاتون نے کی خود کشی

جموئی: بہار میں جموئی ضلع کے جموئی آدرش تھانہ علاقہ کے رضا نگر گاﺅں میں جہیز کے مطالبہ سے تنگ آکر ایک خاتون نے زہر کھاکر خود کشی کر لی۔ پولس ذرائع نے یہاں بتایا کہ رضا نگر گاﺅں باشندہ محمد رشید کی اہلیہ شائستہ پروین عرف چاندنی خاتون (28) کو اس کے سسرال والے جہیز کے مطالبے کو لیکر پریشان کیا کرتے تھے۔ اسی سے تنگ آکر چاندنی نے آج علی الصبح زہر کھا کر خود کشی کرلی۔ ذرائع نے بتایاکہ واقعہ کے بعد سے سسرال والے فرار ہیں۔ لاش پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی گئی ہے۔ پولس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔


14 Oct 2019, 4:16 PM

کشمیر میں پراسرار دھماکہ، سلامتی دستوں نے چلائی تلاشی مہم

سری نگر: جموں۔کشمیر کی گرمیوں کی راجدھانی سری نگر کے نئے علاقہ کے میں ایک پراسرار دھماکہ کے بعد پیر کو سلامتی دستوں نے محاصرہ کرکے تلاش مہم چلائی۔ سرکاری ذرائع نے یہاں بتایا کہ وسطی کشمیر میں بڈگام ضلع کے شیخ پورہ چادورہ میں اتوار کی شام دھماکہ میں ایک تھری وہیلر گاڑی کو نقصان پہنچا۔ حملے میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی رپورٹ نہیں ہے۔ دھماکہ کے اسبا ب کا اب تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج صبح سویرے سلامتی دستوں نے کرال پورہ سے باہر نکلنے کے تمام راستے بند کردیئے۔ علاقہ کو فوری طورپر چار وں طرف سے گھیر لیا گیا اور سلامتی دستوں نے تلاش مہم چلائی۔ اس معاملہ میں اب تک کوئی گرفتار ی نہیں ہوئی ہے۔

14 Oct 2019, 3:12 PM

حیدر آباد: عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبا کو پولس نے کیا گرفتار

حیدر آباد: شہر حیدر آباد کی عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبا نے آرٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ہڑتال میں شدت پیدا ہونے کے پیش نظر وزرا کی قیام گاہوں کے محاصرہ کے لیے طلبا تنظیموں کے لیڈران یونیورسٹی سے روانہ ہوئے تاہم پولیس نے ان کو حراست میں لے لیا۔ اس موقع پر احتجاجی طلبہ اور پولس کے درمیان بحث و تکرار ہو گئی۔ طلبا نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔صورتحال کو قابو میں کرنے میں پولس کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ اس احتجاج کے سبب کچھ دیر کے لئے حالات کشیدہ ہو گئے۔


14 Oct 2019, 2:18 PM

ایودھیا: متنازعہ مقام پر دیپ جلانا چاہتا تھا وی ایچ پی کارکن، نہیں ملی اجازت

وشو ہندو پریشد کو ایودھیا کے متنازعہ مقام پر دیپ جلانے کی اجازت نہیں ملی۔ رام مندر کے ریسیور کمشنر منوج مشر نے اس معاملے پر سپریم کورٹ کے حکم کا حوالہ پیش کیا اور کہا کہ یہاں پر روایتی پروگراموں کے علاوہ کسی دیگر جشن کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

14 Oct 2019, 12:55 PM

ایودھیا تنازعہ معاملہ، ہندوؤں کو زمین پر قبضہ نہیں، صرف پوجا کا حق ملا تھا... رجیو دھون

ایودھیا زمین تنازعہ معاملے میں سپریم کورٹ میں سماعت جاری ہے، مسلمانوں کی طرف سے وکیل راجیو دھون نے کہا کہ میں کسی ڈائری، شردھا یا وشواس کی بات نہیں کروں گا، ہندو فریق کا متنازع مقام پر کبھی قبضہ نہیں رہا تھا، انہیں صرف پوجا کا حق ملا تھا، کسی نے آج تک نہیں مانا ہے کہ ہندو فریق کا اندرونی احاطے پر قبضہ تھا۔


14 Oct 2019, 12:21 PM

کشمیر میں پوسٹ پیڈ موبائل سروس شروع

کشمیر میں پوسٹ پیڈ موبائل سروس شروع ہو گئی ہے، قریب 70 دن تک بند رکھے جانے کا بعد آج (پیر) دوپہر 12 بجے کے قریب موبائل سروس کو شروع ہو گئی ہے، ریاستی حکومت نے دو دن پہلے پوسٹ پیڈ خدمات پر پابندی ہٹانے کا فیصلہ لیا تھا۔

14 Oct 2019, 11:47 AM

جاپان میں طوفان ’ہیگی بیز‘ سے تباہی، 39 ہلاک اور 189 افراد زخمی

ٹوکیو: جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں تاریخ کے خطرناک ترین سمندری طوفان ’ہیگی بیز‘ نے تباہی مچا دی ہے، جس میں مختلف حادثات میں مرنے والوں کی تعداد 39 ہوگئی، 189 افراد زخمی اور 17 افراد اب بھی لاپتہ بتائے جارہے ہیں۔ موسلا دھار بارش کے بعد ٹوکیو سمیت متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو ریسکیو کرنے کا عمل جاری ہے۔

گزشتہ روز ٹوکیو سے ٹکرانے والے طوفان ’ہیگی بیز‘ نے ملک کے مشرقی حصے میں شدید تباہی مچائی ہے۔ موسلادھار بارشوں کے بعد ٹوکیو اور فوکوشیما سمیت کئی علاقے زیرآب آ گئے، دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی جبکہ سمندر میں لہریں بلند ہو گئیں۔ متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

طوفان کے باعث پونے 4 لاکھ گھروں کی بجلی بھی منقطع ہو چکی ہے۔ 14000 گھروں میں رہنے والوں کو پینے کا پانی میسر نہیں ہے۔ پورے ملک میں راحت مہم کیلئے27000 کارکنان کو لگایا گیا ہے۔ حکام نے ساحلی علاقوں کے 60 لاکھ سے زائد افراد کو انخلاء کی وارننگ بھی جاری کر رکھی ہے۔


14 Oct 2019, 11:13 AM

شمالی شام کی سات جیلوں میں 14600 آئی ایس دہشت گرد… روس

ماسکو: روس کی وزارت دفاع نے شمالی شام کے صوبہ الحسکہ کی جیلوں کا نقشہ جاری کرکے کہا ہے کہ یہاں آئی ایس کے کم از کم 14600 دہشت گرد موجود ہیں۔ روسی وزارت دفاع کے بیان کے مطابق شمال مشرقی شام میں آئی ایس دہشت گردوں کے لئے سات جیل ہیں جن میں 14600 دہشت گرد ہیں اور آئی ایس حامیوں کے خاندانوں سمیت مہاجرین کے آٹھ کیمپ ہیں۔

وزارت نے کہا کہ آئی ایس کے زیادہ تر دہشت گرد، شدادی جیل میں 9000، الحویل میں 1600 اور الووا میں 1500 دہشت گرد ہیں۔ اس کے علاوہ الحسکہ اور المالکیہ کی مرکزی جیلوں میں 1100 اور 650 دہشت گردوں کو رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 106000 بے گھر لوگ آٹھ کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ دہشت گرد تنظیم آئی ایس نے 2011 میں شام میں خانہ جنگی کے بعد ملک کے بڑے حصے پر قبضہ کر لیا تھا۔ لیکن 2017 میں بشا رالاسد حکومت کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا تھا ملک میں دہشت گرد تنظیم کو شکست دے دی گئی ہے۔

14 Oct 2019, 10:18 AM

پاکستان کے خیبر پختونخوا میں 5.8 شدت کا زلزلہ

اسلام آباد: پاکستان کے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں، قبائلی اضلاع اور وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں پیر کی صبح ایک مرتبہ پھر زلزلہ محسوس کیا گیا۔ زلزلہ پیما ادارہ کے مطابق زلزلہ کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز کوہ ہندو کش افغانستان تھا جبکہ اس کی گہرائی 157 کلو میٹر تھی۔

روزنامہ ’ڈان‘ کے مطابق صبح 6 بج کر 11 منٹ پر آنے والا زلزلہ پشاور، مالاکنڈ، چارسدہ، مردان، وزیرستان، دیر، چترال، نوشہرہ، مانسہرہ، ہزارہ ڈویژن، بٹ گرام کے ساتھ ساتھ راولپنڈی اور اسلام آباد کے گرد و نواح میں بھی محسوس کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی صبح آنے والے اس زلزلہ سے ابتدائی طور پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، البتہ زلزلہ سے عوام میں خوف ہراس پھیل گیا اور لوگ قرآنی آیات پڑھتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔