اہم خبر: جے این یو طلبا کی تحریک رنگ لائی، بڑھی ہوئی فیس واپس

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

13 Nov 2019, 4:59 PM

طلبا کے احتجاج کے سامنے جھکی جے این یو انتظامیہ، بڑھی ہوئی فیس واپس!

جے این یو طلبا گزشتہ کئی دنوں سے ہاسٹل اور میس کا کرایہ بڑھانے کے ساتھ ساتھ ہاسٹل کے قوانین سخت کیے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ان کی یہ تحریک آج اس وقت رنگ لائی جب یونیورسٹی انتظامیہ نے بڑھی ہوئی فیس واپس لینے کا فیصلہ کیا۔ لگاتار بڑھ رہے احتجاجی مظاہرہ کے پیش نظر جے این یو انتظامیہ نے بڑھی ہوئی فیس واپس لینے کا قدم اٹھایا ہے۔ ساتھ ہی معاشی طور سے کمزور طلبا کی مدد کے لیے منصوبہ شروع کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔

13 Nov 2019, 3:45 PM

مہاراشٹر: کانگریس لیڈروں کے ساتھ ادھو ٹھاکرے کی میٹنگ ختم

کانگریس کی تشکیل کردہ کمیٹی میں شامل لیڈروں سے شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے حکومت سازی کے لیے انتہائی اہم میٹنگ کی۔ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ بات چیت شروع ہو چکی ہے اور جو بھی فیصلہ لیا جائے گا، اس کے تعلق سے جلد ہی وہ میڈیا کو مطلع کریں گے۔

13 Nov 2019, 3:11 PM

کولکاتا: مظاہرہ کرنے والی بی جے پی لیڈر رم جھم مترا پولس حراست میں

مغربی بنگال میں مظاہرہ کرنے والی بی جے پی لیڈر رم جھم مترا کو کولکاتا پولس نے ان کے ساتھیوں کے ہمراہ حراست میں لے لیا ہے۔ حراست میں لیے جانے کے بعد رم جھم مترا نے میڈیا کو بتایا کہ انھوں نے احتجاجی مظاہرہ کے لیے پہلے سے اجازت لے رکھی تھی اس کے باوجود انھیں اور ان کے ساتھیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔


13 Nov 2019, 2:44 PM

آر ٹی آئی کے دائرے میں آیا آفس آف چیف جسٹس

آر ٹی آئی سے متعلق سپریم کورٹ نے ایک بڑا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ اب آفس آف چیف جسٹس بھی اس کے دائرے میں آئے گا۔ عدالت نے کہا کہ شفافیت کو کسی بھی جگہ نظرانداز نہیں کیا جا سکتا اور عدالتی خود مختاری میں بھی شفافیت ہونی چاہیے۔

13 Nov 2019, 2:11 PM

مہاراشٹر: حکومت سازی کا راستہ ہموار کرنے کے لیے این سی پی نے بھی بنائی کمیٹی

کانگریس کے بعد این سی پی نے بھی ایک ایسی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو مہاراشٹر میں حکومت سازی کے لیے راستے ہموار کرے گی۔ این سی پی نے اس کمیٹی میں جینت پاٹل، اجیت پوار، چھگن بھجبل، دھننجے منڈے اور نواب ملک کو شامل کیا ہے۔ یہ افراد کانگریس اور شیو سینا سے حکومت سازی کے لیے ضروری مقاصد پر بات چیت کریں گے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ کمیٹی ایک کم از کم مشترکہ پروگرام بھی تیار کرے گی جس پر کانگریس اور شیوسینا کی رضامندی شامل ہوگی۔


13 Nov 2019, 12:58 PM

مہاراشٹر: سنجے راؤت نے اسپتال سے چھٹی کے بعد کہا ’وزیر اعلیٰ شیوسینا کا ہی ہوگا‘

سینے کی شکایت کے بعد ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں داخل سنجے راؤت کو چھٹی مل گئی ہے۔ اب ان کی طبیعت ٹھیک ہے اور اسپتال سے نکلنے کے بعد میڈیا سے انھوں نے سیاسی ماحول پر بات چیت بھی کی۔ انھوں نے ایک بیان میں واضح لفظوں میں کہہ دیا کہ اس مرتبہ ریاست کا وزیر اعلیٰ شیوسینا سے ہی ہوگا۔

13 Nov 2019, 12:34 PM

مہاراشٹر: کانگریس کی تشکیل نئی کمیٹی نکالے گی حکومت سازی کے لیے راستہ

کانگریس نے این سی پی کے ساتھ کم از کم مشترکہ پروگرام پر بات چیت کے لیے مہاراشٹر کے لیڈروں کی ایک کمیٹی بنائی ہے۔ کمیٹی میں اشوک چوان، پرتھوی راج چوان، مانک راؤ ٹھاکرے، بالا صاحب تھوراٹ اور وجے ودیٹیوار شامل ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کانگریس نے یہ کمیٹی فوری طور پر اس لیے تشکیل دی ہے تاکہ مہاراشٹر میں حکومت سازی کے لیے راستہ ہموار ہو سکے۔


13 Nov 2019, 12:10 PM

سبریمالہ مندر معاملہ پر سپریم کورٹ کل سنائے گی فیصلہ

سبریمالہ مندر میں خواتین کے داخلے سے متعلق معاملہ میں داخل نظر ثانی عرضی پر سپریم کورٹ کل فیصلہ سنائے گا۔ میڈیا ذرائع سے موصول خبروں کے مطابق 14 نومبر کی صبح 10.30 بجے سبریمالہ مندر جیسے حساس معاملہ پر فیصلہ آئے گا۔ قابل ذکر ہے کہ عدالت عظمیٰ نے پہلے سبھی عمر کی خواتین کو مندر میں داخل کرنے کا حکم دیا تھا جس پر کافی ہنگامہ برپا ہوا اور نظر ثانی عرضی داخل کی گئی۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہے کہ سپریم کورٹ اپنا فیصلہ برقرار رکھتا ہے یا پھر اس میں کوئی تبدیلی ہوتی ہے۔

13 Nov 2019, 11:50 AM

افغانستان: کابل میں کار بم دھماکہ، 7 افراد ہلاک، متعدد زخمی

افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے بتایا کہ ’’کابل کے پی ڈی 15 علاقے میں کار بم دھماکہ میں کم از کم 7 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ اس دھماکہ میں 7 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔‘‘


13 Nov 2019, 11:20 AM

کرناٹک: 17 دھوکہ باز اراکین اسمبلی کو سپریم کورٹ نے بھی نااہل ٹھہرایا

کرناٹک کے باغی اراکین اسمبلی کو نااہل ٹھہرائے جانے کے خلاف داخل عرضی پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آ گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے بھی 17 دھوکہ باز اراکین اسمبلی کو نااہل ٹھہرایا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ’’استعفیٰ دینے سے اسپیکر کے اختیارات ختم نہیں ہو جاتے۔ حالانکہ نااہلیت کے معاملے میں اراکین اسمبلی کو اپنی بات رکھنے کا موقع ملنا چاہیے۔‘‘

13 Nov 2019, 10:41 AM

مہاراشٹر: سیاسی ہنگامہ ہنوز جاری، شرد پوار کی این سی پی لیڈروں کے ساتھ میٹنگ

مہاراشٹر میں صدر راج نافذ ہونے کے بعد بھی سیاسی سرگرمیاں تیز ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق این سی پی سربراہ شرد پوار پارٹی کے اہم لیڈروں کے ساتھ ممبئی واقع وائی بی چوان سنٹر میں میٹنگ کر رہے ہیں۔ اس میٹنگ میں این سی پی لیڈر اجیت پوار بھی شامل ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس میٹنگ میں اس بات پر غور و خوض ہوگا کہ صدر راج نافذ ہونے کے بعد ان کے پاس کیا راستے حکومت سازی کے لیے بچے ہیں یا پھر شیوسینا کے ساتھ کس طرح کی بات آگے کی جا سکتی ہے۔


13 Nov 2019, 10:10 AM

معاشی سست روی پر پرینکا گاندھی نے کیا مودی حکومت پر پھر حملہ، کہا ’اولا-اوبیر تھیوری فلاپ‘

معیشت میں سستی کو لے کر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک بار پھر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کہا ہے کہ ’’اولا-اوبیر تھیوری اور فلم ہٹ تھیوری کے بری طرح سے فلاپ ہونے کے بعد اب حکومت کی وزیر مالیات نے مالی بحران کے بارے میں قبول نامہ دیا ہے۔ کل پہلی بار ان کو لگا کہ مندی ہے۔‘‘

13 Nov 2019, 9:31 AM

مہاراشٹر میں بی جے پی کی ہی حکومت بنے گی: نارائن رانے

کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے سابق وزیر اعلیٰ نارائن رانے نے کہا ہے کہ ریاست میں بی جے پی کی ہی حکومت بنائے گی اور اس کے لیے کوششیں شروع ہو گئی ہیں۔ رانے نے کہا ہے کہ جس کو جس کے ساتھ جانا ہو جائے لیکن بی جے پی 145 اراکین اسمبلی کی حمایت کے ساتھ گورنر کے پاس جائے گی۔ حالانکہ بی جے پی لیڈر سدھیر منگنٹیوار نے رانے کے بیان کو ان کا ذاتی بیان قرار دیا ہے۔ علاوہ ازیں سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے بھی ریاست میں مستحکم حکومت بننے کی امید ظاہر کی ہے۔


13 Nov 2019, 8:34 AM

دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی ایک بار پھر بڑھی، دھند میں اضافہ

دہلی-این سی آر میں بدھ کی صبح کافی دھند دیکھنے کو ملی اور ائیر انڈیکس میں ہوا کا معیار بھی کافی خراب ہے۔ دیوالی کے بعد جو آلودگی کم ہونی شروع ہوئی تھی، وہ ایک بار پھر بڑھنے لگی ہے۔ آر کے پورم کا اے کیو آئی یعنی ائیر کوالٹی انڈیکس447 دیکھنے کو ملا جو کافی خراب ہے۔ کچھ ایسی ہی حالت نوئیڈا، آنند وہار اور دہلی و این سی آر کے دوسرے مقامات کی بھی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */