شیوسینا-این سی پی-کانگریس نے ہوٹل حیات میں کیا ’طاقت‘ کا مظاہرہ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

25 Nov 2019, 8:11 PM

ہوٹل حیات میں شیوسینا-این سی پی-کانگریس کے اراکین اسمبلی نے آئین بچانے کا اٹھایا حلف

ممبئی کے ہوٹل حیات میں شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کے 162 اراکین اسمبلی نے نہ صرف میڈیا کے سامنے پریڈ کر حکومت سازی کے لیے ضروری نمبر کا مظاہرہ کیا بلکہ آئین کو بچانے کا حلف بھی اٹھایا۔ اس موقع پر این سی پی سربراہ شرد پوار، شیوسینا سربرا ادھو ٹھاکرے اور کانگریس کے سینئر لیڈر ملکارجن کھڑگے بھی موجود تھے۔ شرد پوار نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم یہاں مہاراشٹر کی عوام کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ریاست میں ایک ایسی حکومت بنی ہے جس کے پاس اکثریت نہیں ہے۔ کرناٹک، گوا اور منی پور میں بھی بی جے پی کے پاس اکثریت نہیں تھی اور انھوں نے حکومت بنائی، لیکن مہاراشٹر میں ایسا نہیں ہونے دیا جائے گا۔‘‘

شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کے سرکردہ لیڈروں کی موجودگی میں 162 اراکین اسمبلی نے متحد رہنے اور آئین کو بچانے کا حلف بھی لیا۔ اراکین اسمبلی کو تینوں پارٹی کے سربراہان یعنی ادھو ٹھاکرے، شرد پوار اور سونیا گاندھی کا نام لے کر بدنیتی سے کوئی کام نہیں کرنے اور بی جے پی کی حمایت نہیں کرنے کا حلف دلایا گیا۔ اس موقع پر بابا صاحب امبیڈکر اور چھترپتی شیواجی مہاراج کے نام پر نعرے بھی لگے۔

25 Nov 2019, 7:13 PM

مہاراشٹر کے ہوٹل حیات میں 162 اراکین اسمبلی کی پریڈ کچھ ہی دیر میں، شرد پوار پہنچے

ممئی کے ہوٹل گرانڈ حیات میں شیوسینا-این سی پی-کانگریس کے 162 اراکین پارلیمنٹ کے پریڈ کی سبھی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں اور بہت خاص انتظام دیکھنے کو مل رہا ہے۔ این سی پی سربراہ شرد پوار بھی ہوٹل حیات پہنچ گئے ہیں اور میڈیا کی ایک بڑی تعداد ہوٹل میں موجود ہے۔ چونکہ سبھی 162 اراکین اسمبلی کی پریڈ میڈیا کے سامنے ہوگی اس لیے ہوٹل میں کافی ہلچل دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اس پریڈ کے ذریعہ شیوسینا-این سی پی-کانگریس اپنی طاقت دکھانا چاہتے ہیں اور دنیا کے سامنے یہ بات رکھنا چاہتے ہیں کہ بی جے پی نے غلط طریقے سے حکومت سازی کی کوشش کی ہے۔

25 Nov 2019, 6:11 PM

ممبئی میں شام 7 بجے ایک ساتھ نظر آئیں گے شیوسینا-کانگریس-این سی پی کے 162 اراکین اسمبلی

شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے اعلان کیا ہے کہ آج شام 7 بجے شیوسینا، این سی پی اور کانگریس اپنے 162 اراکین اسمبلی کو میڈیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ سنجے راؤت نے ٹوئٹ کر بتایا کہ حیات ہوٹل میں تینوں پارٹیوں کے 162 اراکین اسمبلی شام 7 بجے میڈیا کے سامنے آئیں گے۔


25 Nov 2019, 5:12 PM

سپریم کورٹ نے سبھی ریاستوں کو نوٹس جاری کر آلودہ ہوا اور پانی سے متعلق مانگا جواب

سپریم کورٹ نے سبھی ریاستوں اور مرکز کے ماتحت ریاستوں کو نوٹس جاری کیا کہ وہ 6 ہفتے میں جواب دیں کہ لوگوں کو صاف پینے کا پانی اور ہوا دستیاب نہیں کرانے کے لیے معاوضے کی ادائیگی کیوں نہیں کی جانی چاہئیں۔

25 Nov 2019, 3:53 PM

اجیت پوار کو ملی بڑی راحت، سینچائی گھوٹالہ میں کلین چٹ

70 ہزار کروڑ روپے کی سینچائی گھوٹالہ معاملہ میں اجیت پوار کو کلین چٹ مل گئی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے تقریباً 48 گھنٹے بعد ہی انھیں انسداد بدعنوانی بیورو یعنی اے سی بی نے بڑی راحت دیتے ہوئے کیس بند کرنے کا اعلان کر دیا۔


25 Nov 2019, 3:12 PM

لوگ ہم پر ہنس رہے ہیں کہ ہم پرالی جلانے پر کنٹرول نہیں کر سکتے: سپریم کورٹ

سپریم کورٹ میں آلودگی کے معاملے میں سماعت کرتے ہوئے جسٹس ارون مشرا نے کہا کہ ’’ملک پر لوگ ہنس رہے ہیں کہ ہم پرالی جلانے پر کنٹرول نہیں کر سکتے۔ الزام اور جوابی الزام کے ذریعہ لوگوں کی خدمت نہیں کی جا سکتی ہے۔ آپ لوگ الزام لگانے کا کھیل بند کیجیے۔ آلودگی کو آپ سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔‘‘

25 Nov 2019, 2:13 PM

مزید ایک این سی پی لیڈر دہلی سے ممبئی واپس

این سی پی رکن اسمبلی انل پاٹل جو مبینہ طور سے لاپتہ تھے، انھیں این سی پی کے لیڈر دہلی سے ممبئی لے کر پہنچ گئے ہیں۔ این سی پی لیڈروں نے بتایا کہ ’’جب ہم ہوٹل (دہلی میں) پہنچے، تو کم از کم 200-100 بی جے پی کارکنان وہاں موجود تھے، اس کے ساتھ ہی وہاں پولس بھی سول ڈریس میں موجود تھی، ہم انھیں دیکھ کر ڈر گئے تھے۔‘‘


25 Nov 2019, 1:12 PM

بی جے پی نے جمہوریت کو کیا اغوا، فلور ٹیسٹ میں ملے گا کرارا جواب... کانگریس

سپریم کورٹ کی طرف سے مہاراشٹر پر فیصلہ محفوظ رکھنے کے بعد کانگریس کے ترجمان رنديپ سنگھ سرجے والا اور کانگریس کے سینئر لیڈر پرتھوی راج چوہان نے میڈیا سے بات کی۔ سرجے والا نے کہا، ’’مہاراشٹر میں ایک ناجائز حکومت بنائی گئی ہے، ہم نے کورٹ سے درخواست کی ہے کہ اکثریت ثابت کرنے کے لئے جلد سے جلد فلور ٹیسٹ کرایا جائے۔ سپریم کورٹ کو ہم نے 154 اراکین اسمبلی کی حمایت کا خط مع دستخط کے دکھائے ہیں۔ کورٹ نے دونوں فریقوں کو سننے کے بعد فیصلہ محفوظ رکھ لیا ہے، کل 10.30 بجے فیصلہ آئے گا۔ ہمیں ایسا یقین ہے کہ مہاراشٹر میں جمہوریت کی جیت ہوگی۔ انہوں نے جمہوریت کو اغوا کیا ہے، انہیں فلور ٹیسٹ میں کرارا جواب ملے گا‘‘ـ

25 Nov 2019, 12:55 PM

ممبئی: راج بھون میں کانگریس، این سی پی اور شیوسینا نے افسران کو دیا حمایت کا خط

ممبئی میں راج بھون میں حکام سے مل کر کانگریس، این سی پی اور شیوسینا نے حمایت کا خط سونپ دیا ہے، میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہاراشٹر کانگریس کے صدر بالا صاحب تھوراٹ نے کہا کہ ان کے اتحاد کو 162 ممبران اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔ این سی پی اراکین کے رہنما جینت پاٹل نے کہا کہ بی جے پی کے پاس حمایت نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں موجودہ حکومت کا قیام جھوٹے کاغذات اور دستاویزات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔


25 Nov 2019, 11:57 AM

سپریم کورٹ میں مہاراشٹر بحران پر بحث پوری، کل 10.30 بجے سنائے گا فیصلہ

مہاراشٹر پر اب سپریم کورٹ کل 10.30 بجے فیصلہ سنائے گا. اپوزیشن کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ کورٹ جلد سے جلد فلور ٹیسٹ کرائے.

25 Nov 2019, 11:13 AM

سپریم کورٹ نے پوچھا، کیا وزیر اعلی کو ایوان میں اکثریت حاصل ہے؟

مہاراشٹر حکومت کی طرف سے سپریم کورٹ میں اپنی بات رکھ رہے مکل روہتگی سے صاف صاف الفاظ میں سپریم کورٹ نے پوچھا ہے کہ کیا موجودہ وزیر اعلی کو اسمبلی میں اکثریت حاصل ہے، مکل روہتگی نے کورٹ سے کہا کہ مہاراشٹر میں جو بھی ہوا ہے وہ آئین کے دائرہ میں ہوا ہے۔


25 Nov 2019, 10:51 AM

مہاراشٹر معاملہ پر سپریم کورٹ میں سماعت شروع

بی جے پی کو مہاراشٹر گورنر کی جانب سے حکومت بنانے کی اجازت دینے کو لے کر سپریم کورٹ میں سماعت شروع ہو گئی ہے، سالیسٹر جنرل تشار مہتہ نے حکومت بنانے سے منسلک دستاویزات کورٹ کو سونپ دیئے ہیں۔

25 Nov 2019, 10:12 AM

بی جے پی مہاراشٹر میں آئین کی خلاف ورزی کررہی ہے... پرینکا

نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مہاراشٹر میں کرناٹک کے کھیل کو دہرا رہی ہے اور آئینی اداروں کو اغوا کرکے آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ پرینکا واڈرا نے پیر کو ٹوئٹ کیا، ’’ٹی وی دکھا رہا ہے کہ بی جے پی مہاراشٹر میں اداروں اور آئین کو پامال کرتے ہوئے کرناٹک کے کھیل کو دوبارہ دہرانے کی کوشش کر رہی ہے‘‘

انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں ہزاروں کسان خودکشی کر رہے ہیں لیکن بی جے پی کو ان کی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، ’’مہاراشٹر میں 12000 کسانوں نے خودکشی کرلی۔ بی جے پی حکومت کی جیب سے ان کے لئے مدد نہیں نکلی’’۔ پارٹی کی جنرل سکریٹری نے بی جے پی کے وہاں حکومت بنانے کے اقدام کو مینڈیٹ کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا ،’’کیا ہم مینڈیٹ کو کھلے عام اغوا کرنے کے دورمیں پہنچ گئے ہیں‘‘۔


25 Nov 2019, 9:09 AM

مہاراشٹر معاملہ پر سپریم کورٹ میں آج پھر ہوگی سماعت

مہاراشٹر میں گورنر کوشیاری کی طرف سے بی جے پی کو حکومت بنانے کی اجازت دینے کے معاملے میں آج پھر سپریم کورٹ میں سماعت ہوگی، کانگریس، این سی پی اور شیوسینا نے گورنر کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔ اس سے پہلے اتوار کو سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے حکومت بنانے سے منسلک تمام دستاویزات طلب کیے تھے۔

25 Nov 2019, 8:53 AM

شردپوار نے اجیت پوار کے دعووں کو جھٹلایا، دوبارہ پارٹی میں لانے کی کوشش

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شردپوار نے اپنے بھتیجے کے دعووں کو جھٹلا دیا ہے کہ ان کی پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ اتحاد قائم کرکے حکومت تشکیل دے گی۔ انہوں نےکہا کہ بی جے پی کے ساتھ حکومت کی تشکیل کا کوئی سوال ہی نہیں پیدا ہوتا ہے، این سی پی نے شیوسینا اور کانگریس کے ساتھ حکومت سازی کا فیصلہ لیا ہے۔ اجیت پوار کا بیان غلط اور بے بنیاد ہے اور ان کی کوشش ہے کہ بدگمانی کیساتھ عوام کے درمیان کنفیوژن پیدا کیاجائے۔ ان کا ٹوئٹ اس وقت سامنے آیا جب اجیت پوار نے اپنی۔چپی توڑتے ہوئے مسلسل ٹوئٹ کر نا شروع کیا جس میں وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا گیا ہے اور اس بات زور دے رہے ہیں کہ وہ اب بھی این سی پی سے وابستہ ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */