گورنر نانا ہیں کیا جو کہیں گے ہو جائے گا، ماریں گے گھونسے گھونسے: بی جے پی لیڈر

بہار میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل سی نے گورنر ستیہ پال ملک کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کیا ہے جس کا ویڈیو آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے شیئر کرتے ہوئے حکومت بہار کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی لیڈروں کے اندر کی غنڈہ گردی ایک بار پھر ابھر کر سامنے آ گئی ہے۔ تازہ معاملہ بہار کے بھارتیہ جنتا پارٹی ایم ایل سی نول کشور کا ہے جنھوں نے گورنر کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کر اس عہدہ کے وقار کو مجروح کیا ہے۔ انھوں نے بہار کے گورنر ستیہ پال ملک کو گھونسہ مارنے کی دھمکی تک دے ڈالی۔

دراصل سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے اپنے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں بی جے پی لیڈر نول کشور گورنر ستیہ پال ملک کے خلاف ناراض نظر آ رہے ہیں اور انھیں گھونسہ مارنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ’’راجیہ پال نانا کا ہیں کہ جو کہہ دیں گے سو ہو جائے گا، ماریں گے گھونسے گھونسے۔‘‘ تیجسوی نے اس ویڈیو کے ساتھ حکومت بہار اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’بہار کے گورنر ایجوکیشن مافیا اور ریاست میں بگڑتے قانونی نظام کو پٹری پر لانے کے لیے کام کر رہے ہیں تو بی جے پی ایم ایل سی کھلے عام انھیں دھمکی دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی تیجسوی نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’کیا بی جے پی غنڈوں کی پارٹی نہیں ہے جو گورنر کو مارنے اور دھمکانے میں بھی کوئی جھجک محسوس نہیں کرتے۔ کتنا شرمناک ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ بہار میں ستیہ پال ملک نے ایجوکیشن مافیا کے خلاف زبردست تحریک شروع کی ہے۔ گزشتہ دنوں انھوں نے ریاست میں کالجوں کے لیے فیس، بی ایڈ کالجوں کی تعلیم اور داخلے کے لیے یکساں قوانین و ضوابط بنانے کی ہدایت دی تھی اور اس سلسلے میں ایجوکیشن مافیا کافی پریشان ہے۔ اب جب کہ بی جے پی ایم ایل سی نے گورنر کو دھمکانے جیسا قدم اٹھایا ہے تو بہار میں اپوزیشن اس ایشو کو زور و شور سے اٹھا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔