’رتھ یاترا‘ نکالنے میں ناکام BJP لیڈر نے ممتا بنرجی کا موازنہ کم جونگ سے کیا

بی جے پی لیڈر گری راج سنگھ کا کہنا ہے کہ ممتا بنرجی کے دور اقتدار میں بنگال میں جمہوریت ختم ہوچکی ہے اور وہ بھی کم جونگ کی طرح اپنے مخالفین کے ساتھ ظالمانہ سلوک کرتی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کولکاتا: مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا موازنہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ سے کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کے طریقہ کار میں کوئی فرق نہیں ہے۔ گری راج سنگھ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کم جونگ اپنے والد کی موت کے بعد اقتدار میں آنے کے بعد جس طریقے سے حکومت کر رہے ہیں وہ ہمارے سامنے آئے ہیں۔ شمالی کوریا میں جمہوریت اور اظہار رائے کی آزادی نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ گری راج سنگھ نے کہا کہ ممتا بنرجی کے دور اقتدار میں بنگال میں جمہوریت ختم ہوچکی ہے۔ ممتا بنرجی بھی کم جونگ کی طرح اپنے مخالفین کے ساتھ سلوک کرتی ہیں۔

خیال رہے کہ بی جے پی کی رتھ یاترا کی اجازت نہیں ملنے کے بعد سے ہی ممتا بنرجی بی جے پی لیڈروں کے نشانے پر ہیں۔گری راج سنگھ کا یہ بیان بھی اسی تناظر میں ہے۔بی جے پی کی رتھ یاترا ریاست میں تین مرحلے میں نکلنے والی تھی۔جس میں بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ،وزیر اعظم مودی، یوگی آدتیہ ناتھ جیسے لیڈران شریک ہونے والے تھے۔اس وقت یہ معاملہ سپریم کورٹ کے زیر غور ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Dec 2018, 6:09 PM