بہار پھر بنا موب لنچنگ کا گواہ، چوری کے شک میں نوجوان کا پیٹ پیٹ کر قتل

بہار کے سیتامڑھی ضلع میں ایک نوجوان کو بھیڑ نے صرف اس لیے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا کیونکہ ایک گاڑی ڈرائیور نے اس پر چوری کا الزام عائد کیا۔ اس سلسلے میں 150 لوگوں پر کیس درج کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ملک میں موب لنچنگ کے واقعات کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ بہار ایک بار پھر موب لنچنگ کا گواہ بنا ہے اور اس بار ریاست کے سیتامڑھی ضلع میں ایک شخص کا بھیڑ نے قتل کر دیا۔ سیتامڑھی کے ریگا تھانہ کے تحت رمنگرا گاؤں کے قریب ایک نوجوان کو ایک پِک اَپ وین ڈرائیور کے اس الزام پر بھیڑ نے مبینہ طور پر پیٹ پیٹ کر مار ڈالا کہ اس نے اس سے روپے چھینے ہیں۔ مہلوک کا نام روپیش جھا بتایا جا رہا ہے۔ پولس نے تقریباً 150 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ عینی شاہدین نے واقعہ کا ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا۔

اس قتل معاملے پر پولس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کمار ویر دھیریندر نے بتایا کہ متاثرہ کا نام روپیش جھا تھا۔ا سے اتوار کو گاؤں والوں نے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔ وہ سنگرہیا گاؤں کا رہنے والا تھا۔ واقعہ کے بارے میں پتہ چلتے ہی پہلے تو اسے صدر اسپتال لے جایا گیا جہاں سے اسے پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل کے لیے ریفر کر دیا گیا۔ بعد میں اس کی موت ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ تقریباً 200 لوگوں کی بھیڑ نے اسے لات گھونسوں اور ڈنڈوں سے پیٹا۔

کمار ویر دھیریندر نے مزید بتایا کہ اس معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ موت کے پیچھے کی اصل وجہ جانچ کے بعد ہی سامنے آئے گی۔ ابتدائی جانچ میں صرف اتنا ہی پتہ چل پایا ہے کہ روپیش جھا نے ایک پِک اَپ وین ڈرائیور کے پیسے چھین کر موٹر سائیکل سے بھاگنے کی کوشش کی تھی جس کے بعد ڈرائیور لٹیرا لٹیرا چیخنے لگا۔ اس کی آواز سن کر وہاں گاؤں والوں کی بھیڑ جمع ہو گئی اور سب نے روپیش جھا کو لاٹھیوں سے پیٹنا شروع کر دیا۔

اس واقعہ کے بعد روپیش جھا کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ بھیڑ نے اسے اس وقت پیٹا جب وہ گاڑی کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ انھوں نے ساتھ ہی یہ سوال بھی کیا کہ کیا روپیش جھا کے ذریعہ چھینا گیا روپیہ انھیں ملا؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔