بنگلہ دیش پر تریپورہ سے حاصل بجلی کا 200 کروڑ روپیہ بقایہ، وزیر اعلیٰ مانک ساہا نے دی تفصیلی جانکاری

بنگلہ دیش پر بجلی کے 200 کروڑ کے بقایہ رقم سے متعلق تریپورہ کے وزیر اعلیٰ مانک ساہا نے کہا کہ ’’پڑوسی ملک کو بجلی فراہمی روکنے پر فی الحال کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔‘‘

بجلی، تصویر آئی اے این ایس
بجلی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

شیخ حسینہ کی تختہ پلٹ کے بعد سے ہی محمد یونس کی عبوری حکومت کو روزانہ نئے نئے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ساتھ ہی عبوری حکومت نے اپنے پڑوسی ملک ہندوستان سے اپنے تعلقات کو تقریباً خراب کر لیا ہے۔ ایسے میں بنگلہ دیش کو مستقبل قریب میں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑ سکتا ہے۔ بنگلہ دیش پر صرف ہندوستان کے ایک ریاست تریپورہ کا ہی بجلی کا 200 کروڑ روپے کا بقایہ ہے۔ تریپورہ کے وزیر اعلیٰ مانک ساہا نے پیر کو اس بارے میں جانکاری دی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’پڑوسی ملک کو بجلی کی فراہمی کو روکنے پر فی الحال کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔‘‘

این ٹی پی سی الیکٹرسٹی ٹریڈنگ کارپوریشن لمیٹڈ کے ذریعہ تریپورہ اسٹیٹ الیکٹرسٹی کارپوریشن لمیٹڈ پڑوسی ملک بنگلہ دیش کو 60-70 میگاواٹ بجلی فراہم کرتی ہے۔ اس کے لیے بنلگہ دیش پاور دیولپمنٹ بورڈ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بقایہ رقم کے حوالے سے کہا کہ ’’بنگلہ دیش نے ہمیں بجلی فراہمی کے لیے تقریباً 200 کروڑ روپے ادا نہیں کیے ہیں۔ بقایا رقم روزانہ بڑھ رہا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ وہ اپنا بقایا رقم چکا دیں گے تاکہ بجلی کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔‘‘


وزیر اعلیٰ سے جب یہ سوال کیا گیا کہ اگر بنگلہ دیش بجلی کا بقایا رقم ادا نہیں کرتا ہے تو کیا بجلی کی فراہمی روک دی جائے گی۔ اس کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’اس پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔ تریپورہ میں بجلی پیدا کرنے کا پلانٹ لگانے کے لیے بہت ساری مشینری بنگلہ دیشی علاقے یا چٹاگانگ بندرگاہ کے ذریعے لائی گئی تھی۔ تریپورہ حکومت نے ایک سمجھوتہ کے بعد بنگلہ دیش کو بجلی کی فراہمی شروع کر دی۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’مجھے نہیں معلوم کے اگر وہ بقایا رقم ادا نہیں کرتے ہیں تو ہم بنگلہ دیش کو کب تک بجلی کی فراہمی جاری رکھ پائیں گے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ تریپورہ نے مارچ 2016 میں بنگلہ دیش کو بجلی کی فراہمی شروع کی تھی۔

تریپورہ کے وزیر اعلیٰ نے بنگلہ دیش کے موجودہ حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم سرحد پر باریکی سے نظر رکھ رہے ہیں۔ حالانکہ اگست میں بنگلہ دیش میں ہوئے تختہ پلٹ کے بعد سے کوئی بڑی آمد نہیں ہوئی ہے۔‘‘ واضح ہو کہ تریپورہ شمال، جنوب اور مغرب میں بنگلہ دیش سے گھرا ہوا ہے اور اس کی بین الاقوامی سرحد کی لمبائی 856 کلومیٹر ہے جو اس کی کُل سرحد کا 84 فیصد ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔