امروہہ: شادی کے لیے لگے ٹینٹ سے چھجہ گرا، 2 بچے ہلاک

چھجے کی پرانی کڑیاں ٹینٹ کے پانی کا وزن سنبھال نہ سکیں اور بھربھراکر پورا چھجاصحن میں کھیل رہے بچوں پر آگرا۔

تصویر مہتاب امروہوی
تصویر مہتاب امروہوی
user

ڈاکٹر مہتاب امروہوی

امروہہ: آج کوتوالی امروہہ کے تحت شہر کے محلہ بگلہ واقع امام بارگاہ کا ایک مخدوش حالت کا چھجہ گرنے سے دو بچوں کی موقع پر دردناک موت ہوگئی جبکہ 2دیگر بچے شدید زخمی ہو گئے۔ جن کو امروہہ کے سرکاری اسپتال سے بہتر علاج کے لیے مرادآباد کے ٹی ایم یو میڈیکل کالج بھیجا گیا ہے ۔ موصولہ تفصیل کے مطابق محمد ناظم ساکن چاہ غورکی بیٹی کی شادی کا پروگرام اس امام بارگاہ میں چل رہا تھا، جہاں رات کو دربار کلاں سے بارات آنی تھی ، جس کے لیے شامیانے اور قانات وغیرہ لگائے جارہے تھے ،شادی کے پروگرام کے لیے ٹینٹ کو اس چھجے کے ذریعے باندھا گیا تھا ، بارش ہونے کے سبب کافی پانی بھر گیا ، نتیجے کے طور پر چھجے کی پرانی کڑیاں ٹینٹ کے پانی کا وزن نہ سنبھال سکیں اور بھربھراکر پورا چھجاصحن میں کھیل رہے بچوں پر آگرا، جس سے زماں ولد کامل 16 سال، نوشین فاطمہ بنت عباس علی عمر3 سال کی موقع پر ہی موت ہو گئی جب کے صہبا بنت دلنوازعمر 16 سال اور علی عابدی ولداسلم عمر25 سال سمیت دوافراد شدید زخمی ہو گئے۔

تصویر مہتاب امروہوی
تصویر مہتاب امروہوی

اطلاع ملتے ہی مقامی شہری موقع واردات کی طرف دوڑے اور سب نے مل کر ملبہ ہٹا یا ۔لوگوں نے صہبا اور علی عابدی کو فوراً اسپتال پہنچایا گیا، نوشین فاطمہ اور زماں پہلے ہی دم توڑ چکے تھے ۔حادثے کی اطلاع پاکر ایس ڈی ایم صدر سکھ ویر سنگھ اور چیرپرسن ششی جین کے شوہر اتل کمار جین نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا ۔تاخیر سے ملی اطلاع کے مطابق دونوں مرحوم بچوں کی تدفین دیر رات عمل میں آئی، متوفین کے اہل خانہ نے دونوں کا پوسٹ مارٹم کرانے اور کسی بھی کاروائی سے انکار کرتے ہوئے اس حادثے کواﷲ کی مرضی قراردیا۔

اہل امروہہ نے مرحومین کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی اور اﷲ رب العزت سے دعا کی کہ انھیں صبر جمیل کی دولت سے مالا مال کرے ، حادثے کے بعد امروہہ کی کم وبیش پچھتر فیصد آبادی محلہ بگلہ میں دیر رات تک ان کی تدفین اور تعزیت کے لیے موجود رہی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔