بابر پور ضلع کانگریس کمیٹی نے مہنگائی کے خلاف اٹھائی فلک شگاف آواز

کانگریس کے قدآور لیڈر چودھری متین احمد نے کہا کہ مرکزی و ریاستی حکومتیں غریب عوام کا خون چوس کر سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانا چاہتی ہیں۔

کانگریس لیڈران و کارکنان
کانگریس لیڈران و کارکنان
user

محمد تسلیم

نئی دہلی: رسوئی گیس، پیٹرول، ڈیزل اور سی این جی کی قیمتوں میں روز بروز ہو رہے اضافے کے خلاف کانگریس پارٹی کی جانب سے دہلی کے تمام وارڈوں میں آج زبردست مظاہرہ کیا گیا۔ شمال مشرقی دہلی کے بابر پور، سیلم پور، مصطفی آباد، کراول نگر وغیرہ کے تمام وارڈوں میں پارٹی کارکنان نے گیس سلنڈر لے کر حکومت کے خلاف احتجاج کیا جس کا مقامی لوگوں نے بھی ساتھ دیا۔

ضلع بابر پور کانگریس کمیٹی کے تحت آنے والے پانچوں اسمبلی حلقوں کے بیسوں وارڈوں میں زبردست مظاہرے کیے گئے۔ ضلع کے صدر چودھری زبیر احمد نے بھی ضلع آفس پر سابق رکن اسمبلی چودھری متین احمد کی سرپرستی میں بڑھی قیمتوں کے خلاف مظاہرہ کیا۔ اس مظاہرہ میں دہلی پردیش کانگریس پارٹی کے ڈیلیگیٹ سید ناصر جاوید کے علاوہ ریاض الدین راجو، جمیل ملک، ریاست ساحل، رئیس سلمانی، نوین شرما، ندیم راعین، ماسٹر کشور، شکیل احمد، محمد عارف، یعقوب شیخ، حاجی محمد ہارون، محمد اشتیاق، خالد خان وغیرہ موجود تھے۔


اس موقع پر کانگریس کے قدآور لیڈر چودھری متین احمد نے قومی آواز کے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی و ریاستی حکومتیں غریب عوام کا خون چوس کر سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی اپنے کام کی بنیاد پر کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتی، مگر ملک بھر میں فرقہ وارانہ ماحول پیدا کر کے اپنا فائدہ حاصل کر رہی ہے اور یہاں کے معصوم عوام مکر و فریب کے جال میں پھنس کر اپنا اور اپنے ملک کا مستقبل داؤ پر لگا رہے ہیں۔ لیکن ہم کانگریس پارٹی کے سپاہی اس وقت تک مظاہرہ کرتے رہیں گے جب تک کہ عوام بیدار نہیں ہو جاتے۔

بابر پور ضلع کانگریس کے صدر چودھری زبیر احمد نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نہ صرف مہنگائی بڑھا کر غریب عوام کی کمر توڑنا چاہتی ہے بلکہ نفرت کی سیاست کر کے ملک کی سالمیت کو نیست و نابود کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ضلع بابر پور کے تمام وارڈوں میں کانگریس پارٹی کے کارکنان نے جوش و خروش کے ساتھ مظاہرہ کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی پر لگام لگائیں تاکہ غریب کو بھی خوشحالی کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہو سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔