آسٹریلیائی کرکٹر نے مجھے’اسامہ‘ کہا، یہ واحد ٹیم ہے جو مجھے پسند نہیں: معین علی

انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کو میں اس لیے ناپسند نہیں کرتا کہ وہ ہمارا روایتی حریف ہے، بلکہ اس کو ناپسند کرنے کی وجہ اس کے کھلاڑیوں کا رویہ ہے جو کسی کو عزت نہیں دیتے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

انگلینڈ ٹیم کے مشہور و معروف کرکٹ کھلاڑی معین علی نے آسٹریلیائی کرکٹروں کے رویے اور ان کے ذریعہ اپنے اوپر کیے گئے قابل اعتراض کمنٹ کے تعلق سے انتہائی اہم انکشاف کیا ہے۔ کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ نے اس سلسلے میں معین علی کے حوالے سے کہا ہے کہ 2015 میں ایشیز سیریز کے دوران آسٹریلیا کے ایک کھلاڑی نے انھیں ’اوسامہ‘ کہہ کر بلایا جس سے انھیں بہت تکلیف ہوئی۔

معین علی نے 2015 میں کارڈف میں ہوئے ایشیز سیریز کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں ان کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا گیا جس سے وہ بہت پریشان ہوئے۔ علی نے بتایا کہ اس میچ میں انھوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور پہلی اننگ میں 77 رن بنانے کے علاوہ 5 وکٹ بھی لیے تھے۔ اس کارکردگی کی وجہ سے انگلینڈ کو اس ٹیسٹ میں 169 رنوں سے فتح بھی حاصل ہوئی تھی۔ علی کا کہنا ہے کہ ’’ذاتی کارکردگی کے اعتبار سے میرے لیے وہ ایشیز سیریز بہت کامیاب رہی لیکن اس دوران ایک واقعہ ایسا ہوا جس نے میرا ذہن منتشر کر دیا۔‘‘

واقعہ کے تعلق سے علی بتاتے ہیں کہ ’’میچ کے دوران میدان پر ایک آسٹریلیائی کھلاڑیہ میری طرف مڑا اور بولا ’ٹیک دیٹ اسامہ‘۔ میں یہ سن کر حیران رہ گیا اور مجھے یقین نہیں ہوا۔ میں غصے سے لال ہو گیا۔ اس واقعہ سے پہلے مجھے میدان پر اتنا غصہ کبھی نہیں آیا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’میں نے اپنی ٹیم کے کئی ساتھیوں کو بتایا اور میں سمجھتا ہوں کہ کوچ ٹریور بیلس نے آسٹریلیائی کوچ ڈیرن لیہمن کے سامنے اس بات کو رکھی ہوگی۔ لیکن لیہمن نے جب آسٹریلیائی کھلاڑی سے اس سلسلے میں پوچھا تو اس نے یہ کہتے ہوئے منع کر دیا کہ اس نے مجھے ’ٹیک دیٹ پارٹ ٹائمر‘ کہا تھا۔‘‘

معین علی کا کہنا ہے کہ یہ بات سن کر انھیں بہت حیرانی ہوئی، لیکن میں کچھ نہیں کر سکتا تھا کیونکہ آپ کو کھلاڑی کی بات ماننی ہوتی ہے۔ اس واقعہ سے معین علی اس قدر پریشان ہوئے کہ پورے میچ کے دوران غصے اور ذہنی انتشار کی حالت میں رہے۔ لیکن انگلینڈ کے لیے اچھی بات یہ ہوئی کہ وہ 2015 میں ہوئے اس ایشیز سیریز میں 2-3 سے فتحیاب ہوئی۔

علی نے اپنے اوپر قابل اعتراض کمنٹ کرنے والے آسٹریلیائی کرکٹر کا نام تو ظاہر نہیں کیا لیکن یہ ضرور کہا کہ صرف وہ کھلاڑی نہیں بلکہ آسٹریلیا کا تقریباً ہر کھلاڑی اپنے سامنے والے کی عزت نہیں کرتا۔ انھوں نے آسٹریلیائی ٹیم کو غیر مہذب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ تنہا ٹیم ہے جو مجھے پسند نہیں۔ میں جتنی بھی ٹیموں کے ساتھ کھیلا ہوں ان میں سے آسٹریلیا مجھے بالکل بھی پسند نہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔