انتخابی نتائج: ہندی بیلٹ میں پھر بی جے پی کی بادشاہت، تلنگانہ میں کانگریس نے لہرایا پرچم

<div class="paragraphs"><p>چار ریاستوں کے انتخابی نتائج</p></div>

چار ریاستوں کے انتخابی نتائج

user

قومی آوازبیورو

03 Dec 2023, 10:35 PM

ہندی بیلٹ میں پھر بی جے پی کی بادشاہت، تلنگانہ میں کانگریس نے لہرایا پرچم

لوک سبھا انتخابات سے ٹھیک پہلے بی جے پی نے تین ہندی بیلٹ ریاستوں مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں بڑی جیت کے ساتھ اپنی بادشاہت ایک بار پھر ہندی لسان علاقوں میں ثابت کر دی ہے۔ تلنگانہ سمیت 4 ریاستوں کے انتخابات میں ووٹوں کی آج گنتی ہوئی جس میں بی جے پی کی اہم حریف کانگریس کو راجستھان اور چھتیس گڑھ کے ساتھ ساتھ مدھیہ پردیش میں بھی دھچکا لگا۔ وہ راجستھان اور چھتیس گڑھ میں جہاں اپنی حکومت برقرار نہیں رکھ سکی، وہیں مدھیہ پردیش میں تقریباً دو دہائی کی بی جے پی حکومت کو بھی اقتدار سے بے دخل نہیں کر سکی۔ کانگریس کے لیے اچھی خبر تلنگانہ سے آئی جہاں وہ حکومت تشکیل دینے کی پوزیشن میں ہے۔ کانگریس نے تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد سے مسلسل 10 سال تک حکمراں بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) کا تختہ الٹ دیا ہے۔


مدھیہ پردیش میں بی جے پی نے 163 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ کانگریس نے 66 اور بھارت آدیواسی پارٹی نے ایک سیٹ پر جیت حاصل کی۔ چھتیس گڑھ میں بی جے پی کو 54، کانگریس کو 35 اور گونڈوانا گن تنتر پارٹی کو ایک سیٹ پر کامیابی ملی ہے۔ اسی طرح راجستھان میں بی جے پی نے 115 اور کانگریس نے 69 سیٹیں حاصل کی ہیں، بقیہ 15 سیٹوں پر دیگر پارٹی امیدواروں نے جیت حاصل کی ہے۔ تلنگانہ کی بات کی جائے تو کانگریس نے 64 سیٹیں جیتی ہیں اور بی آر ایس کو محض 39 سیٹوں پر اکتفا کرنا پڑا۔ اس ریاست میں بی جے پی کو 8 سیٹیں اور اے آئی ایم آئی ایم کو 7 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں، جبکہ سی پی آئی کو بھی ایک سیٹ ملی ہے۔

03 Dec 2023, 8:59 PM

راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے گورنر کو سونپا اپنا استعفیٰ

راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے ریاست میں کانگریس کی شکست قبول کرتے ہوئے گورنر کلراج مشرا کو اپنا استعفیٰ نامہ سونپ دیا ہے۔ بی جے پی نے ریاست میں مکمل اکثریت حاصل کر لی ہے اور جلد ہی وہ وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان کر سکتی ہے۔

03 Dec 2023, 6:30 PM

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے. چندرشیکھر راؤ نے اپنا استعفیٰ نامہ راج بھون بھیجا

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے. چندرشیکھر راؤ نے 119 رکنی اسمبلی میں کانگریس کے ذریعہ اکثریت حاصل کرنے کے بعد گورنر تملسائی سندرراجن کو اپنا استعفیٰ بھیج دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جب ووٹوں کی گنتی کے دوران یہ صاف ہو گیا کہ بی آر ایس (بھارتیہ راشٹر سمیتی) اقتدار پر قابض نہیں رہ سکے گی تو کے سی آر نے ایک افسر کے ذریعہ اپنا استعفیٰ راج بھون بھجوا دیا۔


03 Dec 2023, 4:39 PM

چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج پر وزیر اعظم مودی کا ردعمل

راجستھان، مدھیہ پردیش، راجستھان اور تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات کے نتائج پر وزیر اعظم مودی نے پہلا ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سلام! مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ کے انتخابی نتائج بتا رہے ہیں کہ ہندوستان کے لوگوں کا بھروسہ صرف گڈ گورننس اور ترقی کی سیاست پر ہے، ان کا بھروسہ بی جے پی ہے۔

03 Dec 2023, 4:14 PM

تلنگانہ کے لوگوں کا شکریہ، جنہوں نے ہمیں مینڈیٹ دیا، کانگریس صدر کھڑگے کا بیان

کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا، ’’میں تلنگانہ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا، جنہوں نے ہمیں مینڈیٹ دیا۔ میں ان تمام لوگوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے چھتیس گڑھ، ایم پی اور راجستھان میں ہمیں ووٹ دیا۔ ان تینوں ریاستوں میں ہماری کارکردگی میں کوئی شک نہیں لیکن عزم کے ساتھ، ہم ان تینوں ریاستوں میں اپنے آپ کو دوبارہ تعمیر کرنے اور دوبارہ زندہ کرنے کے اپنے مضبوط عزم کی تصدیق کرتے ہیں۔ ہم عارضی جھٹکوں پر قابو پا لیں گے اور انڈیا اتحاد کی جماعتوں کے ساتھ مل کر آنے والے لوک سبھا انتخابات کے لیے خود کو پوری طرح تیار کریں گے۔‘‘


03 Dec 2023, 4:10 PM

کانگریس تلنگانہ میں حکومت بنانے جا رہی ہے: ریاستی انچارج مانک راؤ ٹھاکرے

کانگریس تلنگانہ کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے نے کہا، "آج کانگریس تلنگانہ میں حکومت بنانے جا رہی ہے۔ تلنگانہ کے کارکنوں اور قائدین نے حمایت کی اور کانگریس کو جیت کی طرف لے گئے۔‘‘

03 Dec 2023, 4:07 PM

مدھیہ پردیش کے شاجاپور میں بی جے پی اور کانگریس کارکنان میں جھڑپ

مدھیہ پردیش کے شاجاپور میں بی جے پی اور کانگریس کارکنوں کے درمیان جھڑپ کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ پولیس کو انہیں منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کا استعمال کرنا پڑا۔

شاجاپور کے اے ایس پی ٹی ایس بگھیل نے کہا، ’’گنتی کا عمل پرامن طریقے سے مکمل ہوا۔ کچھ بی جے پی اور کانگریس کے حامی نعرے لگا رہے تھے۔ پولیس فوراً وہاں پہنچی۔ حالات اب پرامن ہیں۔‘‘


03 Dec 2023, 3:17 PM

مسلم خواتین نے بڑی تعداد میں بی جے پی امیدواروں کو ووٹ دیا، ظفر اسلام کا دعوی

بی جے پی کے قومی ترجمان ظفر اسلام نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ضمانت کا جادو مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان میں کام کر گیا اور مسلم خواتین نے بھی بڑی تعداد میں بی جے پی امیدواروں کو ووٹ دیا ہے۔ تلنگانہ میں معلق اسمبلی ہونے کا دعوی کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی صاف ہو گئے ہیں۔

03 Dec 2023, 3:14 PM

ریونت ریڈی کی کوڈنگل سے بھاری فرق سے جیت

تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اے ریونت ریڈی نے کوڑنگل اسمبلی حلقہ سے انتخاب میں بھاری فرق سے کامیابی حاصل کی۔ریونت ریڈی نے بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے موجودہ ایم ایل اے پٹنم نریندر ریڈی کو 32800 ووٹوں سے شکست دی۔


03 Dec 2023, 3:10 PM

’جے شری رام‘ اور ’مودی ہے تو ممکن ہے‘ کے نعرے کے ساتھ بی جے پی کے ہیڈکوارٹر میں کارکنان کا جشن

اسمبلی انتخابات کے نتائج میں تین ریاستوں مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان میں بی جے پی کی جیت یقینی ہونے کے بعد پارٹی کارکنان دہلی میں واقع ہیڈکوارٹر پر جمع ہوئے اور جشن منانا شروع کر دیا۔ پارٹی کارکن 'جے شری رام'، 'بھارت ماتا کی جے' اور 'مودی ہے تو ممکن ہے' کے نعروں کے ساتھ پارٹی ہیڈکوارٹر پر جمع ہوئے اور تینوں ریاستوں میں پارٹی کی جیت کا جشن منایا۔

03 Dec 2023, 2:56 PM

مدھیہ پردیش میں عوام کے پیار کی پرو انکم بنسی تھی: شیوراج چوہان

مدھیہ پردیش میں بی جے پی کی جیت پر وزیر اعلیٰ شیوراج چوہان نے پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’مدھیہ پردیش میں کوئی اینٹی انکم بنسی نہیں تھی۔ مدھیہ پردیش میں عوام کے پیار کی پرو انکم بنسی تھی۔ ہم یقین دلاتے ہیں کو جو وعدے ہم نے کئے ہیں وہ پورے کریں گے۔‘‘


03 Dec 2023, 2:52 PM

تلنگانہ میں کانگریس کو مکمل اکثریت، ایم پی، چھتیس گڑھ اور راجستھان میں بی جے پی کی جیت

مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ اور تلنگانہ میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ تصویر تقریباً صاف نظر آ رہی ہے۔ تلنگانہ کے رجحانات میں کانگریس کو مکمل اکثریت حاصل ہو چکی ہے۔ وہیں مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان میں بی جے پی کی حکومت بنتی نظر آ رہی ہے۔

03 Dec 2023, 2:51 PM

تلنگانہ کے عوام نے فیصلہ کیا ہے کہ اب تبدیلی آنی چاہیے،کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار

کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے کہا، "تلنگانہ کے لوگوں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب تبدیلی آنی چاہیے۔ وہ (ریونت ریڈی) پی سی سی کے صدر اور ٹیم لیڈر ہیں لیکن پارٹی چیف منسٹر کے چہرے پر فیصلہ لے گی۔ میں کے سی آر یا کے ٹی آر پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا، تلنگانہ کے عوام نے انہیں جواب دے دیا ہے۔‘‘


03 Dec 2023, 8:37 AM

کون کہاں سے آگے؟

الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کے مطابق:

* چھتیس گڑھ میں بی جے پی 54 سیٹوں پر، کانگریس 36 سیٹوں پر آگے۔

* مدھیہ پردیش میں بی جے پی 78 سیٹوں پر آگے ہے جبکہ 86 پر اسے جیت حاصل ہو چکی ہے، کانگریس 43 سیٹوں پر آگے ہے اور 22 سیٹوں پر جیت حاصل کر چکی ہے جبکہ دیگر کو 1 سیٹ پر جیت حاصل ہوئی ہے۔

* راجستھان میں بی جے پی 12 سیٹوں پر آگے ہے اور 103 پر جیت چکی ہے، کانگریس 10 پر آگے ہے اور 59 پر جیت حاصل کر چکی ہے، جبکہ دیگر 5 سیٹوں پر آگے ہیں اور 10 سیٹوں پر جیت گئے ہیں۔

* تلنگانہ میں کانگریس 18 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے اور 46 سیٹوں پر جیت حاصل کر چکی ہے، بی آر ایس 17 سیٹوں پر آگے ہے اور 22 سیٹوں پر جیت حاصل کر چکی ہے۔ وہیں، بی جے پی 2 سیٹوں پر آگے ہے اور 6 سیٹ جیت چکی ہے جبکہ اویسی کی اے آئی ایم آئی ایم 5 سیٹوں پر آگے ہے اور 2 سیٹوں پر جیت حاصل ہو چکی ہے۔ ایک سیٹ پر سی پی آئی کو جیت ملی ہے۔

03 Dec 2023, 8:03 AM

انتخابی نتائج: ایم پی، چھتیس گڑھ، راجستھان اور تلنگانہ میں ووٹوں کی گنتی شروع

چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا آج اعلان کیا جائے گا۔ مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ اور تلنگانہ میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے نتائج آج آئیں گے۔ صبح 8 بجے سے ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔