گرفتار موچی سنیل کمار پر پاکستانی خاتون کو فوج سے متعلق خفیہ معلومات شیئر کرنے کا الزام، خفیہ ایجنسی کر رہی پوچھ تاچھ
پاکستانی لڑکی سے تعلق اور ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شبہ میں سنیل کمار رام کئی دنوں سے خفیہ ایجنسیوں کے نشانے پر تھا، اسے بٹھنڈا کینٹ سے حراست میں لیا گیا ہے۔
سنیل کمار رام (تصویر سوشل میڈیا)
ملک کی خفیہ ایجنسی نے پنجاب کے بھٹنڈا سے سنیل کمار رام نامی شخص کو حراست میں لیا ہے۔ اس پر پاکستان کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام ہے۔ اس سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق سنیل کا ایک پاکستانی لڑکی سے تعلق ہے وہ اس سے واٹس ایپ پر چیٹنگ کرتا تھا۔ سنیل کمار رام کا تعلق بہار کے سمستی پور سے ہے۔ خفیہ ایجنسی معاملے کی مختلف زاویے سے تحقیقات کر رہی ہیں۔
پاکستانی لڑکی سے تعلق اور ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شبہ میں سنیل کمار رام کئی دنوں سے خفیہ ایجنسی کے نشانے پر تھا، اسے بھٹنڈا کینٹ سے حراست میں لیا گیا ہے۔ اس کے موبائل سے کئی مشتبہ چیزیں ملی ہیں۔ اس معاملے میں ایک کیس درج کر لیا گیا ہے اور پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں ملزم سے پوچھ گچھ کر رہی ہیں، تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ وہ جاسوسی میں کس حد تک ملوث ہے اور اس کی ملک مخالف سرگرمیوں سے کتنا نقصان ہوا ہے۔
واضح ہو کہ سنیل کمار سمستی پور کے سِہما گاؤں کا رہنے والا ہے۔ وہ پنجاب کے بھٹنڈا میں موچی کا کام کرتا تھا۔ آمدنی کم ہونے کے باوجود وہ ایک عیش و عشرت والی زندگی بسر کرتا تھا۔ گاؤں میں اس کا عالیشان مکان ہے، اس کی گرفتاری سے گاؤں والے کافی حیرت میں ہیں۔ گاؤں کے لوگوں کے مطابق، سنیل کافی غصہ والا آدمی تھا، اس کی اسی فطرت کی وجہ سے گاؤں والے اس سے بہت کم باتیں کرتے تھے۔ اس نے بھٹنڈا میں اپنی زمین لے کر شاندار مکان تعمیر کروایا ہے، جو کسی عالیشان بنگلے سے کم نہیں ہے۔ وہ لگژری گاڑی سے مشتبہ لوگوں کے ساتھ گاؤں آتا تھا، وہ اپنے پاس ایک پستول بھی رکھتا تھا۔ وہ دو بھائی ہے، سنیل کی گرفتاری کے بعد سے اس کے اہل خانہ گھر میں تالا لگا کر فرار ہو گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔