روس کے علاوہ ہندوستان اور امریکہ سمیت دیگر ممالک بھی بنا رہے ہیں کینسر ویکسین، بازار میں کب ہوگی آمد؟
ہندوستان کے کئی میڈیکل کالجوں میں کینسر ویکسین پر تحقیق جاری ہے۔ ’سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا‘ نے اس میں کامیابی بھی حاصل کی ہے، جس کی ویکسین ’اینڈومیٹریال کینسر‘ میں کافی مددگار ہے۔

موجودہ وقت میں کینسر تیزی کے ساتھ انسانوں کو اپنی زد میں لے رہا ہے۔ پہلے یہ بڑی عمر کے لوگوں میں زیادہ ہوتا تھا، لیکن ان دنوں کم عمر کے لوگ بھی اس کی زد میں ہیں۔ اگر آسان لفظوں میں کہا جائے تو عورت سے لے کر مرد تک ہر کوئی کینسر سے پریشان ہے۔ ساتھ ہی اس کے علاج میں کافی خرچ آتا ہے۔ اس بیماری سے ہر سال بڑی تعداد میں لوگوں کی موت ہو رہی ہے۔ اب اس بیماری سے نمٹنے کے لیے روس نے ویکسین تیار کر لی ہے۔ یہ ویکسین اگر انسانوں پر مکمل طور سے کامیاب ہوتی ہے تو یہ انسانی تہذیب کی عظیم دریافتوں میں سے ایک ہوگی۔ اب تک ایم آر این اے پر مبنی ویکسین ’اینٹیرومکس‘ کو پری کلینیکل ٹرائلس میں 100 فیصد تک موثر اور محفوظ ثابت قرار دیا گیا ہے۔ اس ویکسین کو روس کے نیشنل میڈیکل ریسرچ ریڈیولوجی سنٹر اور روس کے ہی اکیڈمی آف سائنس کے اینگل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ آف مالیکیولر بایولوجی نے ساتھ مل کر تیار کیا ہے۔
ویکسین کا کلینیکل ٹرائل 48 رضاکاروں کے ساتھ کیا گیا ہے، جس کا اعلان سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم (ایس پی آئی ای ایف 2025) میں 18 سے 21 جون کے دوران کیا گیا تھا۔ ٹرائل کے بعد فیڈرل میڈیکل اینڈ بائیلوجیکل ایجنسی کی جانب سے یہ جانکاری فراہم کی گئی ہے کہ ’’اب یہ ویکسین کلینیکل استعمال کے لیے مکمل طور سے تیار ہے۔‘‘ رپورٹس کے مطابق یہ ایک ایم آر این اے پر مبنی ویکسین ہے، جسے ہر انسان کے آر این اے کی بنیاد پر خاص طور پر تیار کیا جائے گا۔ رپورٹ میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ ویکسین قوت مدافعت کو مضبوط کرتی ہے، تاکہ وہ کینسر کے سیلس کو ختم کرنے میں مددگار ہو۔ اس کا پہلا ویریئنٹ کولوریکٹل کینسر کے لیے تیار کیا گیا ہے، ساتھ ہی آنے والے بقیہ ویریئنٹ گلیوبلاسٹوما اور میلانوما کے لیے ہو سکتے ہیں۔
اب ٹرائل کے بعد ویکسین کو ریگولیٹری منظوری کا انتظار ہے۔ ایک بار جیسے ہی اسے منظوری مل جاتی ہے اس کے بعد اسے لوگوں کے لیے دستیاب کرا دیا جائے گا۔ ساتھ ہی یہ ’انٹرومیکس‘ دنیا کی پہلی ایم آر این اے کینسر ویکسین کے طور پر اپنا نام تاریخ میں درج کرائے گی۔ اس سے نہ صرف روس بلکہ دنیا کے لاکھوں لوگوں کو ایک امید ہے جو کینسر سے جنگ لڑ رہے ہیں۔ یہ میڈیکل سائنس کے شعبہ میں کسی اہم کامیابی سے کم نہیں ہونے والی ہے۔ آئیے ذیل میں جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ روس کے علاوہ کون کون سا ملک کینسر کی ویکسین بنا رہا ہے۔
1. امریکہ
روس کے علاوہ اگر کسی ملک کا نام اس فہرست میں پہلے نمبر پر آئے گا تو وہ ہے امریکہ۔ امریکہ میں کینسر ویکسینیشن کے شعبہ میں سب سے زیادہ تحقیق کی جا رہی ہے۔ نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ (این سی آئی) اور دیگر بڑے ادارے ایم آر این اے پر مبنی کینسر ویکسنیشن پر کام کر رہی ہے۔ ماؤنٹ سینائی میڈیکل سینٹر نے پی جی وی 100 نامی ذاتی کینسر ویکسین کا فیز1 ٹرائل کامیابی کے ساتھ مکمل کیا ہے، جو تمام طرح کے کینسر کے خلاف مضبوط مدافعتی رد عمل پیدا کرتا ہے۔
2. چین
چین میں بھی کینسر ویکسنیشن کے لیے کئی کلینیکل ٹرائلز چل رہے ہیں۔ حالانکہ ان ٹرائلز کی تعداد امریکہ کے مقابلے میں کم ہے، پھر بھی چین نے کینسر کی کچھ اقسام کے لیے ویکسین تیار کی ہے۔ مثال کے طور پر سروائیکل کینسر کے لیے کچھ ویکسین منظور کی گئی ہیں۔
3. آسٹریلیا
آسٹریلیا میں بھی کینسر ویکسنیشن کے شعبے میں اہم تحقیق جاری ہے۔ کِرس اوبرائن لائف ہاؤس میں قائم ’رچرڈ اسکولر چیئر اِن برین کینسر ریسرچ‘ نامی پہل کے ذریعے دماغی کینسر کے لیے امیونو تھراپی پر تحقیق کی جا رہی ہے۔ اگر یہ تحقیق کامیاب ہو جاتی ہے تو یہ دماغی کینسر کے شعبے میں ایک بڑی دریافت ہو گی۔
4. فرانس
فرانس کی بایوٹیک کمپنی ٹرانسجین نے ٹی جی 4050 نامی ایک ذاتی نوعیت کی کینسر ویکسین تیار کی ہے، جو سر اور گردن کے کینسر کے علاج کے لیے فیز2/1 ٹرائل میں ہے اور فیز3 کے لیے منظوری دے دی گئی ہے۔ یہ ویکسین مریض کے انفرادی ٹیومر کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔
5. ہندوستان
ہندوستان بھی ان ممالک کی فہرست میں شامل ہے جہاں کینسر کی ویکسین یا ادویات کے لیے تحقیق جاری ہے۔ ہندوستان کے کئی میڈیکل کالجوں و دیگر اداروں میں اس پر تحقیق کی جا رہی ہے۔ ’سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا‘ نے اس ضمن میں میں کامیابی بھی حاصل کی ہے، جس کی ویکسین ’اینڈومیٹریال کینسر‘ میں کافی مددگار ہے۔ یہ کینسر خواتین میں کینسر سے ہونے والی اموات کی اہم وجوہات میں سے ایک ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔