’بی جے پی واپس جاؤ‘ پوسٹروں کے بیچ امت شاہ کا بنگال دورہ

امت شاہ کے دورے کے پیش نظر بی جے پی نے جہاں ان کے استقبال میں پوسٹر لگائے ہیں وہیں ٹی ایم سی نے ’اینٹی بنگال بی جے پی گو بیک‘ کے پوسٹر چسپاں کیے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی صدرامت شاہ آج بنگال کے دورے پر ہیں، بی جے پی کی طرف سے ان کے استقبال کی پوری تیاری کی گئی۔ دوسری طرف ٹی ایم سی (ترنمول کانگریس ) کی طرف سے آسام این آر سی معاملہ پر احتجاج کیا جا رہا ہے۔ ٹی ایم سی نے آج بی جے پی کے خلاف ’دھتکار دیوس ‘ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

امت شاہ کی کولکاتہ ریلی پر سب کی نگاہیں ٹکی ہوئی ہیں۔ دورے کے پیش نظر امت شاہ نے ٹوئٹ کیا ’’میں بھارتیہ جنتا یوا مورچہ کی جانب سے کولکاتہ میں منعقد ’ یواسوابھیمان سماویش‘ سے خطاب کروں گا۔‘‘

وہیں، مغربی بنگال میں حکمراں ترنمول کانگریس نے امت شاہ کی ریلی کے مقام کے قریب بی جے پی لیڈروں کے خلاف پوسٹر چسپاں کئے ہیں جن پر ’’بنگال مخالف بھاجپا واپس جاؤ‘‘ جیسے نعرے لکھے نظر آ رہے ہیں‘‘۔

دریں اثنا ہاوڑہ میں ٹی ایم سی کارکنان نے ریلی کی مخالفت کرتے ہوئے امت شاہ کا پتلا نذر آتش کیا اوران کے خلاف نعرے بازی کی۔

امت شاہ کی ریلی میں شامل ہونے کے لئے کولکاتہ آ رہے بی جے پی کارکنان کی ایک بس پر بھی حملہ کیا گیا ہے، میڈیا رپورٹوں کے مطابق جمعہ کی شب کولکاتہ جا رہی ایک بس پر مغربی مدنا پور کے چندرکورمیں حملہ کیا گیا۔

مغربی بنگال پردیش بی جے پی صدر دلیپ گھوش نے ترنمول کانگریس کے پوسٹر مہم کو مسترد کردیا اور اسے ممتا بنرجی کی گھبراہٹ قرار دیا ۔انہوں نے کہا،’’یہ تو صرف ریاست کے عوام فیصلہ کریں گے کہ کون رہے گا اور کون جائے گا۔ ترنمول کانگریس کے بس گنتی کے دن رہ گئے ہیں۔ یہاں کے لوگ شفاف انتظامیہ کے لئے انتظار کر رہے ہیں‘‘۔

دوسری طرف ترنمول کانگریس لیڈر ڈیریک اوبرائن نے امت شاہ کی ریلی کو لے کر پارٹی پر لگے الزامات کو مستردکردیا ہے۔ انہوں نے کہا’’یواسوابھیمان سماویش‘ ریلی کے لئے نیک خواہشات‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔