تیجس حادثہ میں پائلٹ نمانش کی موت کے باوجود ’دبئی ایئر شو‘ جاری رہنے سے امریکی پائلٹ ہوا ناراض، اپنا پروگرام کیا رَد

’دبئی ایئر شو 2025‘ میں جمعہ کو المختوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہندوستانی فضائیہ کا تیجس جنگی طیارہ ایک نمائش کے دوران حادثہ کا شکار ہو گیا اور زمین پر گرتے ہی طیارہ میں آگ لگ گئی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ’ایکس‘،&nbsp;<a href="https://x.com/sarcastic_us">@sarcastic_us</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

گزشتہ دنوں ’دبئی ایئر شو 2025‘ کے دوران ہندوستانی فضائیہ کا جنگی طیارہ تیجس حادثہ کا شکار ہو گیا تھا، اور اس حادثہ میں وِنگ کمانڈر نمانش سیال کی موت ہو گئی تھی۔ اس دردناک حادثہ کے باوجود دبئی ائیر شو جاری رہا تھا، جس پر امریکی فضائیہ کے پائلٹ میجر ٹیلر ’فیما‘ ہائسٹر نے اپنی سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ انھوں نے حادثہ کے بعد بھی ایئر شو جاری رکھنے سے متعلق منتظمین کے فیصلے پر حیرانی ظاہر کی اور اپنا پروگرام رَد کر دیا۔

دراصل دبئی ایئر شو میں گزشتہ جمعہ کو المختوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ تیجس ایک نمائش کے دوران حادثہ کی زد میں آ گیا اور زمین پر گرتے ہی وہ آگ کے گولے میں تبدیل ہو گیا۔ اس طیارہ میں سوار وِنگ کمانڈر نمانش سیال خود کو بہ حفاظت باہر نکالنے میں کامیاب نہیں ہو پائے، جس سے ان کی موت ہو گئی۔ اس کے باوجود ایئر شو جاری رہا۔ اس بارے میں میجر ہائیسٹر نے پائلٹ، ان کے ساتھی اہلکاروں اور اہل خانہ کے تئیں اپنا احترام ظاہر کرتے ہوئے اپنی آخری نمائش کو منسوخ کر دیا اور کنوینرس کے ذریعہ ایئر شو جاری رکھنے کے فیصلہ پر ناراضگی ظاہر کی۔


امریکی پائلٹ نے ہفتہ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس بارے میں اہم جانکاری شیئر کی۔ انھوں نے لکھا کہ ’’کل دبئی ایئر شو کے آخری دن ہندوستانی فضائیہ کے وِنگ کمانڈر نمانش سیال تیجس میں اسٹنٹ مظاہرہ کرتے ہوئے شہید ہو گئے۔ ہماری ٹیم بھی اپنی نمائش کی تیاری کر رہی تھی۔ کنوینرس نے یہ حیرت انگیز فیصلہ لیا کہ پرواز کی نمائش جاری رہے گی۔ ہماری ٹیم نے کچھ دیگر ٹیموں کے ساتھ مل کر احترام میں اپنی آخری نمائش رد کرنے کا فیصلہ کیا۔ شہید پائلٹ، ان کے ساتھیوں اور اہل خانہ کے تئیں احترام میں۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’میں شاید ایک یا 2 گھنٹے بعد شو والی جگہ سے گزرا، یہ امید کرتے ہوئے کہ یہ خالی، پرسکون یا بند ہوگا۔ لیکن ایسا کچھ نہیں تھا۔‘‘

ہائیسٹر نے کہا کہ حادثہ کے باوجود بھی اناؤنسر پُرجوش بنا رہا، بھیڑ بھی جوشیلے انداز میں اگلے روٹین کو دیکھتی رہی اور شو کے اختتام اسپانسرز اور فنکاروں کو مبارکباد نوٹ کے ساتھ ہوا۔ امریکی پائلٹ نے کہا کہ میرے لیے یہ تصور کرنا مشکل تھا کہ میری ٹیم میرے بغیر ہی شو والی جگہ سے باہر نکل کر ٹریک پر جا رہی ہے اور اگلا فنکار تیاری کر رہا ہے۔ ’شو جاری رہنا چاہیے‘، یہی وہ ہمیشہ کہتے ہیں اور وہ اس معاملے درست ہیں، لیکن بس یاد رکھنا کہ آپ کے جانے کے بعد بھی کوئی یہی کہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔