اعظم خان نے امر سنگھ کی بیٹیوں پر تیزاب پھینکنے کی دھمکی دی، ایف آئی آر درج

امر سنگھ کا کہنا ہے کہ اعظم خان نے ایک ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں ان پر اور ان کی 17 سالہ جڑواں بیٹیوں پر تیزاب پھینکنے کی بات کہی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

راجیہ سبھا رکن امر سنگھ نے بدھ کے روز سماجوادی پارٹی کے مشہور و معروف لیڈر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعظم خان کے خلاف مبینہ طور پر ان کی بیٹیوں پر تیزاب پھینکنے کی دھمکی دینے سے متعلق پولس میں تحریری شکایت دی ہے۔ اس شکایت کے پیش نظر پولس نے اعظم خان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لیا ہے۔ پولس ذرائع کے مطابق لکھنؤ کے گومتی نگر تھانہ میں یہ ایف آئی آر درج کیا گیا۔

دراصل امر سنگھ کا کہنا ہے کہ اعظم خان نے ایک ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں ان کی بیٹیوں پر تیزاب پھینکنے کی بات کہی تھی۔ انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ ’’میں نے اپنی بیٹیوں پر تیزاب پھینکنے کی دھمکی دینے کے معاملے میں اعظم خان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لیے گومتی نگر پولس تھانہ میں عرض داشت دیا تھا۔‘‘ امر سنگھ نے دعویٰ کیا کہ ایک انٹرویو کے دوران ان پر اور ان کی 17 سالہ جڑواں بیٹیوں پر تیزاب پھینکنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ اس تعلق سے انھوں نے گزشتہ 30 اگست کو رام پور میں تذکرہ بھی کیا تھا۔ رام پور میں انھوں نے اعظم خان سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کی ’بَلی‘ لے لیں لیکن ان کی بیٹیوں کو کچھ نہ کریں۔

قابل ذکر ہے کہ امر سنگھ اس سے قبل بھی اعظم خان کے خلاف کئی معاملوں میں اپنی ناراضگی ظاہر کرتے رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر چل رہی ’می ٹو‘ مہم کو لے کر بھی انھوں نےا عظم خان کو نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ اگر بالی ووڈ اداکارہ جیہ پردا اس مہم میں آگے آئیں تو اعظم خان جیسے لوگ جیل جا سکتے ہیں۔ حالانکہ ساتھ ہی امر سنگھ نے خود کو بھی ’می ٹو‘ سے خطرہ ظاہر کیا تھا اور کہا تھا کہ جیسے حالات بن رہے ہیں اس میں تو کوئی مجھے بھی ’می ٹو‘ کا شکار بنا لے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Oct 2018, 9:08 AM