مرنال پانڈے خصوصی ادارتی مشیر اور ظفر آغا نیشنل ہیرالڈ گروپ کے مدیر اعلیٰ مقرر

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

’دی ایسوسی ایٹیڈ جرنلز لمیٹڈ‘ (اے جے ایل )نے سینئر صحافی مرنال پانڈے کو نیشنل ہیرالڈ گروپ کا خصوصی ادارتی مشیر اور معروف صحافی ظفر آغا کو مدیر اعلی مقرر کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اے جے ایل نے سال 2016 میں نیشنل ہیرالڈ کی ویب سائٹ نیلابھ مشرا کی ادارت میں شروع کی تھی جس کے بعد اردو میں قومی آواز اور ہندی میں نوجیون کی ویب سائٹ سال 2017شروع ہوئیں۔ نیشنل ہیرالڈ کا انگریزی ہفت روزہ ’نیشنل ہیرالڈ سنڈے‘ بھی نیلابھ مشرا کی ادرات میں شروع کیا گیا تھا۔ اب مرنال پانڈے قومی آواز، نیشنل ہیرالڈ اور نوجیون کی خصوصی ادارتی مشیر ہوں گی اور تمام ادارتی ذمہ داریاں ظفر آغا ادا کریں گے۔

پدم شری مرنال پانڈے گزشتہ پانچ دہائیوں سے صحافت سے وابستہ ہیں۔ وہ ’ہندوستان ٹائمز‘ کی تمام ہندی اشاعتوں کی، جس میں روزنامہ ’ہندوستان‘، ماہنامہ ’کادمبنی‘ اور بچوں کی میگزین ’نندن‘ شامل ہیں اس کی گروپ ایڈیٹر رہ چکی ہیں۔ وہ اس سے قبل ’واما‘ کی مدیر اور این ڈی ٹی وی و دوردرشن کی سینئر ادارتی مشیر بھی رہی ہیں۔ مرنال پانڈے ہندوستان کی پہلی خاتون ہیں جو کسی قومی روزنامہ کے کئی ایڈیشن کی ایڈیٹر ان چیف رہی ہیں۔ وہ ’پرسار بھارتی‘ کی چیئرپرسن رہیں اور انڈین وومنس پریس کورپس کی بانیوں میں سے ہیں۔ مرنال پانڈے نے ہندی اور انگریزی میں ناول، چھوٹی کہانیاں اور مضامین و کالم تحریر کیے ہیں۔ انھوں نے انگریزی اور ہندی کی کئی کتابوں کی مصنفہ بھی ہیں۔ صحافتی خدمات کے لیے ان کو ’پدم شری‘ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے اور بمبئی پریس کلب کی جانب سے ان کو ’ریڈ اِنک ایوارڈ‘ بھی دیا گیا ہے۔ مرنال پانڈے نیشنل ہیرالڈ گروپ میں اپنی ذمہ داری یکم اپریل سے سنبھالیں گی۔

معروف صحافی ظفر آغا نے اپنی 30 سالہ صحافتی زندگی میں ملک کے کئی بڑے اداروں میں صحافتی ذمہ داریاں انجام دی ہیں۔ معروف صحافی اور بے باک کالم نگار ظفرآغا نے اپنا صحافتی سفر انگریزی میگزین ’لنک‘سے شروع کیا تھا اور اس کے بعد انہوں نے ’بزنس اینڈ پالیٹیکل آبزرور، انڈیا ٹو ڈے اور پیٹریوٹ ‘ میں کام کیا۔ ظفر آغا نے جہاں بیرون ممالک کے اخباروں کے لئے کالم لکھے وہیں ای ٹی وی پر ان کا ہفت روزہ پروگرام ’گفتگو‘ اردو سامعین میں بہت مقبول تھا۔

واضح رہے کہ ایسوسی ایٹیڈ جرنلز لمیٹیڈ (اے جے ایل) ایسا نظریہ رکھنے والی کمپنی ہے جو کوئی بھی فائدہ یا منافع اپنے اراکین میں تقسیم نہیں کرتی ہے۔ اس ادار ہ کا مقصد تجارت کو فروغ دینا نہیں ہے۔اس کے بجائے یہ اعلیٰ سطح پر عوامی مفاد کے لیے کام کرنے میں یقین رکھتی ہے۔ یہ اقدار کے تحفظ میں ہمیشہ کوشاں رہتا ہے جس کے لیے ہمہ وقت پرعزم ہے۔ اے جے ایل کی اشاعتیں اور ویب سائٹس انہی اصول و نظریات کی ترجمانی کرتی ہیں جس کی بنیاد ہمارے بانی جواہر لال نہرو نے ڈالی تھی۔

اس سلسلے میں یہ بتانا ضروری ہے کہ قومی آواز کا اجراء 1945 میں جواہر لال نہرو کے ہاتھوں بطور روزنامہ اخبار کی شکل میں ہوا تھا۔ اس کا مقصد ہندوستان کی تحریک آزادی میں اہم کردار ادا کرنا تھا۔ اخبار نے جواہر لال نہرو کے نقطۂ نظر اور تحریک آزادی کے اصل مقاصد کو سب کے سامنے پیش کیا، جس کا مقصد جدید، جمہوری، منصفانہ، لبرل، سماجی ہم آہنگی اور فرقہ واریت سے پاک ملک کی تعمیر تھا۔ اپنے سنہرے دور حتیٰ کہ آزادی کے بعد کی دہائیوں میں بھی نیشنل ہیرالڈ گروپ آف نیوز پیپرس، بشمول ’نیشنل ہیرالڈ‘ (انگریزی) اور ’نو جیون‘ (ہندی) نے اپنی آواز کو ایک ایسے ملک کی تعمیر کے لیے بلند رکھا تاکہ عالمی امن، استدلال و سائنسی مزاج قائم ہو۔ یہی بانی کا عزم تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Mar 2018, 3:22 PM